Vinkmag ad

بڑی آنت کا کینسر

کینسر جسم کے جن حصوں کو زیادہ متاثر کرتا ہے، ان میں سے ایک کولون یعنی بڑی آنت بھی ہے۔ ابتدائی طور پر آنت کے اندرونی حصے میں کچھ خلیے جمع ہو کر دانے سے بناتے ہیں جنہیں پولِپس (polyps) کہتے ہیں۔ یہ سرطان زدہ نہیں ہوتے تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ان میں سے کچھ کینسر کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔

کینسر کے اسباب کیا ہیں

یہ مرض یوں تو کسی بھی عمر میں ہوسکتا ہے تاہم اس سے متاثرہ ونے والے زیادہ تر افراد کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے۔ عمر کے علاوہ مرض کے امکانات بڑھانے والے دیگر عوامل میں آنتوں میں سوزش سے متعلق امراض کا شکار ہونا، غیر متحرک طرز زندگی، چکنائیوں اور کیلوریز والی غذائیں زیادہ جبکہ فائبر والی کم استعمال کرنا شامل ہیں۔

سرخ اور پروسیسڈ گوشت زیادہ کھانا، خونی رشتوں میں مرض کی موجودگی،ماضی میں خود اس کینسر یا آنتوں میں پولِپس کا شکار ہونا، موٹاپے کا شکار ہونا، ذیابیطس یا انسولین کی حساسیت کا شکار ہونا اور الکوحل یا تمباکونوشی کی عادت ہونا بھی اس کا سبب بن سکتا ہے۔

علامات کیا ہیں

زیادہ تر افراد میں مرض کے ابتدائی مرحلے میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔جب یہ بڑھتا ہے تو پھر ہر فرد میں مختلف علامات سامنے آتی ہیں۔ ان کا انحصارکینسر کے سائز اور مقام پر ہوتا ہے۔ مثلاً پاخانے کی عادات میں تبدیلی مثلاً معمول سے ہٹ کر پاخانہ آنا، اس کا رنگ تبدیل ہونا، اس پر کنٹرول ختم ہوجانا اور قبض یا ڈائریا ہونا۔

مقعد (anus)سے یا پاخانے میں خون آنا، پیٹ میں مسلسل گیس، درد اور مروڑ رہنا، یوں محسوس ہونا کہ پاخانہ مکمل طور پرخارج نہیں ہوا، کمزوری اور تھکاوٹ ہونا اور بغیر کسی ظاہری وجہ کے وزن گرنے لگنا۔

تشخیص کیسے ہوتی ہے

کولون کینسر کی موجودگی کا پتا لگانے کے لئے یہ ٹیسٹ کیے جاتے ہیں:

٭ پتلی اور لچکدار ٹیوب کو مقعد کے ذریعے آنتوں میں داخل کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ کیمرہ لگا ہوتا ہے جس کی مدد سے بڑی آنت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ یہ عمل کولونوسکوپی کہلاتا ہے۔ اس دوران معائنے کے لئے متاثرہ ٹشو کا ٹکڑا لیا جاسکتا ہے۔

٭کولون کینسر کے باعث خون میں ایک کیمیائی مادے ’’سی ای اے‘‘ کی موجودگی کا پتا لگانے کے لئے خون کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

٭پاخانے کا نمونہ لے کر اس کا معائنہ کیاجاتا ہے۔

کینسر کی سٹیج کے بارے میں معلوم کرنے کے لئے پیٹ، پیڑو اور چھاتی کا سی ٹی سکین کیا جاسکتا ہے۔

علاج کے آپشنز کیا ہیں

پہلا اور دوسرا مرحلہ

اگر کینسر چھوٹا ہو اور اپنی جگہ محدود ہو تو کولونوسکوپی کے دوران مخصوص آلات کی مدد سے اسے مکمل طور پر ختم کیا جاسکتا ہے. دوسر ی صورت میں پیٹ پر چھوٹا سا چیرا لگا کر سرجری کی جاتی ہے۔

