Vinkmag ad

ایلوویرا، ایک جادوئی پودا

ایلوویرا، ایک جادوئی پودا

کوار گندل یا ایلو ویراعام پایا جانے والا اورسستے داموں میں دستیاب پودا ہے۔ یہ اپنے اندر بے پناہ تاثیراوران گنت فوائد چھپائے ہوئے ہے۔ یہ جڑی بوٹی نہ صرف انسانی حسن کو دوبالا کرنے کی کریموں میں استعمال کی جاتی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کی ادویات میں بھی اس کے اجزاء شامل کئے جاتے ہیں۔ اسے باآسانی گھر میں بھی اگایا جاسکتا ہے۔

اگانے کا طریقہ

ایلوویرا ہر طرح کی آب و ہوا اورموسم میں اپنا تحفظ کر لیتا ہے۔ تاہم اس کی بہتر افزائش کے لئے مثالی آب و ہوا ساحلی علاقے ہیں۔ اسے گھر میں اگانے کا طریقہ مندرجہ ذیل ہے

نیا پودا لگانے کا طریقہ

اسے اگانے کے دو طریقے ہیں جن میں سے پہلا بیج اوردوسرا پنیری کے ذریعے ہے۔ ہمارے ہاں دوسرا طریقہ ہی زیادہ مقبول ہے۔ اس کے لئے نرسری سےننھا پودا ’’بے بی پلانٹ‘‘لائیں اورگملے میں لگا دیں۔ جب یہ بڑا ہوگا تو اپنی جڑوں سے مزید پودے نکالنا شروع کر دے گا۔ ان چھوٹے پودوں کو بڑے پودے سے الگ کر کے با آسانی اگایا جا سکتا ہے۔

پودے کو الگ کرنے کا طریقہ

چھوٹے پودوں کو بڑے پودے سے الگ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ چھوٹے پودے کے اطراف سے مٹی ہٹا لی جائے۔ پھرچْھری سے ان جڑوں کو کاٹ کر الگ کرلیں جو چھوٹے پودے کو بڑے پودے سے ملا رہی ہوں۔ تاہم چھوٹے پودے کے ساتھ کچھ جڑیں رہنی چاہیں۔اس کے بعد اسے مٹی میں لگا دیں تو یہ اگ آئے گا۔

گملے کا انتخاب

اس کی جڑیں زیادہ لمبی نہیں ہوتیں اس لیے کسی کم لمبائی والے گملے یا کنٹینر میں بھی اسے اگایا جاسکتا ہے۔ گملے کا انتخاب کرتے وقت  خیال رکھیں کہ اس میں پانی کے اخراج کا انتظام اچھاہو۔ اس طرح پودا اضافی نقصان سے محفوظ رہے گا۔

گملے کی مٹی

مٹی بنانے کے لئے آدھی مٹی اورآدھی گوبر کی کھاد کو اچھی طرح ملاکر گملے میں بھر لیں۔ اس کے بعد پودے کی جڑوں کو پتوں تک مٹی میں دبا دیں۔ پتوں کو مٹی میں دبانے سے گریز کریں ورنہ پتے گل جائیں گے۔ پھر گملے کو کسی ایسی جگہ رکھیں جہاں دن میں زیادہ وقت تک دھوپ رہتی ہو۔ شدید گرمی اورخشک لو سے بچانے کے لئے اسے مناسب سایہ فراہم کریں ورنہپودا پیلا یا بھورے رنگ کا ہوجائے گا ۔

دیکھ بھال

اچھی افزائش کے لئے ضروری ہے کہ تنے کے ساتھ سے نکلنے والی شاخوں کو ہٹا دیں اورصرف پتوں کو رہنے دیں۔ایسا کرنے سے پودا بڑھتا بھی ہے اوراس کے پتوں کی طبی اہمیت بھی برقراررہتی ہے۔ اسے گرمیوں میں دن میں ایک دفعہ اور سردیوں میں دویا تین دن کے بعد پانی دیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

پودوں سے الرجی

Read Next

کچن میں خطرات

Leave a Reply

Most Popular