ہماری جلد کے اندر کچھ خلیے ہوتے ہیں جو میلانن نامی مادہ بناتے ہیں۔ اسی کی مدد سے جلد کو رنگت ملتی ہے۔ عموماً یہ خلیے جلد میں متوازن مقدار میں تقسیم ہوتے ہیں۔ اگر یہ ایک ہی جگہ پر زیادہ مقدار میں پیدا ہونے لگیں تو وہاں کی جلدکا رنگ تھوڑا گہرا ہوتا ہے۔اسی وجہ سے اکثر افراد کے جسم پر چھوٹے چھوٹے سیاہ، بھورے یا جلد کی رنگت کے نشان ہوتے ہیں۔ انہیں عام بول چال میں تِل اور طبی اصطلاح میں مولز کہتے ہیں۔
تِل چپٹے، ابھرے، نرم یا شکن دار ہوسکتے ہیں۔ عموماً ان کا سائز 1/4 انچ سے کم ہوتا ہے تاہم یہ پیدائشی ہوں تو اس سے بڑے ہوسکتے ہیں۔ زیادہ تر صورتوں میں یہ نقصان دہ نہیں ہوتے تاہم ان کا رنگ، سائز اور شکل تبدیل ہوجائے تو یہ جلد کے ایک کینسر کی طرف اشارہ ہوسکتے ہیں۔
تِل کب کینسرزدہ ہوتے ہیں
تِل کا ایک حصہ دوسرے سے مختلف ہو، کنارے بے قاعدہ ہوں، رنگ تبدیل ہوجائے یا ایک سے زائد رنگ ہوں، سائز 1/4 انچ یا چھ ملی میٹر سے بڑا ہو تو یہ جلد کے ایک کینسر میلانوما کی علامت ہوسکتی ہے۔ تِل کی شکل اور اونچائی تبدیل ہوجائے یا نئی علامات سامنے آئیں مثلاًخارش ہو اور خون بہنے لگے تو ایسے تِل بھی کینسر کی علامت ہوسکتے ہیں۔
کینسر سے بچاؤ کے لئے ہدایات
٭ہر ماہ اپنی جلد کا باقاعدگی سے معائنہ کریں تاکہ معلوم ہوسکے کہ تِل میں کوئی غیر معمولی تبدیلی تو نہیں آرہی۔ ایسا ہو تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔
٭الٹراوائلٹ شعاعوں سے سامنا اس کینسر کے امکانات میں اضافہ کرتا ہے۔ ان سے تحفظ کے لئے اقدامات کریں۔ مثلاً:
1- تیز دھوپ کے اوقات میں گھر سے باہر نہ نکلیں۔ اگر باہر نکلنا ہو تو سایہ دار جگہوں پر چلنے کو ترجیح دیں اور اپنے پاس چھتری رکھیں۔
2- باہر جانے سے آدھا گھنٹہ پہلے سن سکرین لگائیں۔ ہر دو گھنٹے بعد اسے دوبارہ لگائیں، بالخصوص جب پسینہ آئے یا آپ کا رابطہ پانی سے ہو۔
3- باہر جاتے ہوئے دھوپ کے چشمے یا ٹوپی وغیرہ پہنیں۔ لمبی آستینوں والے اور ایسے کپڑے پہنیں جن میں جسم مکمل طور پر ڈھکا ہو۔
اگر تِل کینسر کی شکل اختیار کر لیں یا کوئی انہیں یوں بھی ختم کرنا چاہے تو اس کے لئے مختلف آپشنز ہیں۔ ان کا انتخاب ڈاکٹر کے مشورے اور ان کی ترجیح کے مطابق کیا جاسکتا ہے۔
moles, when do moles indicate cancer, are moles a sign of cancer, skin issues, what are moles, til kyun bantay hain, kya til cancer ki alamat hain, shifa news, health
