Vinkmag ad

کس کو خاموشی میں بھی شور سنائی دیتا ہے

شور کسی کو بھی اچھا نہیں لگتا اور لوگ اس سے دور بھاگتے ہیں۔ تاہم کچھ لوگوں کو خاموشی میں بھی شور سنائی دیتا ہے۔ یہ ایسا شور ہے جسے صرف وہی سن سکتے ہیں اور یہ ایک یا دونوں کانوں میں گونج سکتا ہے۔ بزرگ اس مسئلے کے زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ میڈیسن کی زبان میں اسے ٹینائٹس کہا جاتا ہے۔

ٹینائٹس کی عام وجوہات کیا ہیں

٭کان کے اندرونی حصے(cochlea) میں چھوٹے چھوٹے بال نما خلیے ہوتے ہیں۔جب کانوں میں آواز کی لہریں داخل ہوتی ہیں تو یہ خلیے حرکت کرتے ہیں اور دماغ کو پیغام جاتا ہے۔دماغ اس کی شناخت آواز کی صورت میں کرتا ہے۔ بزرگی میں یا زیادہ عر صے تک اونچی آوازیں سننے سے بعض اوقات یہ بال مڑ یا ٹوٹ جاتے ہیں۔ اس سے یہ مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔

٭کان میں انفیکشن ، ویکس، گرد وغبار یا کسی اور وجہ سے کان کی نالی میں رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے۔ اس سے کانوں کے اندر دباؤ متاثر ہوتا ہے جو اس مسئلے کی وجہ بنتا ہے۔

٭سر یا گردن پر چوٹ سے کان کا اندرونی حصہ، سماعت سے متعلق اعصاب اور سننے سے متعلق دماغ کے حصوں کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔ ایسی صور ت میں عموماً ایک کان میں ٹینائٹس ہوتا ہے۔

٭کچھ ادویات کا زیادہ استعمال کانوں میں شور کا سبب بن سکتا ہے۔ ایسے میں اگر ان کا استعمال کم کر دیا جائے تو مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔ درد، سوجن اور بخار کم کرنے والی ادویات(NSAIDs)، کچھ اینٹی بائیوٹکس، کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی دوائیں، پیشاب آور ادویات، ملیریا سے بچاؤ اور ذہنی تناؤ دور کرنے والی دوائیں ان کی کچھ مثالیں ہیں۔

خطرے کی زد میں کون

یوں تو یہ مسئلہ کسی کو بھی ہوسکتا ہے تاہم فیکٹریوں میں کام کرنے والے ،گلوکار، سپاہی اور ایئر فون کے ذریعے اونچی آواز میں موسیقی سننے والوں میں اس کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ وہ تمام افراد جو شور والی جگہوں پر زیادہ وقت گزارتے ہوں، بڑی عمر کے افراد اور مردحضرات بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

تمباکونوشی اور الکوحل کا زیادہ استعمال سماعت سے متعلق اعصاب، حلق اور کان کو ملانے والی نالی اور اندرونی کان کی لائننگ کو متاثر کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کان کے اندرونی حصے تک خون کا بہاؤ بھی بٹھ جاتا ہے جو کانوں میں شور کا سبب بن سکتا ہے۔ موٹاپا، امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر، آرتھرائٹس یا سر کی چوٹ سے بھی ٹینائٹس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

کرنے کے کام

٭شور والی جگہوں سے اجتناب کریں اور اگرجانا ہو تو کانوں پر حفاظتی آلات پہنیں۔

٭ایئر فونز سے اونچی آواز میں موسیقی سننے سے گریز کریں۔

٭دل کی صحت کا خیال رکھیں، باقاعدگی سے ورزش کریں اور صحت بخش غذا کھائیں۔ اس سے موٹاپے اورخون کی نالیوں کی بیماریوں کے باعث کانوں میں شور سے بچا جاسکتا ہے۔

٭الکوحل اورکیفین کے زیادہ استعمال سے ہر ممکنہ حد تک اجتناب کریں۔

noise in ears, tinnitus, ear problems, ringing in the ears and what to do about it, kaan mai shor

Vinkmag ad

Read Previous

بریسز لگائیں ٹیڑھے دانتوں سے چھٹکارا پائیں

Read Next

سست آنکھ

Leave a Reply

Most Popular