اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے مطابق 2019 میں ہر 1000میں سے 13.9 بچے مردہ پیدا ہوئے۔ ایسے کیسز کی شرح انڈیا، پاکستان، نائجیریا، کانگو، چین اور ایتھوپیا میں زیادہ ہے۔ حمل کے 24ویں ہفتے کے بعد بچہ ماں سے الگ ہونے کے بعد زندہ رہنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ اس عرصے کے بعد اگر وہ کسی بھی مرحلے میں پیدائش سے قبل مر جائے تو اسے مردہ پیدائش (still birth) شمار کیا جاتا ہے۔ مردہ بچوں کی پیدائش کے دو پہلو ہو سکتے ہیں۔ ان میں سے پہلا زچگی سے قبل ہی جبکہ دوسرا زچگی کے دوران بچے کا فوت ہو جانا ہے۔
وجوہات کیا ہیں
ماں، بچے یا پھر دونوں میں صحت کے مسائل اس کا سبب بن سکتے ہیں۔ مثلاً اگر بچہ معذور ہو، اس کی نشوونما ٹھیک طرح سے نہ ہو رہی ہو، ماں سے بچے کو خوراک نہ مل رہی ہو، ماں غذائی کمی کی شکار ہو، اسے کوئی انفیکشن یا ایسی بیماری ہو جس کے اثرات بچے میں منتقل ہو جائیں تو وہ مر سکتا ہے۔ دیگر وجوہات یہ ہو سکتی ہیں:
٭ماں کی عمر کا زیادہ ہونا۔
٭غیر تربیت یافتہ فرد کے ہاتھوں بچے کی پیدائش ہونا۔
٭بچے کا دردِ زہ کے دوران پاخانہ کرنا۔
٭ناڑو کا گردن کو جکڑ لینا۔
٭بچے کا تاخیر سے پیداہو نا۔
حمل کا دورانیہ 280 دن یا 40 ہفتے ہے۔ اس سے تین ہفتے پہلے اور دو ہفتے بعد تک بچہ پیدا ہونا نارمل بات ہے۔ اگر 42 ہفتے یا 294 دن گزرنے کے بعد بھی اس کی پیدائش نہ ہو تو اسے حمل کا دورانیہ بڑھ جانا کہیں گے جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
صحت مند بچے کی پیدائش کے لیے ہدایات
٭صحت مند ماں ہی صحت مند بچے کو جنم دے سکتی ہے۔ کھانے پینے کی صحت بخش عادات اپنا کر اپنی غذائی ضروریات پوری کریں۔
٭حمل سے قبل اور اس دوران باقاعدگی سے معائنہ کرواتی رہیں۔ اس سے ممکنہ پیچیدگیوں کی تشخیص اور خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
٭وزن، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کریں۔
٭ممکن ہو تو 35 برس کی عمر تک اپنی فیملی مکمل کر لیں۔ اس کے بعد بچے اور ماں دونوں کے لیے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
٭بار بار ڈاکٹر نہ بدلیں۔ ایسا کرنا ضروری ہو تو نئی ڈاکٹر کو پرانی تفصیلات اور رپورٹوں سے آگاہ کریں۔
٭زچگی کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں ایمرجنسی صورت حال سے نپٹنے کی سہولیات میسر ہوں۔
٭گھر میں ڈلیوری ہو رہی ہو تو پہلے سے ایسے انتظامات کریں کہ ہنگامی صورت حال میں بروقت ہسپتال پہنچا جا سکے۔till birth, why are