اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ (یو این پی ایف اے) نے دنیا میں آبادی کی صورتحال پر سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔ اس کے مطابق پاکستان میں دوران زچگی ہر 50 منٹ میں ایک خاتون کا انتقال ہو جاتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تولیدی صحت کی سہولیات تک خواتین کی رسائی محدود ہے۔ ان سہولیات میں مانع حمل ادویات، محفوظ زچگی اور جنسی اور تولیدی صحت کی خدمات شامل ہیں۔ دیہی علاقوں میں یہ سہولیات مزید کم ہیں۔ پاکستان میں اس ضمن میں پیش رفت انتہائی سست روی کی شکار ہے۔ اگر بہتری کی رفتار یہی رہی تو دوران زچگی اموات کے مکمل خاتمے میں 122 سال لگیں گے۔ اسی طرح فیملی پلاننگ کی ضروریات پوری کرنے میں بھی 93 سال لگیں گے۔
پاکستان میں خواتین کے پاس اپنی صحت سے متعلق فیصلوں کا اختیار بھی محدود ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہر تین میں سے صرف ایک عورت اپنی جنسی اور تولیدی صحت کے حوالے سے فیصلے خود کر سکتی ہے۔
پاکستان میں یو این پی ایف اے کی سربراہ ڈاکٹر لوے شبانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 50 فیصد سے زائد آبادی 19 سال سے کم عمر ہے۔ اگر نوجوانوں کو اچھی صحت، تعلیم اور مواقع نہ دیے گئے تو ترقی کا ایک بڑا موقع ضائع ہو جائے گا۔
پاکستان میں دوران زچگی ہر 50 منٹ میں ایک خاتون کا انتقال افسوسناک ہے۔ صورت حال کی بہتری کے لیے 122 سال انتظار نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے کو ترجیحات میں نمایاں مقام دے۔