Vinkmag ad

لوگ مٹی کیوں کھاتے ہیں

لوگ مٹی کیوں کھاتے ہیں

بعض اوقات خواتین مٹی ،چاک یا کچے چاول وغیرہ کھانا شروع کر دیتی ہیں۔ اس قسم کی چیزیں کھانے کی چاہ حمل میں خاص طورپرزیادہ ہوتی ہے۔ اسی طرح چھوٹے بچوں کو بھی اکثراوقات مٹی وغیرہ کھانے کی عادت پڑ جاتی ہے۔ اس غیر فطری کھانے کی طلب میں انسان وہ چیزیں (مثال کے طورپرکاغذ،چکنی مٹی‘ پینٹ‘ دھات،چونا،کچے چاول،شیشہ اورریت وغیرہ)کھانے لگتا ہے جو غذاکا حصہ نہیں ہوتیں۔

پکا کیا ہے

غیر خوردنی چیزیں کھانے کی طلب اگرایک ماہ سے زیادہ عرصے تک برقرار رہے تواسے پکا(pica)کہا جاتاہے۔ یہ اصطلاح لاطینی لفظ میگ پائی(magpie)سے نکلا ہے۔ یہ ایک پرندے کا نام ہے جس کی وجہ شہرت ہرچیزکھاجانا ہے۔ یہ مسئلہ زیادہ ترعورتوں اور بچوں میں ہوتا ہے۔

1991 میں سعودی عرب میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ وہاں کی 8.8 فی صد حاملہ خواتین میں یہ مسئلہ موجود ہے ۔ اسی طرح 1994 میں امریکہ میں مقیم 8.1 فی صد عورتیں دوران حمل منجمد اشیاء کھانے کی خواہش کے باعث پکا کا شکار پائیں گئیں۔ اسی طرح افریقہ کی دو مختلف آبادیوں میں غذائیت کی کمی کی وجہ سے اوٹ پٹانگ چیزیں کھانے کی طلب 63.7 اور 74 فی صد حاملہ عورتوں میں موجود تھی۔

بچوں میں مختلف چیزیں منہ میں ڈالنے کا رحجان زیادہ پایا جاتا ہے جس کی شرح ایک سال تک کی عمر کے بچوں میں 75 فی صد جبکہ دو سے تین ماہ تک کے بچوں میں 15 فی صد ہے۔ واضح رہے کہ پکا کا تعلق کھانے کے لئے پیدا ہونے والی چاہ سے ہے، چیزیں اٹھا کر منہ میں ڈالنے سے نہیں۔

مرض کی وجوہات

نفسیات کی اصطلاح میں اسے ذہنی ڈس آڈرز کا نتیجہ مانا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق او سی ڈی(obsessive compulsive disorder)اور شیزو فرینیا جیسی ذہنی بیماریاں اس کی وجہ بن سکتی ہیں۔ بعض اوقات پکا کا تعلق مقامی رہن سہن سے بھی ہوتا ہے۔ کچھ تحقیقات میں پکا کا تعلق نمکیات کی کمی کے ساتھ ظاہرہوا ہے۔ آغا خان ہسپتال کراچی کی ماہرغذائیت موتی خان کے مطابق

آئرن اورزنک کی کمی سے بھی پکا ہوسکتا ہے۔ دورانِ حمل خواتین کے ہارمونزمیں اتارچڑھاﺅ زیادہ ہوتا ہے۔ اس دوران اکثر اوقات انہیں خون کی کمی بھی ہوجاتی ہے۔ انہی وجوہات کی بناء پروہ اس ڈس آڈر کا شکار ہو جاتی ہیں۔

پکا کی تشخیص

پکا کی تشخیص کے لئے اکثرخون کا ٹیسٹ کرایا جاتا ہے تا کہ واضح ہو سکے کہ یہ مسئلہ خون کی کمی کے باعث تو نہیں ہو رہا۔ ڈاکٹر اس قسم کے مریضوں کا مکمل طبی معائنہ کرتا ہے اورگزشتہ میڈیکل ریکارڈ بھی دیکھتا ہے۔ اس ڈس آرڈر سے جڑے دیگر مسائل مثلاً ذہنی پسماندگی، او سی ڈی وغیرہ کو بھی جانچا جاتا ہے۔ بعض اوقات ایکسرے بھی کرائے جاتے ہیں تاکہ پیٹ میں ممکنہ رکاوٹ کو دیکھا جا سکے۔ مزید برآں ڈاکٹر ممکنہ انفیکشنز کے ٹیسٹ بھی کروا سکتا ہے۔ موتی خان کے مطابق

