Vinkmag ad

کھٹے ڈکار کیوں آتے ہیں، روکیں کیسے

ہمارے معدے میں موجود گیس ڈکار یا ریح کے ذریعے خارج ہوتی ہے۔ کھانے پینے کے بعد ڈکار آنا معمولی بات ہے۔ اگر ان کی بو خراب انڈے کی طرح ہو تو اس کیفیت کو عام بول چال میں کھٹے ڈکار آنا کہتے ہیں۔ اس بو کا سبب ہائیڈروجن سلفائیڈ گیس ہوتی ہے جو کھانے کی توڑ پھوڑ کے دوران پیدا ہوتی ہے۔ کھٹے ڈکار کیوں آتے ہیں اور انہیں روکیں کیسے، آئیے جانتے ہیں۔

کھٹے ڈکار کیوں آتے ہیں

اگر یہ مسئلہ کبھی کبھار ہو تو پریشانی کی بات نہیں۔ بار بار ہو اور زیادہ وقت تک رہے تو یہ معدے کے کسی مسئلے کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے۔

اس کی یہ وجوہات میں تیز تیز کھانا کھانا، بہت تیزی سے پانی یا کوئی مشروب پینا، کھاتے ہوئے بات چیت کرنا، تمباکونوشی کرنا اور ٹافیاں یا چیونگ گم چبانا شامل ہیں۔ کچھ مخصوص ادویات اور معدے کی کچھ بیماریاں مثلاً گیسٹرائٹس، تیزابیت، آئی بی ایس (Inflammatory bowel syndrome)، بدہضمی، معدے میں انفیکشن ،سیلئک ڈیزیز اور فوڈ پوائزننگ بھی اس کا سبب بن سکتی ہیں۔

کھٹے ڈکار کو روکنے کے لیے ٹِپس

یہ کیفیت زیادہ تر صورتوں میں معمولی ہوتی ہے۔ اس سے نپٹنے میں یہ ٹِپس مفید ثابت ہوسکتی ہیں:

٭سبز چائے، بابونہ یا پودینے کا قہو ہ بنا کر پیئیں۔

٭زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں۔ پانی بیکٹیریا کی غیر معمولی نشوونما کو کنٹرول کرنے اور ہاضمے کے عمل کو بہتر کرنے میں مدد دے گا۔

٭جب تک یہ مسئلہ ہو تب تک زیادہ سلفر کے حامل کھانوں مثلاً چکن، مچھلی، گوشت، انڈوں، پنیر اور دودھ سے پرہیز کریں۔

٭زیادہ گیس پیدا کرنے والے کھانوں مثلاً دالوں، پھلیوں، بروکلی اور گوبھی وغیرہ سے پرہیز کریں۔

٭واک کریں یا تھوڑی ورزش کر لیں۔ اس سے جسم میں گیس زیادہ تیزی سے حرکت کرے گی اور آرام ملے گا۔

٭پروبائیوٹکس کے حامل کھانے مثلاً دہی وغیرہ کھائیں۔ اس سے ہاضمے کے لئے مفید بیکٹیریا کی نشوونما ہوگی اور مسئلہ حل ہو جائے گا۔

بچاؤ کے لیے ہدایات

یہ ٹِپس اس کیفیت سے بچاؤ اور ہو جائے تو نپٹنے میں مدد دیں گی:

٭ایک ہی وقت میں بہت زیادہ نہ کھائیں بلکہ وقفے سے تھوڑا تھوڑا کھائیں۔

٭کھانہ آہستہ آہستہ کھائیں اور اس دوران بات نہ کریں۔

٭سوڈا اور دیگر کولا مشروبات پینے سے گریز کریں۔

٭زیادہ میٹھے کھانے نہ کھائیں۔ بعض افراد کو ان سے بھی گیس ہوتی ہے۔

٭پروسیسڈ کھانے بالکل نہ کھائیں۔

٭چیونگ گم اور ٹافیاں نہ کھائیں۔

٭تمباکونوشی یا شراب نوشی سے بھی گریز کریں۔

بہت زیادہ ڈکار آرہے ہوں، تین سے زیادہ دن تک قائم رہیں اور ساتھ سینے میں درد، بخار، متلی، قے اور ڈائریا وغیرہ ہو تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

حمل میں متلی اور قے کی شکایت

Read Next

بزرگوں کے لیے توانائی بخش غذائیں

Leave a Reply

Most Popular