Vinkmag ad

چیا سیڈز کے فوائد

چیا سیڈز کو تخم شربتی بھی کہتے ہیں۔ یہ تخم بالنگا سے اتنی  مشابہت رکھتے ہیں کہ ماہر لوگ بھی دھوکہ کھا جاتے ہیں۔ چیا کے بیج چمکدار اور ہموار ساخت کے ساتھ چھوٹے، چپٹے اور بیضوی شکل کے ہوتے ہیں۔ ان کا رنگ سفید سے بھورا یا سیاہ ہوتا ہے۔

اس میں دوسری غذائی اجناس مثلاً گندم، جئی اور چاول سے زیادہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، کیلشیم، اینٹی آکسیڈینٹس اور معدنیات موجود ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ وٹامنز اور منرلز کا بھی قدرتی ذریعہ ہے۔ اس کے ایک اونس میں 138 کیلوریز،11 گرام فائبر، 5 گرام پروٹین اور 9 گرام چکنائی موجود ہے۔

فوائد کیا ہیں

ان بیجوں کے چند فوائد یہ ہیں:

٭ ان میں فائبر ہوتا ہے جو انہیں قبض کشا بناتا ہے۔ غذا میں فائبر یا ریشہ ہونا نظام انہضام کو فعال رکھتا ہے۔ اس سے قبض اور بواسیر جیسی بیماریوں سے حفاظت بھی ہوتی ہے۔ ان بیجوں کا ایک چمچ دن بھر کی 30 فی صد فائبر کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔

٭ فائبر کی وافر مقدار موجود ہونے کی وجہ سے پیٹ زیادہ دیر تک بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بھوک کا احساس کم ہوتا ہے۔ یوں ہم کم کھانا کھاتے ہیں اور وزن میں کمی لانا بھی آسان ہوتا ہے۔

٭ اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ شریانوں میں پیدا ہونے والی سوزش میں کمی لاتے ہیں۔

٭ چیا سیڈز میں موجود اومیگاتھری فیٹی ایسڈز کولیسٹرول کم کرنے اور دل کی تکلیف میں کمی لانے کا سبب بنتے ہیں۔

٭ ان میں موجود معدنیات مثلاً میگنیشیم، فاسفورس، کیلشیم اور پوٹاشیم ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے اہم ہیں۔

٭ چیا سیڈز میں پروٹین، صحت بخش فیٹس اور فائبر کا خوبصورت امتزاج پایا جاتا ہے۔ یہ کھائے گئے نشاستہ کو شکر میں تبدیل کرنے میں وقت لیتے ہیں۔ نتیجتاً خون میں شکر کی سطح تیزی سے بلند نہیں ہوتی۔

٭ سبزی خوروں کے لیے یہ پروٹین حاصل کرنے کا اچھا اور سستا ذریعہ ہیں۔

پکانے میں کیسے کام آتا ہے؟

٭ دالوں، پھلوں اور روٹی کی غذائیت بڑھانے کے لیے ان میں دو کھانے کے چمچ چیا سیڈز شامل کر لیں۔

٭ چٹنی میں غلطی سے زیادہ پانی ڈال دیں تو اسے گاڑھا کرنے کے لیے چیا سیڈز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

٭ کیک بناتے وقت انڈا موجود نہ ہو تو چیا کے بیج ڈال لیں۔

٭ ان بیجوں کا کوئی ذائقہ نہیں ہوتا لہٰذا انہیں نمکین اور میٹھے کھانوں سمیت کسی بھی چیز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

تحریر: آمنہ عارف، ماہر غذائیات، لاہور

Vinkmag ad

Read Previous

نمک کے زیادہ استعمال پر ڈبلیو ایچ او کا انتباہ

Read Next

Common joint problems & their solutions

Leave a Reply

Most Popular