Vinkmag ad

بزرگوں کے لیے توانائی بخش غذائیں

کمزوری محسوس ہونا بڑھتی عمر کا تقاضا تو ہے ہی لیکن اس کی کئی اور وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔ ان میں کھانا ٹھیک طرح سے نہ کھانا، بھوک نہ لگنا یا کسی بیماری کے باعث توانائی کی کمی شامل ہیں۔ اگر بزرگوں کے روزانہ کے مینیو میں کچھ مخصوص غذائیں شامل کر دی جائیں تو ان کی توانائی دن بھر بحال رہ سکتی ہے اور وہ بہتر محسوس کر سکتے ہیں۔ بزرگوں کے لیے توانائی بخش غذائیں یہ ہیں:

جڑی بوٹیوں کی چائے

جڑی بوٹیوں مثلاً پودینہ، بابونہ، گل خیرو (hibiscus) کو اُبال کر چائے بنا ئی جا سکتی ہے۔ اگر بزرگوں کو سردی لگے تو اسے گرم مشروب کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس چائے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کیفین سے پاک اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہوتی ہے۔

تازہ پھلوں کے رس

شکر کے بغیر گھر کا بنا فروٹ جوس آپ کو قدرتی شوگر، وٹامنز اور معدنیات فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ترش پھل جیسے سنگترے اور چکوترے وٹامن سی کی اچھی مقدار فراہم کرتے ہیں۔ یہ باآسانی دستیاب بھی ہوتے ہیں۔ یہ بزرگوں کی توانائی بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔

کافی / چائے پیئیں

اگرانہیں کیفین پسند ہے تو یہ بھی فوری توانائی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ کافی یا چائے کا استعمال مناسب مقدار میں کریں کیونکہ زیادہ کیفین جسم میں خشکی کا باعث بن سکتی ہے۔

تازہ پھل کھائیں

موسمی پھل کھائیں تاکہ شوگر کے ساتھ ان میں موجود فائبر بھی آپ کے جسم کا حصہ بنے۔ یہ آپ کی توانائی بڑھانے کے ساتھ قبض ہونے سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

مرغی اور مچھلی

پروٹین نہ صرف خون میں شوگر کی سطح کو برقرار رکھنے بلکہ توانائی بحال رکھنے میں بھی مفید ہے۔ اس لئے مرغی، مچھلی اور ٹوفو (tofu) کو اپنے کھانوں میں شامل کریں۔

سالم اناج کھائیں

کینووا (Quinoa)، براؤن رائس، ہول گرین کی روٹی اور جو کو اپنے غذائی معمول میں شامل کریں۔ یہ پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس ہیں جو آہستہ آہستہ توانائی فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ دن بھر قائم رہ سکے۔

تلی ہوئی چیزیں نہ کھائیں

بزرگوں کا نظام انہضام کمزور ہو جاتا ہے اور ان کی جسمانی سرگرمیاں بھی کم ہوتی ہیں۔ مصالحہ دار اور تلے ہوئے کھانے دیر سے ہضم ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ کھانے ان میں بدہضمی اور دیگر مسائل کا باعث بنتے ہیں۔ لہٰذا انہیں سادہ غذا دیں جو باآسانی ہضم ہوجائے اور انہیں بھاری پن کا احساس نہ ہونے دے۔

عمومی طور پر یہ غذائی مشورے بزرگوں کے لیے فائدہ مند ہیں لیکن ہر شخص کی خوراک کی ضرورت مختلف ہوتی ہے۔ اس لیے زیادہ بہتر یہ ہے کہ کسی ماہرغذائیات سے مل کر ان کا غذائی پلان تیار کروایا جائے۔

Vinkmag ad

Read Previous

کھٹے ڈکار کیوں آتے ہیں، روکیں کیسے

Read Next

کیل مہاسے کیوں بنتے ہیں

Leave a Reply

Most Popular