Vinkmag ad

بزرگوں کی یادداشت کو بہتر بنانے والی غذائیں

دماغ انسانی جسم کا وہ حصہ ہے جو کنٹرول سینٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔ مثلاً یہ دل کو دھڑکنے، پھیپھڑوں کو سانس لینے اور جسمانی حرکات کو ممکن بنانے کے لئے پیغامات دیتا ہے۔ عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ دیگر اعضاء کی طرح اس کی صلاحیتیں بھی کم ہوتی جاتی ہیں۔ استعداد کی اس کمی کو مکمل طور پر روکا نہیں جاسکتا۔ تاہم کچھ غذائیں یادداشت کو تیز کرنے، دماغ کو صحت مند رکھنے اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں فائدہ مند ہو سکتی ہیں۔ بزرگوں کی یادداشت کو بہتر بنانے والی کچھ غذائیں یہ ہیں:

اومیگا 3 فیٹی ایسڈز

بزرگوں کو چاہئے کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی حامل اشیاء کا استعمال زیادہ کریں۔ مچھلی اومیگا تھری فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہوتی ہے اور غیر سیر شدہ چکنائیوں کا بھی اچھا ذریعہ ہے۔ اسے ہفتے میں کم از کم دوبار ضرور کھائیں۔ اس کی کسی ایسی قسم کا انتخاب کریں جس میں مرکری کم ہو۔ ایسی مچھلیوں میں سالمن، کوڈ،ڈبہ بند لائٹ ٹونا اور پولاک شامل ہیں۔

مچھلی پسندنہ ہو تو ماہر غذائیت کے مشورے سے اومیگا تھری فیٹی ایسڈ سپلی منٹس استعمال کریں۔ یہ غذائی جزو السی کے بیجوں، ایووکیڈو اور اخروٹ وغیرہ سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے دیگر ذرائع سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے بھی ماہرغذائیات کی مدد لی جاسکتی ہے۔

بیریز

بیریز کو رنگت دینے والے مادے (pigments) یادداشت کو بہتر بنانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ جو خواتین ہر ہفتے سٹرابیری یا دیگر بیریز کی دویا تین سرونگز لیتی ہیں، ان کی یادداشت میں اضافہ ہوتا ہے۔

چائے اور کافی

صبح کا آغاز ایک کپ کافی یا چائے سے کیا جائے تو ان میں موجود کیفین توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے۔ دی جنرل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی 2014 کی ایک تحقیق کے مطابق زیادہ کیفین استعمال کرنے والے افرادنے دماغی سرگرمیوں سے جڑے ٹیسٹ میں بہتر نتائج دکھائے۔ تاہم دیگر کھانوں کی طرح اس میں بھی توازن برقرار رکھیں۔ بہت زیادہ کیفین کا استعمال نہ کریں۔

اخروٹ

گری دار میوے پروٹین اور صحت بخش چکنائیوں کے بہترین ذرائع ہیں۔ ان کی کچھ قسمیں مثلاً اخروٹ یادداشت کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں۔ اخروٹ میں ایک خاص اومیگاتھری فیٹی ایسڈ(ALA) کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ اس فیٹی ایسڈ کی حامل غذائیں دماغ کے ساتھ ساتھ دل کے لئے بھی مفید ہیں۔

سبز پتوں والی سبزیاں

سبز پتوں والی سبزیاں صحت مند غذائی اجزاء مثلاً وٹامن کے، لیوٹین، فولیٹ اور بیٹا کیروٹین سے بھرپور ہوتی ہیں۔ یہ اور ان سبزیوں میں پائے جانے والے دیگر غذائی اجزاء اچھی دماغی صحت کے لئے مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ پالک، بروکلی اوراروی کے پتے (collard green) وغیرہ ان سبزیوں میں اچھے آپشنز ہیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

مشرومز کے فوائد

Read Next

کیا سردی اور سموگ کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹے گا؟

Leave a Reply

Most Popular