تیسرا مرحلہ

کینسر آنت میں یا لمف نوڈز تک پھیل جائے تو آنت کے متاثرہ حصے کو سرجری کے ذریعے نکال کر صحت مند حصوں کو جوڑ دیا جاتا ہے۔ اگر صحت مند حصوں کو جوڑنے کا آپشن نہ ہو تو سرجری کے بعد پاخانے کو خارج ہونے کے لئے متبادل راستہ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے لئے پیٹ میں سوراخ کر کے آنت کے بقیہ حصے کو اس سے جوڑ دیا جاتا ہے اور باہر ایک تھیلی لگا دی جاتی ہے۔ بعض صورتوں میں یہ عارضی جبکہ کبھی کبھار مستقل طور پر بھی لگائی جاسکتی ہے۔متاثرہ حصے کے قریب موجود لمف نوڈز کو بھی نکال دیاجاتا ہے۔

چوتھا مرحلہ

اس مرحلے میں کینسر جسم کے دیگر حصوں تک پھیل چکا ہوتا ہے، اس لئے متعلقہ حصوں سے جڑی علامات مثلاً آنتوں میں رکاوٹ کو دور کرنے ، بہتے خون کو روکنے یا درد کو کم کرنے کے لئے سرجری کی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ کیموتھیراپی کے ذریعے کینسر زدہ خلیوں کو تباہ کیا جاتا ہے۔ یہ آپشن عموماً سرجری کے بعد استعمال ہوتا ہے تاکہ اگرکینسر زدہ خلیے جسم میں رہ گئے ہیں تو ختم ہوجائیں اور کینسر کے دوبارہ ہونے کے امکانات کو کم کیاجاسکے۔ سرجری سے پہلے اسے کینسر کا سائز کم کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

شعاعوں کے ذریعے کینسر کا سائز کم کرنے یا متاثرہ خلیوں کو تباہ کرنے کا آپشن بھی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ امیونوتھیراپی میں ادویات کی مدد سے قوت مدافعت کو بہتربنایا جاتا ہے تاکہ جسم کا مدافعتی نظام کینسر کا مقابلہ کرسکے۔

بچیں کیسے

٭تمام افراد 45 سال کی عمر کے قریب اس کینسر کی تشخیص کے لئے ضروری ٹیسٹ کروائیں۔

٭خاندان میں مرض موجود ہو تو 45 سال سے قبل ٹیسٹ کروائیں۔

٭پھل، سبزیوں اور سالم اناج میں وٹامنز، منرلز، فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹس ہوتے ہیں۔ یہ غذائی اجزاء کینسر سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں ،اس لئے انہیں استعمال کریں۔

٭ الکوحل اور تمباکونوشی سے گریزکریں یا ان کا استعمال انتہائی کم کردیں۔

٭روزانہ کم ازکم آدھا گھنٹہ ورزش کریں۔

٭وزن کو صحت مند حد میں برقرار رکھنے یا موٹاپے کو کم کرنے کے لئے صحت بخش خوراک کے ساتھ ورزش کو روٹین کا حصہ بنائیں۔

٭موٹاپا خوراک یا جسمانی سرگرمیوں سے کم نہ ہوسکتا ہو تو ڈاکٹرسے رجوع کرکے دیگر آپشنز پر غور کریں۔

اگرچہ کولون کینسر بھی علاج کے بعد دوبارہ ہوسکتا ہے تاہم یہ آنتوں تک محدود ہو تو ا س کا مکمل علاج ممکن ہے۔ مرض کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مکمل صحت یابی کے امکانات کم ہوجاتے ہیں لہٰذا علاج میں دیر نہ کریں۔ اگر لاعلمی میں تاخیر ہوگئی ہو تو بھی ہمت نہ ہاریں۔

colon cancer, what are the causes of colon cancer, is colon cancer treatable, what are the ways to prevent colon cancer, colon cancer say kaisay bachein , aanton k cancer ka ilaj kya hai

Vinkmag ad

Read Previous

کیا زیادہ شیمپو لگانے سے بال گرنے لگتے ہیں؟

Read Next

ایکنی کیوں ہوتی ہے؟ | کیا یہ زیادہ پانی پینے سے ختم ہو جایی ہے؟

Leave a Reply

Most Popular