Vinkmag ad

جنک فوڈ صحت کے لئے نقصان دہ کیوں ہے

جنک فوڈ سے متعلق کچھ جملے ہمیں اکثر سننے اور پڑھنے کو ملتے ہیں۔ مثلاً یہ کہ جنک فوڈ مضر صحت ہے۔ اس کا استعمال کم سے کم کریں یا بچوں کو اس کی عادت نہ ڈالیں۔ اس کے باوجود بھی ہمیں بازاروں میں جنک یا فاسٹ فوڈ کے سٹالز پر لوگوں کا ہجوم دکھائی دیتا ہے۔

جنک فوڈ کسے کہتے ہیں

جنک فوڈ سے مرا د کوئی بھی ایسا کھانا ہے جس میں جسم کے لئے ضروری غذائی اجزاء جیسے وٹامنز، منرلز اور فائبرکی مقدار بہت ہی کم یا نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔

جنک فوڈ کیلوریز، چکنائیوں، شوگر اور نمک سے بھرپور ہوتا ہے۔ جنک فوڈ کی تیاری حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ہوئی ہے یا نہیں، اس حوالے سے بھی یقینی طور پر کچھ کہنا مشکل ہوتا ہے۔ سوڈا، کولا مشروبات، آلو کے چپس، برگر، ٹافیاں اور سنیکس وغیرہ جنک فوڈ کی کچھ مثالیں ہیں۔

جنک فوڈ کے نقصانات

٭جنک فوڈ کے بڑے نقصانات میں سے ایک موٹاپا ہے۔ ان کھانوں میں موجود اضافی چکنائیاں، شوگر اور کیلوریز وزن بڑھانے کا سبب بن سکتی ہیں۔ پھر وزن پر قابو نہ پایا جائے تو جوڑوں میں درد ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ انسولین کی مزاحمت اور نتیجتاً ذیابیطس اور دیگر مسائل کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

٭جنک فوڈ میں سیر شدہ اور ٹرانس فیٹس زیادہ ہوتے ہیں۔ یہ کولیسٹرول بڑھا کر امراض قلب کے امکانات میں اضافہ کرتے ہیں۔

٭ بعض غذائی اجزاء جسمانی نشوونما کے علاوہ اہم جسمانی افعال ( ہاضمے،مدافعتی نظام کی کارکردگی) کے لئے بھی ضروری ہیں۔چونکہ جنک فوڈ میں ان کی مقدار بہت کم ہوتی ہے لہٰذا جب ہم غذائیت کے لئے صرف اس پر انحصار کرتے ہیں توان غذائی اجزاء سے محروم رہ جاتے ہیں۔ نتیجتاً جسم میں ان کی کمی ہوجاتی ہے اور پھر اس سے جڑی پیچیدگیوں کاسامنا ہو تا ہے۔

٭سوزش بہت سی بیماریوں کی بنیادی وجہ ہے۔ سٹڈیز کے مطابق جنک فوڈ نہ صرف آنتوں بلکہ پورے جسم میں سوزش کا موجب بن سکتا ہے کیونکہ ان میں اینٹی آکسیڈنٹس نہیں ہوتے۔ یہ سوزش دائمی شکل اختیار کر لے تو ذہنی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔ پھر متعلقہ شخص ڈپریشن اور اینگزائٹی کا شکار ہوسکتا ہے۔ دماغ کے یادداشت اور پہچان سے متعلق حصے میں سوزش ہوجائے تو یادداشت بھی متاثر ہوتی ہے۔

٭جنک فوڈ کھانے کھانے والوں کے دماغ کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔

٭جنک فوڈ میں موجود اضافی شوگر مزاج اور توانائی کے لیول میں اتار چڑھاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کی وجہ انسولین کی مقدار کا اچانک بڑھنا اور پھرکم ہونا ہے۔

٭جنک فوڈ کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہاضمے کو بھی متاثر کرسکتا ہے کیونکہ جب جنک فوڈ کے باعث خون میں شوگر کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے تو بھوک زیادہ لگتی ہے۔ پھرجب ہم زیادہ کھاتے ہیں تو جسم کو اسے ہضم کرنے میں کرنے میں مشکل ہوتی ہے۔

٭کولا مشروبات پینے یا میٹھے کھانے زیادہ کھانے سے دانت خراب ہونے، مسوڑھوں سے خون آنے،دانتوں میں کیڑا لگنے اور دانتوں کے دیگر مسائل پیداہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

جنک فوڈ تمام تر نقصانات کے باوجود اکثر لوگوں کی روزمرہ خوراک کا حصہ بن چکا ہے۔ ان نقصانات سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس رحجان کو کم کرنے کی کوشش کریں تاکہ ایک صحت مند زندگی گزار سکیں۔

why is junk food considered unhealthy, junk food nuqsan deh kyun hain, unhealthy food, fast food, shifanews, health, diet

Vinkmag ad

Read Previous

آٹو امیون ڈیزیزز

Read Next

Cleansing, toning and moisturizing are important for skin

Leave a Reply

Most Popular