محکمہ موسمیات نے 7 مئی کو گرمی کی شدید لہر پر ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ایڈوائزری میں ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو پورا ہفتہ رہے گی۔ شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس بارے میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں شدید درجہ حرارت دیکھا گیا۔ شہید بے نظیر آباد، موہنجو داڑو اور جیکب آباد میں ٹمپریچر 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
گرمی کے برے اثرات سے بچنے کے لیے ماہرین صحت کچھ احتیاطی تدابیر تجویز کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ہمیں چاہیے کہ دن بھر وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں۔ دھوپ میں کم سے کم جائیں۔ بہت ضروری نہ ہو تو خصوصاً صبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان گھروں میں رہیں۔ باہر نکلتے وقت ڈھیلی فٹنگ کے اور ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں۔ اپنی جلد کی حفاظت کریں۔ اگر ضروری ہو تو سن سکرین لگائیں۔
تمام شہریوں، خصوصاً والدین کو چاہیے کہ گرمی کی شدید لہر پر ایڈوائزری کو سنجیدہ لیں۔ بچوں کو شدید دھوپ میں باہر نہ کھیلنے دیں۔ اس کے علاوہ اس موسم میں بزرگوں، بچوں اور بیماروں کا خاص خیال رکھیں۔