Vinkmag ad

آنکھوں میں گِڈ کیوں اور کیسے بنتی ہے؟

آپ نے محسوس کیا ہوگا کہ جب ہم نیند سے بیدار ہوتے ہیں تو کبھی کبھی ہماری آنکھوں کے کناروں اور پلکوں پر ایک سخت یا نیم سخت سی چیز جمی ہوتی ہے۔ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ یہ کیا ہے اور کیوں بنتی ہے،آئیے جانتے ہیں:

ہماری آنکھوں کے سفید حصے اور پپوٹوں کی اندرونی سطح پر ایک جھلی(conjuctiva) ہوتی ہے جو دن بھر پانی کی طرح کی پتلی رطوبت (mucus)بناتی ہے۔ اسی طرح پپوٹوں کے کناروں پر (جہاں سے پلکیں شروع ہوتی ہیں)تیل بنانے والے غدود ہوتے ہیں جو آنکھوں کو چکنا کرتے ہیں۔ یہ رطوبتیں، جلد کے خلیوں اور گرد سے مل کر ایک مادہ (rheum)بناتی ہیں جو آنکھوں کی صحت کے لئے ضروری ہوتا ہے۔

جب ہم جاگتے ہوئے پلکیں جھپکاتے ہیں تو ہماری آنکھیں نم ہوجاتی ہیں اور یہ مادہ آنسوؤں کی نالی کے ذریعے آنکھوں سے خارج ہو جاتا ہے ۔ چونکہ یہ بہت کم مقدار میں ہوتا ہے اس لئے زیادہ تر صورتوں میں ہمیں اس کا علم بھی نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس نیند میں چونکہ آنکھیں بند ہوتی ہیں اور ہم پلکیں نہیں جھپکاتے، اس لئے یہ پلکوں اور آنکھوں کے کنارے پر جمع ہو کر سخت ہوجاتا ہے۔

گِڈ کب نارمل نہیں

بالعموم یہ رطوبت آنکھوں کے صحت مند ہونے کی طرف ایک اشارہ ہے تاہم بعض اوقات یہ معمول سے زیادہ بننے لگتی ہے اور کبھی کبھار معاملہ اتنا بگڑ جاتا ہے کہ اس کی وجہ سے آنکھیں بند ہوجاتی ہیں اور انہیں کھولنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ اس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں آنکھوں پر استعمال ہونے والے کاسمیٹکس، کنٹیکٹ لینز، الرجی، انفیکشن یا آنکھوں کا خشک ہونا شامل ہیں۔

صحت مند رطوبت کی نشانی یہ ہے کہ یہ شفاف یا ہلکے زرد رنگ کی ہوتی ہے اور سونے کے بعد سخت، پتلی یا گاڑھی(کیچڑ کی طرح) ہوسکتی ہے مگر دن میں زیادہ واضح نہیں ہوتی۔ اگر اس میں یہ خصوصیات ہوں تو یہ نارمل نہیں لہٰذا ڈاکٹر کو دکھائیں:

٭معمول سے زیادہ پیدا ہونے لگے۔

٭بہت زیادہ گاڑھی ہو اوراس کا رنگ سبزیا گہرا زرد ہو۔

٭آنکھیں کھولنے میں دقت ہو۔

٭نظر دھندلا جائے یا روشنی سے تنگی ہو۔

٭آنکھوں میں درد ،سوزش اور سوجن ہو۔

صاف کیسے کریں

جاگنے کے بعد بہت سے لوگ سب سے پہلے اپنی آنکھیں ملتے ہیں۔ یہ عمل درست نہیں کیونکہ ہاتھوں کے جراثیم آنکھوں میں انفیکشن کا باعث بن سکتے ہیں۔بہتر ہے کہ پہلے اپنے ہاتھوں کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔ پھر ایک صاف کپڑے کو نیم گرم پانی میں بھگوئیں اور اس کی مدد سے آنکھوں اور پلکوں کو نرمی سے صاف کریں۔ زیادہ گرم پانی استعمال نہ کریں ورنہ آنکھوں کی جلد متاثر ہوگی۔ اگر یہ رطوبت کسی بیماری کی وجہ سے ہو تو دونوں آنکھوں کو صاف کرنے کے لئے الگ کپڑا استعمال کریں۔

Are Eye Boogers Normal? When You Need to Be Concerned Eye Discharge, mucus or pus in the eye, aankhon mai gidd, aankhon k kinaro par sakht cheez kya hai, sab se pehlay sehat , sni, Eye ,where health comes first  , سب سے پہلے صحت 

Vinkmag ad

Read Previous

کیا آپ کی آنکھ صحت مند ہے؟

Read Next

ڈائریا کب خطرناک ہوتا ہے؟

Leave a Reply

Most Popular