Vinkmag ad

آٹزم کے اثرات

آٹزم ایک ایسی بیماری ہے جو جینز میں کسی خامی یا خرابی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اس کے حقیقی اسباب ابھی تک معلوم نہیں ہوئے۔ آٹزم کے اثرات سے متعلق بات کریں تو یہ مرض بچے کی زندگی کے تین شعبوں کو خاص طور پر متاثر کرتا ہے جو یہ ہیں:

٭ دوسروں سے میل جول

٭ اپنی ضروریات اور جذبات کا اظہار

٭ کھیل کود اور تخلیقی صلاحیتیں

لوگوں سے میل جول

ان بچوں کو لوگوں کے ساتھ میل جول اور سماجی تعلقات قائم کرنے میں بہت مشکل پیش آتی ہے۔ یہ تنہائی پسند ہوتے ہیں اورنئے ماحول میں یا نئی جگہ ایڈجسٹ ہونے میں وقت لیتے ہیں۔ اکثر بچے شرمیلے ہوتے ہیں، گم سم رہتے ہیں اور بلانے پر جواب نہیں دیتے۔ جب یہ بولتے ہیں تو کوئی ایسی مُضحکہ خیز بات کر دیتے ہیں کہ سننے والا ہنس پڑتا ہے۔

بولنے کی صلاحیت

یہ بچے بات چیت کرنے میں بہت سست ہوتے ہیں۔ لوگوں کی بجائے کھلونوں اور دوسری چیزوں سے باتیں کرنا پسند کرتے ہیں۔ جن بچوں کا مرض شدید ہو، وہ بالکل نہیں بولتے۔ بعض ایسے بھی ہیں جو بولتے ٹھیک ہیں مگر ان کی گفتگو زیادہ تر یک طرفہ ہوتی ہے اور ایک ہی بات کو دہراتے ہیں۔ یہ بچے اپنے جذبات کا اچھی طرح سے اظہار نہیں کر پاتے اور گفتگو کے دوران آنکھیں نہیں ملاتے۔ ان کی آواز کا اتار چڑھاؤ اور چہرے کے تاثرات ہر وقت ایک جیسے رہتے ہیں۔

کھیل کود اور تخلیقی صلاحتیں

آٹزم کے شکار بچے عام طور پر کھیل میں تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار نہیں کر پاتے۔ وہ کھلونوں سے کھیلنے کی بجائے انہیں گھورتے رہتے ہیں یا پھر مسلسل ایک ہی کھلونے سے کھیلتے رہتے ہیں۔ انہیں گھومنے والی چیزوں کے ساتھ کھیلنا زیادہ پسند ہوتا ہے۔ مثال کے طور ہر انہیں کھلونوں کے پہیوں کو گھماتے رہنا یا دروازے کو بار بار کھولنا اچھا لگتا ہے۔

یہ بچے ذہانت میں انتہاؤں پر یعنی بہت زیادہ کند ذہن یا بہت زیادہ ذہین ہو سکتے ہیں۔ بالعموم اس مرض کے شکار ہر چار میں سے ایک بچہ بہت زیادہ ذہین یا نارمل جبکہ باقی تین کند ذہن ہوتے ہیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

فالج کم عمری میں بھی بڑھنے لگا

Read Next

ہیپاٹائٹس سے روزانہ 3500 اموات، ڈبلیو ایچ او

Leave a Reply

Most Popular