Vinkmag ad

نہانے کے لیے کون سا اسفنج استعمال کریں

آج کل مارکیٹ میں نہانے کے لیے مختلف قسم کے اسفنج دستیاب ہیں جو مختلف شکلوں، مواد اور رنگوں کے ہوتے ہیں۔ ان میں زیادہ مقبول پلاسٹک کے اسفنج یا لوفہ (loofah) ہیں۔ ان کی زیادہ پسندیدگی کا سبب کم قیمت اور ان کا مارکیٹ میں با آسانی دستیاب ہونا ہے۔ ان کے علاوہ قدرتی اسفنج بھی ہوتے ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ نہانے کے لیے کون سا اسفنج استعمال کریں کہ ہماری جلد کو نقصان نہ پہنچے۔ یعنی ان کون سا اسفنج ہماری جلد کے لیے بہتر ہے۔

ماہرین امراض جلد کے مطابق پلاسٹک اسفنج استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ جلدی امراض اور انفیکشنز کا باعث بنتے ہیں۔ اس کی وجہ ان کی ساخت ہے جس میں مردہ خلیے، صابن اور نمی پھنس جاتی ہے۔ نتیجتاً یہ بیکٹیریا کی افزائش کے لیے بہتر ماحول فراہم کرتے ہیں اور جب انہیں دوبارہ استعمال کیا جائے تو جلدی امراض کاباعث بنتے ہیں۔

اسفنج کا محفوظ استعمال

اگر پلاسٹک اسفنج استعمال کرنا ہو تو انفیکشن سے بچاؤ کے لئے یہ ٹپس مفید ہیں:

٭تین سے چار ہفتوں کے بعد استعمال شدہ لوفہ تبدیل کرلیں۔

٭ہر استعمال کے بعد لوفہ کو اچھی طرح دھو کر دھوپ میں یا ہوادار جگہ پر مکمل خشک کر لیں تاکہ اضافی نمی نکل جائے۔

٭عموماً دیکھا گیا ہے کہ نہانے کے بعد اسفنج کو صابن کے ساتھ ہی رکھ دیا جاتا ہے۔ ایسا کرنے کے بجائے اسے مکمل دھو لیں اور جب تک مکمل خشک نہ ہو، استعمال نہ کریں۔

قدرتی اسفنج

پرانے وقتوں میں اس مقصد کے لیے کچھ چیزیں استعمال ہوتی تھیں جو آج بھی مفید ہیں:

خشک توری

توری کو اس کی بیل پر ہی خشک ہونے دیا جائے۔ یہ پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ جلد کو نقصان پہنچائے بغیر مردہ خلیوں کو صاف کر دیتی ہے۔ توری کی ساخت مسام دار (porous) ہوتی ہے۔ اس لیے استعمال کے بعد دھونے سے اضافی پانی، صابن اور مردہ خلیے نکل جاتے ہیں اور یہ مکمل خشک ہو جاتی ہے۔

کپڑے کی تھیلی

گھریلو خواتین عموماً کاٹن، ململ یا قریشیہ سے بنی سوتی دھاگے کی صابن کے سائز کی تھیلیاں بنا لیتی ہیں۔ انہیں با آسانی دھویا اور خشک کیا جاسکتا ہے۔ یہ مارکیٹ میں بھی با آسانی دستیاب ہیں۔

سمندری اسفنج

یہ اسفنج سمندری پودوں یا بغیر ریڑھ کی ہڈی کے سمندری جانوروں کو خشک کر کے تیار کیے جاتے ہیں۔

پودوں کی جڑ کا اسفنج

کونجیک (Konjac) ایشیا میں صدیوں سے کاشت کیے جانے والا ایک مخصوص پودا ہے۔ اس کی جڑوں کو نہانے کے اسفنج کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس پودے کی جڑوں کی خاص بات یہ ہے کہ جب انہیں پانی میں ڈالا جائے تو یہ انتہائی نرم ہو جاتی ہیں۔ اس لیے یہ جلد کی تمام اقسام پر استعمال کرنے کے لیے یکساں مفید ہے۔ اس اسفنج کو جلد کے مردہ خلیوں اور میل کو دور کرنے کے علاوہ میک اپ اتارنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اسفنج کو استعمال سے پہلے نیم گرم پانی میں چند منٹ یا نرم ہونے تک بھگو دیں۔اس کے بعد اس پر اپنی پسند کے کلینزر کے چند قطرے ڈالیں اور سرکلر موشن میں آہستہ سے رگڑنا شروع کریں۔ اپنے اسفنج کو ہر دو سے تین ماہ بعد تبدیل کرنا نہ بھولیں۔

سیلولوز اسفنج

یہ اسفنج قدرتی مواد جیسے لکڑی کے گودے یا بانس سے بنائے گئے ماحول دوست اسفنج ہیں۔ استعمال کے بعد انہیں گھریلو باغیچے کو سرسبز بنانے میں مدد کے لیے کھاد کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ قدرتی ہونے کی وجہ سے یہ مضر صحت کیمیکل سے پاک ہوتے ہیں اور جلدی امراض سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔

ہمارا یوٹیوب چینل جوائن کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaDwKrzAojYqUzih2g3L

Vinkmag ad

Read Previous

ادویات کا محفوظ استعمال

Read Next

Sixth sense of humans

Leave a Reply

Most Popular