Vinkmag ad

خوشی کیا ہے اور کیوں ضروری ہے

خوشی کیا ہے اور کیوں ضروری ہے

خوشی کیا ہے

ایسی خوش کن ذہنی اور جذباتی کیفیت جس میں مثبت اور خوشگوارجذبات جنم لیتے ہوں، خوشی کہلاتی ہے۔ عموماً اس کے چار درجے یا سطحیں ہوتی ہیں۔ پہلی سطح وہ ہے جس میں یہ مادی اشیاء سے حاصل ہوتی ہے۔ دوسری وہ خوشی جو کسی مقابلے میں فاتح ہونے کے نتیجے میں ہمیں ملتی ہے۔ تیسری اچھے کاموں کی وجہ سے اور آخری خوشی جو کامل ہے ’اندر کی خوشی‘ کہلاتی ہے۔

 خوشی کیوں ضروری ہے

 سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ خوشی ہماری صحت کے لئے اچھی ہی نہیں، ضروری بھی ہے۔ خوش رہنے والے لوگوں کی قوتِ مدافعت زیادہ مضبوط ہوتی ہے اورایسے لوگ زیادہ لمبی عمر پاتے ہیں۔ یہ لوگوں کے دلوں میں وسعت پیدا کرتی‘طمانیت کا احساس بیدار کرتی اور تکالیف سے گزرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ یہ دیگر انسانوں سے تعلقات میں بہتری لانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ خوش مزاج لوگ رشتوں کو بہتر اور کامیاب انداز سے نبھاتے ہیں۔ ایسے لوگ زیادہ تخلیقی اور تعمیری صلاحیتوں کے مالک بھی ہوتے ہیں۔

 ذہنی تنائو خوشی کو کھا جاتا ہے لہٰذا خوش رہنے کے لیے اس پر قابو پاناضروری ہے۔ جن لوگوں میں اس سے نمٹنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے‘ وہ مشکل صورت حال میں اچانک گھبرا جاتے ہیں اور حوصلہ چھوڑ جاتے ہیں ۔ اس کے برعکس کچھ لوگ ایسی صورت حال میں ایک لمحے کیلئے رکتے ہیں، چیلنج کی نوعیت اور اس کے حجم کا جائزہ لیتے ہیں ‘ اپنی صلاحیتوں کو دیکھتے ہیں اورپھر فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ لوگ یا توپیدائشی طورپر اندر سے مضبوط ہوتے ہیں یا انہوں نے وقت کے ساتھ ساتھ اس کی مہارتیں سیکھ لی ہوتی ہیں۔ جو بھی ہو، خوش رہنے کے لئے ذہنی تنائو کا مقابلہ کرنا سیکھنا چاہئے۔

خوشی کے ذرائع

مختلف لوگوں کے نزدیک خوشی کے ذرائع مختلف ہوتے ہیں۔ مثلاً کسی تخلیق کارکے لئے اس کی تخلیق‘ کسی شاعر کے لئے اس کی نظم‘کسی کرکٹر کے لئے اس کا اچھا سکور‘کسی بزنس مین کے لئے اس کی کاروباری کامیابی خوشی کا باعث ہوسکتی ہے۔

دنیاوی طور پر اپنے سے اوپر کے لوگوں کو دیکھنے کی بجائے کم حیثیت کے حامل لوگوں کو دیکھا جائے تو شکرگزاری اور نتیجتاً خوشی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ اگر ہم توقعات کا دائرہ محدود رکھیں تو زیادہ خوش رہیں گے۔جتنی زیادہ توقعات، اتنی ہی زیادہ بے اطمینانی ہوگی۔

اچھی مجلس یا محبت‘شخصیت میں بنیادی تبدیلی لاتی ہے۔ خوش مزاج لوگوں کا ساتھ بھی ماحول‘مزاج اور شخصیت کو بدل سکتا ہے۔ کچھ لوگ جہاں جاتے ہیں، خوشی کا باعث بن جاتے ہیں اور کچھ جہاں سے اٹھتے ہیں، وہاں خوشی کا سماں پیدا ہوجاتا ہے۔ اسی طرح اچھی صحت‘ورزش‘تفریح‘ اور قناعت پسندی بھی خوشی کا احساس دیتی ہے۔

بچے بڑوں کی طرح کینہ اوربغض نہیں پالتے۔ ابھی لڑے تو اگلے ہی لمحے باہم شیروشکر ہوگئے۔ یہی چیز بڑے بھی اپنی زندگی میں شامل کر لیں تو خوش رہ سکتے ہیں۔

کچھ لوگ روحانیت اور مذہب میں خوشی اور سکون محسوس کرتے ہیں۔ روح اگر مطمئن اور پرسکون ہو تو جسم اور دماغ بھی پرسکون اور خوش رہتے ہیں۔

What is happiness, why is it important, sources of happiness

Vinkmag ad

Read Previous

دودھ کے دانت اور ان کی علامات

Read Next

ذہنی دباؤ کی وجوہات

Leave a Reply

Most Popular