Vinkmag ad

اعضاء سن کیوں ہوتے ہیں

بعض اوقات زیادہ دیر تک ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنے یا پاؤں لٹکائے رکھنے سے یہ اعضاء سن ہو جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان میں جھنجھناہٹ یا سوئیاں سی چبھتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔

یہ ایک طبی کیفیت ہے جس میں متاثرہ حصے تک خون کی فراہمی منقطع ہوجاتی ہے اور اعصاب یعنی نروز کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ اعصاب دراصل وہ سگنلز لاتے ہیں جن کے باعث ہم چیزوں کو محسوس کرتے ہیں۔ ان کے متاثر ہونے سے محسوس کرنے کی صلاحیت کم یا ختم ہو جاتی ہے۔

اعصابی دباؤ کی ممکنہ وجوہات

اس کی بنیادی وجہ اعصاب کو نقصان پہنچنا، ان کا سکڑ جانا یا پھر ان پردباؤ پڑنا ہے۔ اگر اس کے پس پردہ کوئی بڑی بیماری نہ ہو تو بالعموم حرکت کرنے سے متاثرہ حصہ ٹھیک ہوجاتا ہے۔ تاہم اگر یہ کیفیت بار بار ہو اور زیادہ دیر تک برقرار رہے تو پیچیدہ طبی مسائل کی طرف اشارہ ہو سکتی ہے۔ اعصاب یا ریڑھ کی ہڈی پر غیر معمولی دباؤ کی وجوہات یہ ہوسکتی ہیں:

٭کمر کی ہڈی کا کمزور ہونا۔

٭ریڑھ کی ہڈی میں ہڈیوں کو آپس میں جوڑنے والے ٹشو کا اپنی جگہ سے ہل یا پھٹ جانا۔

٭آرتھرائٹس یا ریڑھ کی ہڈی کے کناروں سے چھوٹی چھوٹی ہڈیاں نکلی ہوئی ہونا۔

٭ذیابیطس، رسولیاں، کینسر، سٹروک، گردوں کے امراض، ایچ آئی وی اور جلد کے انفیکشن (Lyme’s disease) کا شکار ہونا۔

٭مخصوص ادویات کا استعمال۔

توجہ طلب علامات

جسم سن ہونے کے ساتھ ساتھ فالج ہو جائے، الجھن ہو یا ہوش و حواس قائم نہ رہیں اور مثانے پر قابو نہ رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔سانس لینے میں دشواری ہو، جسم کا درمیانہ حصہ(trunk) یا چہرہ سن ہو جائے، بولنے اور دیکھنے میں دقت محسوس ہو یا اچانک کمزوری‘بخار اور شدید سر درد ہونے لگے تو بھی بلاتاخیر معالج سے رابطہ کریں۔

پورے بازو، ٹانگ یا جسم کے ایک طرف یہ مسئلہ ہونا، یہ کیفیت جسم کے دوسرے حصوں میں پھیلنا، مخصوص سرگرمیوں کے دوران ایسا ہونا، جلد بے رنگ یا پیلی پڑ جانا یا اس پر دھپڑ بن جانا، سینے میں درد اور گردن میں اکڑن کی شکایت بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

تشخیص اور علاج

اس کی تشخیص کے لئے مریض کی میڈیکل ہسٹری لی جاتی ہے،جسمانی معائنہ کیا جاتا ہے اور علامات سے متعلق کچھ سوالات کئے جاتے ہیں۔ پھر خون کے ٹیسٹوں سے وٹامنز کی کمیوں، ذیابیطس اور گردوں کی خرابی کو جانچا جاتا ہے۔

سی ٹی سکین، ایکسرے اور ایم آر آئی سے اعصاب اور حرام مغز کو متاثر کرنے والے مسائل مثلاً سلِپ ڈسک اور رسولیوں کی تشخیص ہوتی ہے۔ اعصاب اور پٹھوں کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے بھی مختلف ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

اس مسئلے کا علاج مرض کی وجہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ عام طور پردرد دور کرنے والی دوائیں دی جاتی ہیں، ذیابیطس کے مریضوں کو شوگر پر قابو پانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط کرنے اور حرکات میں آسانی پیدا کرنے کے لئے ورزشیں کروائی جاسکتی ہیں۔ اگر کوئی ایسا مسئلہ ہو جسے ادویات یا فزیو تھیراپی کے ذریعے حل نہ کیا جاسکتا ہو تو سرجری کا آپشن استعمال ہوتا ہے۔

کیسے بچیں

اس کا فیصلہ وجوہات کو مدنظر رکھ کر ہی کیا جاسکتا ہے۔ عمومی طور پر یہ ہدایات وجوہات پر قابو پانے اور مسئلے سے بچنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں:

٭ایک ہی پوزیشن میں رہنے سے یہ مسئلہ ہوتا ہو تو جسم کو تھوڑی تھوڑی دیر بعد حرکت دیں۔

٭مناسب آرام اور نیند کو یقینی بنائیں۔

٭دن میں کئی مرتبہ 15 منٹ تک ٹھنڈی پٹیوں سے متاثرہ حصے کی ٹکور کریں۔ یہ عمل سوجن کے باعث اعصاب پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرے گا۔

٭خون کا بہاؤ بہتر کرنے کے لئے ورزش کریں یا متاثرہ حصے کا مساج کریں۔

٭کم چربی اور زیادہ فائبر والی غذا کھائیں۔ اس سے اعصابی نظام کی اس بیماری سے بچا جاسکتا ہے جو جسم کے سن ہونے کی وجہ بنتی ہے۔

٭نمک کا استعمال کم سے کم کریں۔

٭ بی ایم آئی (Body mass index) کے مطابق وزن کو نارمل حد میں رکھیں۔

٭الکوحل کے استعمال اور تمباکونوشی سے گریز کریں۔

٭وٹامن بی 12،وٹامن ڈی،کیلشیم اور میگنیشیم کی حامل غذائیں کھائیں۔ اگر ان سے کمی پوری نہ ہو توماہر غذائیات کے مشورے سے سپلی منٹس استعمال کریں۔

٭ذہنی تناؤ سے بچنے کی کوشش کریں۔

Numbness and tingling, what is the main cause of numbness and tingling, pins and needles feeling , jism sun kyun hota hai, health, shifa news

Vinkmag ad

Read Previous

کیا کھلے دودھ کو ابالنا ضروری ہے؟

Read Next

کیا دانے چھونے سے پھیلتے ہیں؟

Leave a Reply

Most Popular