ہمارے ہاں غذائیت کی قلت اورخون کی کمی جیسے مسائل عام ہیں ۔اس لئے ایسے مریضوں کا سب سے پہلے خون کا ٹیسٹ کرانا چاہئے تاکہ آئرن، زنک اورآئیوڈین وغیرہ کی کمی معلوم ہو سکے۔

علاج کے امکانات

 آئرن اوردیگر نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ملٹی وٹامنز تجویز کئے جاتے ہیں۔ مریض کی صور ت حال دیکھتے ہوئے سائیکالوجسٹ کو بھی علاج میں شامل کرنا پڑسکتا ہے۔ اس میں فیملی کا کردارمریض کو اس غیر معمولی رویے سے دوررکھنے کے لئے اہم ہے۔ غرضیکہ ڈاکٹر،سائیکالوجسٹ اور فیملی تینوں اس کے علاج میں یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ اگر اس مسئلے کا شکار فرد کسی ذہنی بیماری یا پسماندگی کا شکار ہو تو علاج تھوڑا مشکل ہوجاتا ہے۔

متوقع پیچیدگیاں

٭پینٹ سے سیسہ(lead)اور دیگرزہریلی چیزیں معدے جگراور دماغ کو متاثر کرسکتی ہیں ۔

٭غیر خوردنی چیزیں کھانا صحت بخش خوراک کھانے میں رکاوٹ بن سکتا ہے جس کے باعث غذائی کمی ہو سکتی ہے۔

٭ایسی اشیاء(مثلاً پتھر وغیرہ) جو ہضم نہیں ہوسکتیں انہیں کھانے سے قبض کی شکایت ہو سکتی ہے۔یہ معدے یاپیٹ میں رکاوٹ کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔
٭مٹی اورریت میں موجود جراثیم اورپیراسائٹس سے سنگین انفیکشنزکا خطرہ ہوتا ہے جو جگراورگردوں کی کارکردگی کومتاثر کرسکتے ہیں۔

بچاؤ کیسے کیا جائے

اس سے بچاؤ پرگفتگو کرتے ہوئے موتی خان کہتی ہیں کہ گھر کا ماحول بہتربنا کراورمتوازن غذا کے استعمال سے ہم اس سے بچ سکتے ہیں۔اس ضمن میں بچوں پرنظررکھنی چاہئے کہ وہ کوئی غیرخوردنی چیزنہ کھائیں۔ اگر بچے میں کچھ ایسی علامات ظاہرہونے لگیں تواس پر بھرپورتوجہ دیں۔ اسے مٹی وغیرہ کھانے کے نقصانات بتائیں۔ اسے اس کی پسندیدہ چیزیں بنا کر دیں تاکہ کھانے کے معاملے میں اس کا رحجان بدل سکے۔ جب تک بچے کی طرف سے ایسی چیزیں کھانے کاخدشہ رہے ‘اس پر نظر رکھیں۔ اگر مسئلہ حل نہ ہوتو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ حاملہ خواتین کو چاہئے کہ وہ متوازن غذا کھائیں اورڈاکٹر کے تجویز کردہ سپلی منٹ کا استعمال کریں ۔

mud eating, what is pica, why do people eat clay, paper and ice

Vinkmag ad

Read Previous

ماں کا دودھ بچے کا پیدائشی حق

Read Next

دفتروں میں سازشی کھیل کیسے نپٹیں

One Comment

  • میری عمر 33 سال ہے 6 ماہ بعد یا1سال کے عرصے میں میں پاخانہ میں خون آتا ہے پر اس وقت کوئی پریشانی نہیں ہوتی اور میں بلڈ ڈونٹ بھی کرتا ہوں پھر ایک دفعہ جون
    کی مقدار تقریباً 700 سی سی سے تجاوز کر گئی اور
    مجھے مٹی سونگھنے کی عادت پڑھ گئی پھر کچھ دن
    بعد پہاڑی مٹی کھانا شروع کردیا 3 سے 4 ماہ کھاتا رہا
    جب الٹراساونڈ کروایا تو گردوں میں کافی کچرا بھر گیا
    ابھی مجھے 6 دن ہوئے میں نے بند کر دی ہے پر دماغ ساتھ نہیں دے رہا بہت کوشش کر رہا ہو جان چھڑانے کی
    کوئی سادہ اور آسان سا حل تجویز کریں

Leave a Reply

Most Popular