Vinkmag ad

بریسز لگائیں ٹیڑھے دانتوں سے چھٹکارا پائیں

چہرے کی خوبصورتی میں مسکراہٹ اور مسکراہٹ کی خوبصورتی میں صاف اور ہموار دانت اہم ہیں۔ بے ترتیب دانتوں کو سیدھا کرنے کے لئے بریسز لگائے جاتے ہیں۔ ان کی مختلف اقسام ہیں جن کا انتخاب مریض کی ضرورت، دانتوں کی ساخت اور ٹیٹرھے پن کو مد نظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ بریسز اوپری جبڑے کے آگے والے 12 اور نچلے تمام دانتوں پر لگائے جاتے ہیں۔ یہ روایتی بریسز تقریباً تمام دانتوں کو گرفت میں لے لیتے ہیں۔ تاہم کچھ مریض ایسے بھی ہوتے ہیں جو دانتوں کی مخصوص ضرورت کے مطابق علاج کرانا چاہتے ہیں۔ مثلاً اوپر والے دو دانتوں کے درمیان فاصلہ زیادہ ہونے کی صورت میں پچھلے دانتوں پر بریسز لگانے کی ضرورت نہیں رہتی۔ ایسے میں یہ محض اوپر والے چھ دانتوں پر لگائے جاتے ہیں۔

بریسز کی بنیادی اقسام

میٹل بریسز عام دھاتی بریسز ہیں جن کا بریکٹ باہر کی طرف لگا ہوتا ہے۔

سیرامک بریسز روایتی میٹل بریسز کی مانند ہی ہوتے ہیں تاہم ان کا بریکٹ شفاف سیرامک میٹل سے بنا ہوتا ہے۔ اس کے باعث یہ دانتوں پر لگے ہوئے زیادہ واضح نہیں ہوتے۔ ان کا کام اور کارکردگی میٹل بریسز کی مانند ہی ہے لیکن اس کے شفاف اور غیر واضح ہونے کی خصوصیت کے باعث بالغ افراد انہیں لگانا زیادہ پسند کرتے ہیں۔

چھپے ہوئے بریسز یہ میٹل والے بریسز ہیں جو باہر کو لگتے ہیں لیکن ان کی فٹنگ دانتوں کے پیچھے ہوتی ہیں۔ اس طرح سامنے سے دیکھنے پر بریسز واضح نہیں ہوتے۔ وہ افراد جو دانت سیدھے کروانا چاہتے ہوں لیکن بریسز لگوانے میں انہیں ہچکچاہٹ محسوس ہوتی ہو‘ ان کے لئے یہ بہترین انتخاب ہے۔ پاکستان میں ان کی دستیابی بہت محدود ہے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں انہیں لگوانے کی سہولت موجود ہے۔

اگر ایک دانت تھوڑا ٹیڑھا ہو یا دو ایک ساتھ اگنے والے دانتوں میں فاصلہ قدرے زیادہ ہو تو کمپیوٹر پر تیار کردہ بریسز (aligner) کا استعمال کیا جاتا ہے۔

سکریننگ کتنی ضروری

بہت سے لوگوں میں یہ تصور عام ہے کہ ٹین ایج میں ہی دانتوں کے ٹیڑھ پن کا علاج ممکن ہے، حالانکہ ایسا نہیں۔ سات سال میں اگر بچے کے دانت ٹیڑھے ہیں تو اسے بلا تاخیر سکریننگ کے لئے آرتھوڈونٹسٹ کے پاس لائیں۔

10 سال کی عمر میں دانتوں کی سکریننگ کا یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اگر ان کے نوکیلے دانت (canine) ٹیڑھے اُگ رہے ہوں تو ان کے پاس والا بے بی دانت نکال دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد80 سے 90 فی صد بچوں میں غلط سمت میں جانے والا دانت سیدھے رخ پر نشوونما پاتا ہے۔ تاہم اگر10سال کی عمر میں دانت کے ٹیڑھے پن کو ٹھیک نہ کیا جائے تو بعد میں سرجری کروانا پڑتی ہے۔

علاج معالجہ

آرتھوڈونٹسٹ‘ مریض کے ساتھ پہلی ملاقات میں اس کے دانتوں اور مسوڑھوں کا ایکسرے وغیرہ کر کے دانتوں پر بریسز فِٹ کر دیتا ہے۔ اس کے بعد مریض کو ہر چار ہفتوں کے بعد ڈاکٹر کے پاس آنا پڑتا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اس عرصے میں بریسز میں کبھی وائر تبدیل کرنے، کبھی دانت کو اِدھر اُدھر کرنے اور ان کی صفائی کو بہتر بنانے کی ضرورت پڑتی ہے۔

بعض اوقات ڈاکٹر کی توقع کے برعکس دانت اس طرف حرکت نہیں کرتا جیسے اسے کرنی چاہئے۔ ان مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر کے لئے مناسب ردوبدل کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔ اس عمل کو سخت کرنا (tightening)کہتے ہیں۔ اگر چھ مہینے تک اسے چیک کیے بغیر چھوڑ دیا جائے تو کئی ضروری کام نہ ہونے کی وجہ سے علاج کامیابی سے مکمل نہیں ہو سکتا۔

علاج کا دورانیہ

علاج کا دورانیہ عموماً تین ماہ سے دو سال تک ہو سکتا ہے لیکن اوسطاً اس میں 18 ماہ لگتے ہیں۔ اگر 11 سے 12 سال کے نوجوانوں میں دانتوں کا ٹیڑھ پن اوسط درجے کا ہو تو علاج 14 سے 15 مہینوں میں ہو جاتا ہے۔ اگر بالغ افراد دانتوں کی سیدھ کا مکمل علاج کروانا چاہتے ہوں تو اس میں 18 سے 24 مہینے لگ سکتے ہیں۔

زیادہ تر بالغ افراد زندگی کے معاملات میں الجھے ہوتے ہیں اور وہ سماجی طور پر بریسز کے ساتھ لمبے عرصے تک نہیں چلنا چاہتے۔ وہ دانتوں میں ہونے والے واضح فاصلے کو کم کرنے کی خواہش کے ساتھ یہ علاج کروانا چاہتے ہیں۔ ایسے کیسز میں آرتھوڈونٹسٹ علاج کو ان دانتوں کے فاصلے کو کم کرنے تک محدود کردیتے ہیں۔ یوں اس کا دورانیہ تین سے چھ ماہ تک ہو جاتا ہے۔

اس سلسلے میں ان امور کا خیال رکھیں:

٭دیگر علاجوں کی طرح اس میں بھی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔

٭اگر منہ کی صفائی سے متعلق کوئی مسئلہ ہو تو علاج سے پہلے سکیلنگ اور پالشنگ کا کام کیا جاتا ہے۔

٭علاج کے دوران برش کرنے کے عمل کو بہتر بنائیں ورنہ بریسز کے ساتھ برشنگ مشکل ہوجائے گی۔

٭بریسز کے ساتھ بھی دن میں دو یا تین مرتبہ برش کریں۔ تاہم برش کے بعد فلورائیڈ والا ماؤتھ واش بھی استعمال کریں۔

٭سخت قسم کے کھانے مثلاً گاجر، سیب وغیرہ یا چپکنے والی چیزیں مثلاً چیونگم یا ٹافی وغیرہ سے گریز کریں۔

oral health, braces, dental braces, crooked teeth,  dental health, oral health, dental problems, terhay daant ka ilaj kya hai

Vinkmag ad

Read Previous

بغیر درد کے زچگی

Read Next

کس کو خاموشی میں بھی شور سنائی دیتا ہے

Leave a Reply

Most Popular