Vinkmag ad

گرمی میں پاؤں یا ٹخنوں میں سوجن

بعض افراد کو شدید گرمی میں پاؤں یا ٹخںوں میں سوجن ہو جاتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب ماحول میں درجہ حرارت بڑھتا ہے تو قدرتی نظام کے تحت ٹانگوں میں موجود خون کی نالیاں پھیلنے لگتی ہیں۔ ان سے مائع نکل کر جلد کے نیچے جمع ہو جاتا ہے۔ جب اس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے تو متعلقہ حصے میں سوجن ہو جاتی ہے۔ اکثر صورتوں میں یہ سوجن عارضی ہوتی ہے اور مناسب آرام اور کچھ  ٹِپس کی مدد سے ٹھیک ہو جاتی ہے۔ ایسا نہ ہو تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔

سوجن ہو جائے تو کیا کریں

سوجن ہو جائے تو اسے کم کرنے کے لیے ان ٹِپس کی مدد لی جا سکتی ہے:

٭ سونے کے لیے لیٹیں تو پاؤں کے نیچے تکیہ رکھیں۔

٭ ممکن ہو تو تیراکی کریں۔ اس سے کچھ دیر کے لیے پاؤں سے بوجھ کم ہوگا، خون کا بہاؤ بہتر ہوگا اورسوجن کم ہوگی۔

٭بعض سبزیوں میں قدرتی طور پر جسم سے نمک اور پانی خارج کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ ان کا استعمال کریں۔ سلاد کے پتے، لیموں، کدو اور پالک وغیرہ ان کی کچھ مثالیں ہیں۔

٭ ٹانگوں پر کمپریشن سٹاکنگز (compression stockings) پہنیں۔

٭ پاؤں پر دونوں ہاتھوں سے نرمی سے مساج کریں۔ اس کے لیے پاؤں سے شروع کریں اور ہاتھوں کو گول دائرے کی شکل میں گھماتے ہوئے گھٹنے کی طرف لائیں۔ مساج کے لیے پیپر منٹ یا گریپ فروٹ آئل کو بادام کے تیل میں شامل کر کے استعمال کریں۔

٭ میگنیشیم کے حامل کھانے مثلاً پالک، مچھلی اور کیلے وغیرہ کھائیں۔

بچاؤ کے طریقے

گرمی میں پاؤں یا ٹخںوں میں سوجن سے بچنے کے لیے ان ہدایات پر عمل کریں:

٭ گھر سے باہر ہوں تو سایہ دار، ٹھنڈی اور ہوادار جگہ پر رہنے کی کوشش کریں۔

٭ اپنے پاس ایک چھوٹا سا پنکھا رکھیں اور خود کو ہوا دیتے رہیں۔

٭ پاؤں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے دستیاب سپرے استعمال کریں۔

٭ بہت زیادہ گرم پانی سے نہ نہائیں۔ نیم گرم پانی سے نہانے کے بعد ٹانگوں اور پاؤں پر ٹھنڈا پانی ڈالیں۔

٭ زیادہ دیر کے لیے سخت جسمانی سرگرمیاں نہ کریں۔ اس کے بجائے صبح صبح یا شام کے وقت (جب موسم ٹھنڈا ہو) واک یا ہلکی پھلکی ورزش کریں۔

٭ اپنی ضرورت کے مطابق سادہ پانی پیئیں یا اس میں کھیرا اور لیموں شامل کر لیں۔ کم پانی پینے سے خون میں نمک کی مقدار بڑھ سکتی اور اس کے باعث مائع جات جمع ہو سکتے ہیں۔

٭ زیادہ نمک کے حامل کھانے نہ کھائیں۔ ان کے بجائے تازہ پھل اور سبزیوں کو خوراک میں شامل کریں۔

٭ بہت زیادہ دیر کھڑے رہنے یا بیٹھنے سے گریز کریں۔

٭ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنے کے بجائے پاؤں کو زمین سے لگا کر بیٹھیں یا صرف ٹخنوں سے کراس کر لیں۔

٭ بیٹھے ہوئے پاؤں کو تھوڑا اونچا کرنے کے لیے سٹول استعمال کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

Shaken baby syndrome

Read Next

ڈینگی کے مریض کی دیکھ بھال

Leave a Reply

Most Popular