Vinkmag ad

پریشر السر: بچاؤ اور گھر پر دیکھ بھال

بیماری یا معذوری وغیرہ کے سبب بستر سے لگنے والے بعض مریضوں کے جسم پر زخم بن جاتے ہیں۔ ان زخموں کی وجہ جلد پر پڑنے والا مستقل دباؤ ہے جو زیادہ دیر تک (کئی گھنٹوں) ایک ہی جگہ یا پوزیشن میں لیٹے اور بیٹھے رہنے کی وجہ سے پڑتا ہے۔ اس لئے انہیں پریشر السر بھی کہتے ہیں۔

جسم پر دباؤ کے باعث خون کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ نتیجتاً جلد کے خلیے مرجاتے ہیں اور وہاں زخم بن جاتا ہے۔ یہ زیادہ تر ہڈی والی جگہ پرنمودار ہوتے ہیں۔ مثلاً کمر کا نچلا حصہ، کہنی، ایڑیاں اور کندھے وغیرہ۔ اس کے علاوہ یہ ان جگہوں پر بھی ہو سکتے ہیں جہاں جلد اکٹھی ہوجاتی ہو۔ ان کی دیگر وجوہات میں امراض، غذائی کمی اور جسمانی کمزوری بھی شامل ہیں۔

پریشر السر سے بچاؤ  کے لئے ہدایات

٭ایسی پوزیشن میں بیٹھنے یا لیٹنے سے گریز کریں جس سے بستر پر پھسلنے ،رگڑ کھانے یا پہلے سے متاثرہ جلد پر دباؤ پڑنے کا خطرہ ہو۔

٭بستر پر لیٹے ہونے کی صورت میں ہر دو سے تین گھنٹے بعد جبکہ ویل چیئر پر ہر 15 منٹ بعد اپنی پوزیشن تبدیل کریں۔

٭بستر پر بچھی ہوئی چادر پر سلوٹیں نہ پڑنے دیں۔

٭خصوصی طور پر تیار ہونے والے گدے اور تکیے استعمال کریں۔ یہ پانی، ہوا، بیڈز یا فائبر سے بھرے ہوتے ہیں۔ ان کے استعمال سے جلد محفوظ رہتی ہے اور جسم کو آرام بھی ملتا ہے۔

ایئر میٹرس-شفانیوز

٭عام طور پر استعمال ہونے والے سرجیکل دستانوں میں بھی ہوا بھر کرمریض کے گرد رکھ سکتے ہیں۔

٭صحت بخش غذا کھائیں جس میں پروٹین کی مقدار نسبتاً زیادہ ہو ۔ یہ خراب جلد کو ٹھیک ہونے اور نئی جلد کو بننے میں مدد دیتی ہے۔

٭موٹاپے سے بھی دباؤ بڑھتا ہے لہٰذا ایک صحت مند وزن برقرار رکھیں۔

٭اپنی جلد کو صاف اور نم رکھیں۔

٭تمباکونوشی سے گریز کریں۔ اس سے جلد خشک ہوتی ہے اور اس تک خون کی فراہمی میں کمی آتی ہے۔

زخموں کی حفاظت کیسے کریں

٭زخم کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹرحضرات کریم یا مرہم تجویز کرتے ہیں۔ انہیں معالج کی ہدایات کے مطابق ہی لگائیں۔

٭پہلے درجے والے السر کو پانی اور صابن سے ہر روز دھو ئیں۔ اسے دن میں کتنی بار دھویا جا سکتا ہے؟ اس حوالے سے ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کریں۔

٭دوسرے درجے کے السر کو دھونے کے لئے نمک ملا پانی استعمال کریں۔ اس میں پٹی بھگو کر اس سے زخم کی صفائی کریں۔

پریشر السر-شفانیوز

٭میتھائل الکوحل سے صفائی کے بعد متاثرہ حصے کو خشک ہونے دیں۔ پھر اس پر بے بی پاؤڈر لگا دیں۔

٭زخم کی صفائی کے لئے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ یا آئیوڈین کا استعمال ہرگز نہ کریں۔ اس سے جلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

٭سٹریچنگ یا ہلکی پھلکی ورزش سے خون کا بہاؤ بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم اس کے لئے بھی ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔ مزید یہ کہ ہر روز اپنی جلد کا معائنہ کریں۔

٭مریض کو ہر تھوڑی دیر بعد اٹھا کر بٹھا دیں یا بیٹھا ہو تو اس کی جگہ تبدیل کریں۔ اس سے جلد کو آکسیجن ملے گی اور وہ صحت مند ہوگی۔

ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں

اگرزخم سے بدبو یا پیپ آئے، اس کے گرد کی جلد میں درد، سوجن، سوزش یا گرمی پیدا ہو اور پرانے زخم بھر نہ رہے ہوں مگرنئے پیدا ہو رہے ہوں تو ڈاکٹر سے بلا تاخیر رجوع کریں۔

Bed sores, pressure ulcer care, pressure ulcer prevention, shifanews, health, patient care, bistar phoray ka ilaj kaisay karien, skincare, skin issues

Vinkmag ad

Read Previous

آٹزم کےاثرات

Read Next

ننھے دلوں کے مسائل

Leave a Reply

Most Popular