Vinkmag ad

مشرومز کے فوائد

مشرومز یا کھمبی اصل میں فنگس یعنی پھپھوندی ہے۔ پھپھوندی کا لفظ ذہن میں آتے ہی بیماری کا خیال آتا ہے لیکن خوفزدہ ہونے کی بالکل ضرورت نہیں۔ مشروم ایک سبزی ہے جو اپنے اندر انوکھا ذائقہ اور بھرپور غذائیت رکھتی ہے۔ مشرومز کے فوائد جاننے سے پہلے اس کی ساخت کی بات کریں تو یہ ایک چھتری نما فربہ سا پودا ہوتا ہے۔

اس کے دو حصے ہوتے ہیں جن میں سے ایک بالائی کیپ اور دوسرا تنا ہے۔ کیپ کی نچلی تہہ پر بڑی تعداد میں بیج پیدا ہوتے ہیں جو اردگرد پھیل جاتے ہیں۔ جہاں انہیں سازگار ماحول دستیاب ہو، وہاں اگ آتے ہیں۔ ان کی کئی اقسام ہیں جو دنیا بھر میں کاشت کی جاتی ہیں۔ البتہ پاکستان میں چار قسم کا مشروم اگایا جاتا ہے۔ اس میں بٹن، جاپانی، چینی اور اوسٹر مشروم شامل ہیں۔

کھمبیوں کی غذائی افادیت

قابل غذا تمام مشرومز میں کسی نہ کسی مقدار میں پروٹین اور فائبر تو موجود ہوتے ہی ہیں۔ تاہم ان میں وٹامن بی اور اینٹی آکسیڈینٹس بھی پائے جاتے ہیں۔ ایک کپ یا 10 گرام مشرومز میں 16 کیلوریز، 35 ملی گرام سوڈیم، 0.2 فی صد چکنائی، 02.2 ملی گرام پوٹاشیم، 2.3 گرام کاربوہائیڈریٹس، 1.4 گرام پروٹین اور 2 فی صد آئرن پایا جاتا ہے۔ اس میں کولیسٹرول بالکل نہیں ہوتا۔

مشرومز کے فوائد

بڑھاپا روکے،جوان رکھے

کھمبی میں ایسے اینٹی آکسیڈینٹس ہوتے ہیں جو جسمانی خلیوں کو دباؤ سے محفوظ رکھتے ہیں۔ یہ عمر رسیدگی کے عمل کو سست کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ رعشہ اور الزائمر سے بچاؤ میں بھی مددگار ہو سکتے ہیں۔

صحت مند دل

مشرومز میں کولیسٹرول اور سوڈیم کی مقدارنہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ اس کا منفرد ذائقہ گوشت، گھی یا تیل اور نمک کی کمی بھی پوری کر دیتا ہے۔ اس کا استعمال دل کی شریانوں میں پلاک بننے کا عمل روکتا ہے۔ یہ خون کی روانی کو بہتر بناتا ہے۔

طاقتور اور مضبوط ہڈیاں

مشرومز کے کاشت کار اس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اسے دھوپ بھی لگواتے ہیں۔ اس وجہ سے یہ اپنے اندر موجود انزائم کو وٹامن ڈی میں تبدیل کر لیتے ہیں۔ نتیجتاً صرف تین چوتھائی کپ مشرومز کھانے سے دن بھر کی وٹامن ڈی کی ضرورت پوری ہوسکتی ہے۔

وٹامن بی کا خزانہ

مشرومز میں وٹامن بی12 ،3 اور 5، فولیٹ اور تھیامن وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ دماغ کو تندرست رکھنے اور جسمانی طاقت کو بحال رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

چھاتی کے سرطان سے بچاؤ

مشرومز کا استعمال چھاتی کے سرطان کے خلیوں کی نشوونما روکنے میں معاون ہے۔ ایک خاص مشروم (shiitake) میں پائے جانے والے شوگر مالیکیول مریضوں کی قوت مدافعت بڑھاتے اور ٹیومر کی بڑھوتری کم کرتے ہیں۔

تازہ کھمبی خریدتے وقت اس بات کا دھیان رکھیں کہ یہ خوشبودار، سخت اورخشک ہو۔ یہ مرجھائی ہوئی، نرم اور لیس دار نہ ہو۔ محفوظ کرنے کے لئے اسے بغیر دھوئے کاغذ میں لپیٹ کر فریج میں رکھ دیں۔ جب پکانے کا ارادہ ہو تو دھو کر پکائیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

MYTH: Carbs make you fat

Read Next

بزرگوں کی یادداشت کو بہتر بنانے والی غذائیں

Leave a Reply

Most Popular