Vinkmag ad

حمل میں متلی اور قے کی شکایت

ماں بننا شادی شدہ خواتین کے لئے زندگی کا بہت ہی خوش کن اور خوبصورت احساس ہوتا ہے۔ تاہم یہ اپنے ساتھ کچھ جسمانی اور نفسیاتی تبدیلیاں بھی لاتا ہے۔ مثلاً خواتین کو حمل میں متلی اور قے کی شکایت ہوتی ہے۔ یہ بالعموم حمل کے ابتدائی دنوں میں زیادہ ہوتی ہے تاہم کچھ خواتین میں یہ حمل کے پورے عرصے میں برقرار رہتی ہے۔ ایسا جسم میں ہارمونز کی تبدیلی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

اس کے باعث انہیں معمول کے کاموں میں بھی دقت کا سامنا ہوتا ہے۔ یہ کیفیت زیادہ تر صبح کے وقت ہوتی ہے (شاید اسی لیے انگریزی میں اسے مارننگ سکنس کہتے ہیں)۔ تاہم یہ دن میں کسی بھی وقت ہو سکتی ہے۔ اس شکایت سے نپٹنے کے لئے خواتین مختلف ٹوٹکوں کا سہارا لیتی ہیں۔  مثلاً بعض خواتین نمک کا تو بعض کھٹی چیزوں مثلاً اچار اور املی وغیرہ کا استعمال کرتی نظر آتی ہیں۔ ان سے وقتی طور پرحالت بہتر ہو جاتی ہے۔

اس کےعلاوہ انہیں مخصوص خوشبوئیں اور کھانے برے لگنے لگتے ہیں۔ ان سے بھی انہیں متلی اور قے ہونے لگتی ہے۔ ایسی صورت میں بہتر ہے کہ ان چیزوں سے دور رہیں۔ حمل میں متلی اور قے کی شکایت سے بچنے کے لئے ماہر امرض نسواں (گائناکالوجسٹ) سے رابطے میں رہیں۔

حمل میں متلی سے نپٹنے کے لیے ہدایات

فولک ایسڈ

حمل کے ابتدائی تین ماہ تک فولک ایسڈ استعمال کریں بلکہ بہتر ہے کہ حمل ٹھہرنے سے پہلے ہی استعمال شروع کر دیں۔ اس سے آپ بہت سی پیچیدگیوں سے محفوظ رہیں گی۔ معدے کی جلن، قے اور متلی سے بچنے کیلئے کچھ ادویات بھی موجود ہیں۔ انہیں ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کریں۔

مناسب خوراک استعمال کریں

دوران حمل کھانے میں احتیاط کرنی چاہئے۔ ایک ہی وقت میں پیٹ بھر کر کھانا کھانے کے بجائے کم مقدار میں اور تھوڑے تھوڑے وقفے سے کھائیں۔ کوشش کریں کہ ایسی غذا کھائیں جو جلد ہضم ہونے والی ہو۔ ایسی خوراک سے پرہیز کریں جس سے بدہضمی کا اندیشہ ہو۔

تیز مصالحہ دار اور چٹ پٹی چیزیں ہرگز استعمال نہ کریں۔ ان سے معدے میں تیزابیت پیدا ہوتی ہے جس کے باعث قے اور متلی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح کیفین اور کولامشروبات کے استعمال سے بھی گریز کریں۔ بہتر یہی ہے کہ زیادہ مقدار میں پانی پیئیں، تازہ پھل کھائیں یا ان کا جوس بنا کر پیئیں۔ پانی، کھانے کے دوران پینے کے بجائے اس سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے پیئیں۔

اگر صبح کے وقت ابکائی اور قے آتی ہو تو تھوڑی مقدار میں معیاری میٹھے بسکٹ استعمال کر سکتی ہیں۔ بازار میں ایسے بسکٹ بھی دستیاب ہیں جن میں ادرک اور زیرہ موجود ہوتا ہے۔ یہ بھی قے اور متلی میں مفید ہیں۔ اس کے علاوہ ادرک اور لیموں کی چائے پینے سے بھی آپ بہتر محسوس کریں گی۔

اپنے آرام کا خیال رکھیں

حمل کے دوران ایسے سخت کام نہ کریں جن سے آپ تھک جائیں۔ جب بھی تھکاوٹ محسوس ہو، تھوڑی دیر کے لئے لیٹ جائیں۔ اسی طرح دوپہر کے کھانے کے بعد تھوڑی دیر کے لئے سونا بہتر ہے۔ رات کے دوران بھرپور نیند کریں۔ اگر رات کے وقت صحیح نیند نہیں آتی تو گائناکالوجسٹ سے مشورہ کریں۔

ورزش کریں

حاملہ خواتین کے لیے ورزشیں بہت مفید ثابت ہوتی ہیں۔ تازہ ہوا میں صبح کی سیر کریں دوپہر اور رات کے کھانے کے بعد چہل قدمی ضرور کریں۔ ان کے علاوہ اگر ورزشیں کرنا ہوں تو وہ ڈاکٹر کے مشورے سے کریں۔i shikayat kaisay door karein

Vinkmag ad

Read Previous

لیڈی برڈ

Read Next

کھٹے ڈکار کیوں آتے ہیں، روکیں کیسے

Leave a Reply

Most Popular