Vinkmag ad

جسم میں پانی کی کمی ہو جائے تو کیا کریں

انسانی جسم کا تقریباً 70 فی صد حصہ پانی پر مشتمل ہے۔ اگر جسم میں جانے والے پانی کی مقدار کم جبکہ خارج ہونے کی زیادہ ہو تو جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے۔ اس کی تھوڑی بہت کمی سے مسائل نہیں ہوتے تاہم یہ کمی زیادہ ہو جائے تو جسم مناسب طریقے سے کام نہیں کر پاتا اور کئی طرح کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ شدید قے، ڈائریا یا بخار ہونا، گرم ماحول یا دھوپ میں زیادہ وقت گزارنا، زیادہ پسینہ آنا اور پیشاب آور ادویات کا استعمال اس کمی کا سبب بن سکتے ہیں۔ جسم میں پانی کی کمی ہو جائے تو کیا کریں اور اس سے بچنے کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔

پانی کی کمی کی علامات

اس کی سب سے پہلی علامت پیاس لگنا ہے۔ اگر اس مرحلے پر پانی کی ضرورت پوری نہ ہو تو دیگر علامات ظاہر ہونے لگتی ہیں۔ مثلاً منہ، ہونٹوں اور جلد کا خشک ہونا، پیشاب کم آنا، پیشاب کا رنگ گہرا ہونے لگنا اور اس میں سے تیز بو آنا وغیرہ۔ دیگر علامات یہ ہیں:

٭ سر میں درد ہونا۔

٭ پٹھوں میں درد اور مروڑ ہونا۔

٭ روتے ہوئے بہت ہی کم یا بالکل آنسو نہ نکلنا۔

٭ آنکھوں کا اندر کی طرف اور بچوں میں تالو کا اندر کی طرف دھنس جانا۔

٭ غنودگی چھانا یا چکر آنا۔

ابتدائی طبی امداد

٭ گرمی کا موسم ہو یا متاثرہ شخص کو بخار ہو تو اسے ٹھنڈی اور سایہ دار جگہ لے جائیں۔ اس کی گردن، چہرے، بغل، رانوں کے اندرونی حصوں اور کلائیوں پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں۔

٭ وقفے وقفے سے او آر ایس پلاتے رہیں۔

٭ آرام کروائیں اور جسمانی سرگرمی نہ کرنے دیں۔

٭ مریض کے پٹھے کھچ گئے ہوں اور اسے درد ہو رہا ہو تو متاثرہ حصے پر مساج کریں یا سٹریچنگ کروائیں۔

٭ پانی یا او آر ایس پینے سے قے ہو رہی ہو تو وقفے وقفے سے کم مقدار میں پیئیں۔

اگرمذکورہ اقدامات کے بعد بھی مسئلہ حل نہ ہو یا یہ متاثرہ شخص کی دھڑکن تیز ہو جائے یا کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی پیشاب نہ آئے تو مریض کو فوراً ہسپتال پہنچائیں۔ متاثرہ فرد بے ہوش ہوجائے یا حواس کھو دے، کھڑے ہونے پر چکر آئیں جو کچھ سیکنڈ گزرنے کے بعد بھی ٹھیک نہ ہوں تب بھی ایمرجنسی نمبروں پر رابطہ کریں اور مریض کو ہسپتال پہنچائیں

بچاؤ کی تدابیر

٭ جب پیاس لگے تو جسم کے اس پیغام کو نظر انداز نہ کریں بلکہ فوراً پانی پیئیں۔

٭ کوئی بھی کام یا جسمانی سرگرمی کرنے سے پہلے پانی پیئیں۔

٭ گرمیوں میں زیادہ دیر دھوپ میں نہ رہیں۔

٭ پیاس بجھانے کے لیے شوگر اور کیفین والے مشروبات کے بجائے پانی پیئیں۔

٭ اپنے پاس ہمیشہ پانی کی بوتل رکھیں۔

٭ بیمار ہوں، قے ہو رہی ہو یا ڈائریا ہو تو زیادہ پانی پیئیں۔

٭ ایسے کھانے کھائیں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو۔

Vinkmag ad

Read Previous

Attention Deficit Hyperactivity Disorder

Read Next

آنکھوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ٹپس

Leave a Reply

Most Popular