Vinkmag ad

سحری کے لیے 10 صحت بخش غذائیں

رمضان میں کھانے پینے کے معمولات بالکل بدل جاتے ہیں۔ سحری میں بل والے پراٹھے، بھرائی والے نان، نہاری، پائے، چنے اور حلوہ پوری وغیرہ عام چلتے ہیں۔ دوسری طرف پر تکلف افطار دعوتیں بھی ہوتی ہیں۔ یہ دونوں وزن بڑھانے کی وجہ بنتی ہیں۔ ان کے برعکس کچھ کھانے ایسے بھی ہیں جو نہ صرف صحت بخش ہیں بلکہ کم وقت میں تیار بھی ہو جاتے ہیں۔ سحری کے لیے 10 صحت بخش غذائیں کون سی ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

صحت بخش غذائیں

سحری کے لیے 10 صحت بخش غذائیں یہ ہیں:

تلبینہ

جو سے تیار کردہ یہ دلیہ حضورا کرمؐ کے پسندیدہ کھانوں میں سے تھا۔ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ اہل خانہ میں سے کوئی بیمار ہوتا تو آپؐ تلبینہ تیار کراتے اور فرماتے کہ اس کے استعمال سے جسمانی کمزوری دور ہوتی ہے اور پریشانی اور تھکن کا خاتمہ ہوتا ہے۔

تلبینہ جو کے آٹے اور کھجورکو دودھ میں ڈال کر پکایا جاتا ہے۔ یہ سحری میں کھانے کے لیے بہترین غذا ہے۔ یہ غذائیت سے بھرپور ہے اور دیر ہضم ہے لہٰذا دیر تک توانا رکھتا ہے۔

جئی کا دلیہ

جھٹ پٹ تیار ہونے والا یہ دلیہ سحری میں استعمال کے لیے موزوں ہے۔ یہ فائبر، وٹامن، میگنیشیم، زنک اور فاسفورس سے بھرپور ہے۔ جئی کا دلیہ تخم بالنگا کے ساتھ ملایا جائے تو وزن کنٹرول کرنے، کولیسٹرول کم کرنے اور خون میں شکر کی مقدار معتدل رکھنے میں مفید ہے۔ تخم بالنگا اومیگا تھری کا بہترین ذریعہ ہے۔

گرم گرم انڈے

انڈے لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ سپر فوڈز میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ انڈوں میں اچھی کوالٹی کی پروٹین ہوتی ہے۔ یہ وٹامن اے اور ڈی سے بھی بھرپور ہوتے ہیں۔ انہیں سحری میں کئی صورتوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً اُبلا ہوا انڈا، خاگینہ، آلو اور انڈے کا سالن

مرغی یا گوشت کا قیمہ

مرغی یا گوشت کا قیمہ عموماً سحری میں پراٹھوں کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔ قیمے سے آئرن،  وٹامن بی 12 اور معدنیات حاصل ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ سبزی کا استعمال اور تیل اور نمک کی کم مقدار اس کو مزید صحت بخش بنا دیتی ہے۔

شامی کباب

چنے کی دال اور گوشت کے امتزاج سے بنے یہ لذیذ کباب سحری میں دہی یا رائتہ کے ساتھ ایک مکمل کھانا ہیں۔ ان میں موجود پروٹین، وٹامن بی 6 اور 12 اور آئرن جسم کو توانائی بخشتے ہیں۔ انہیں زیادہ تیل میں تلنے کے بجائے ایک چمچ تیل میں سینک لیں۔

مزیدرا حلیم

حلیم کا صحیح تلفظ دلیم ہے۔ یہ مزیدار پکوان اناج، مختلف دالوں اور گوشت کو ملا کر بنائی جاتی ہے۔ دالوں اور گوشت کا امتزاج اس کو طاقتور خوراک بناتا ہے۔ سحری میں اس کے ساتھ دھنیا، پودینہ اور ادرک کا استعمال لازمی کریں تاکہ بروقت ہضم ہو اور اپھارے کا باعث نہ بنے۔ کوشش کریں کہ میدے کے نان کے بجائے گندم کے آٹے کی روٹی استعمال کریں۔

کیلے اور جئی کا ملک شیک

ایک اور جھٹ پٹ تیار ہونے والی ترکیب کیلے اور جئی کا ملک شیک ہے۔ اسے تیار کرنے کے لیے ایک کیلا، 1/2 کپ جئی کا دلیہ اور ایک کپ دودھ چاہیے۔ غذائیت سے بھرپور اس مشروب سے پروٹین، وٹامن کے اور بی 6، کیلشیم اور پوٹاشیم حاصل ہوتے ہیں۔ یہ ملک شیک دیر تک پیٹ بھرا رکھنے اور نظام انہضام کو فعال رکھنے میں بھی مفید ہے۔

میٹھی یا نمکین لسی

میٹھی یا نمکین لسی پیاس بھجانے کے لیے بہترین مشروب ہے۔ اس میں موجود پروبائیوٹکس آنتوں کی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔اس کو شکر سے میٹھا کرنے کے بجائے کھجور یا موسمی پھلوں سے میٹھا کریں۔ نمک کو ہلکا رکھیں اور لسی کی سطح پر آنے والے مکھن کو استعمال کرنے سے گریز کریں۔

کھجور کا ملک شیک

کھجور میں انسانی جسم کو توانائی دینے والے رس کے علاوہ بھی بہت سے مفید غذائی اجزاء ہوتے ہیں۔ دودھ اور کھجور کا ملک شیک دن بھر کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ حاملہ خواتین اور بزرگ افراد اپنے ڈاکٹر کی اجازت سے روزہ رکھیں تو اس کا استعمال ضرور کریں۔

صحت بخش نبیذ

نبیذ یا نبیذا بھی حضور پاک کا پسندیدہ مشروب تھا۔ یہ پیٹ کی تیزابیت کو کم کرتا، جسم کو زہریلے مادوں سے پاک کرتا، یادداشت بڑھاتا اور جوڑوں کے درد اور گنٹھیا کے مرض میں مفید ہے۔ اسے بنانے کے لیے چند کھجوریں یا منقے رات بھر پانی میں بھگو دیں۔ صبح اس پانی کو پینے کے علاوہ کھجور یا منقے کھالیں۔

تحریر: آمنہ عارف، ماہر غذائیات، لاہور

Vinkmag ad

Read Previous

دل کے مریض روزہ رکھیں یا نہیں

Read Next

Myths about heart health

Leave a Reply

Most Popular