درد زہ یا لیبر پین خواتین کے لئے سب سے شدید درد ہوتا ہے۔ اس کے باوجود وہ اسے ہمت اور صبر سے برداشت کرتی ہیں ، اس لئے کہ وہ انہیں ماں بنا کر تکمیل کے مرحلے تک پہنچاتا ہے۔ کچھ خواتین اس سے شدید خوف کھاتی ہیں اور اس کا تصور کرتے ہی انہیں ہول اٹھنے لگتے ہیں۔ اس کا ایک حل’’ ایپی ڈیورل‘‘ بھی ہے۔
کچھ خواتین کو ڈاکٹر طبی بنیادوں پر یہ تجویز کرتے ہیں جبکہ کچھ اپنی پسند سے یہ کرواتی ہیں۔ اگرچہ یہ ایک سہولت ہے لیکن صدیوں کے تجربات کا نچوڑ یہ ہے کہ ہم جتنا زیادہ فطرت کے قریب جائیں گے‘ اتنا ہی صحت مند رہیں گے۔ اس لئے اسے اپنی خواہش کے بجائے ڈاکٹر کی تجویز پر ہی لگوانا چاہئے۔
ایپی ڈیورل کیا ہے؟
ریڑھ کی ہڈی کے گرد موجود مضبوط جھلی کو ڈیورا (dura) کہا جاتا ہے۔ یہاں تین جھلیاں ہوتی ہیں اور سب سے بیرونی جھلی یعنی (epidural) میں ایک انجیکشن لگایا جاتا ہے۔ اس کا تعلق لوکل انستھزیا کی کلاس سے ہے یعنی اس میں فرد کو بیہوش نہیں کیا جاتا بلکہ مخصوص جگہ کو سُن کر دیا جاتا ہے۔
غیر مؤثر کیوں
بعض اوقات ایپی ڈیورل اثر نہیں کرتا جس کی وجوہات یہ ہو سکتی ہیں:
٭انجیکشن کا ریڑھ کی ہڈی کی صحیح نالی میں نہ لگنا۔
٭ دوا کی مقدار کا ضرورت کے مطابق نہ ہونا۔
٭ انجیکشن لگانے کے بعد خاتون کا سیدھا نہ لیٹنا۔
ایپی ڈیورل کے یہ نقصانات ہو سکتے ہیں:
٭ ایپی ڈیورل جہاں لگایا جاتا ہے‘ اس جگہ کے ٹشوز زخمی ہوجاتے ہیں جن سے مریضہ کو اٹھتے‘ بیٹھتے‘ لیٹتے اور کروٹ بدلتے وقت تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم یہ زخم ہفتے یا 10 دن میں ٹھیک ہو جاتے ہیں۔
٭ ریڑھ کی ہڈی میں ایک خاص قسم کا محلول ہوتا ہے۔ اگر انجیکشن لگاتے وقت وہ بہہ جائے تو خاتون کے سر میں شدید درد ہو سکتا ہے۔ بالعموم ایک فی صد سے بھی کم خواتین اس مسئلے کا شکار ہوتی ہیں۔ اگر مریضہ ڈاکٹر کی بتائی گئی ہدایات پر عمل کرے تو یہ مسئلہ بھی پانچ سے چھ مہینے میں مکمل طور پر حل ہوجاتا ہے۔
٭ ایپی ڈیورل لگانے سے مریضہ ’’شاک‘‘ میں جا سکتی ہے۔ یہ ایسی کیفیت ہے جس میں بلڈ پریشر اچانک بہت کم ہو سکتا ہے اور دل کی دھڑکن تیز ہوسکتی ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ اس کے دوران باقاعدگی سے بلڈ پریشر کا معائنہ کیا جائے تاکہ بچے کو پیدائش سے قبل مناسب مقدار میں خون مل سکے۔
٭ بچے کی پیدائش کے کچھ گھنٹوں بعد تک خاتون کو نچلا دھڑ مفلوج محسوس ہو سکتا ہے۔
٭زچگی کے بعد شدید کپکپی طاری ہونے‘ کمرمیں درد اور سر چکرانے جیسے مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔
epidural, painless delivery, Epidural Nerve Block Injections, Spinal and epidural anesthesia, delivery without pain, birth, female health, pregnancy
