Vinkmag ad

دانتوں کی 10عام بیماریاں

دانتوں کی 10 عام بیماریاں

منہ کے مسائل کومعمولی سمجھ کرنظراندازکردیا جائے یا بروقت علاج نہ کروایا جائے تو معاملہ بگڑسکتا ہے۔ اس لئے ایسی صورتوں میں فوری معائنہ کروائیں۔ منہ یا دانتوں سے متعلق 10 اہم بیماریاں اوران کی عمومی وجوہات یہ ہیں

ٹھنڈا گرم لگنا

دانتوں کی حفاظتی تہہ اتر جائے تو ان میں ٹھنڈا گرم لگنے لگتا ہے۔ اس کی دیگر وجوہات میں مسوڑھوں کی بیماری ‘ ان کا گھِسنا، دانت پیسنا اوردانتوں کو زورسے برش کرنا شامل ہیں۔

دانتوں میں درد

دانت میں کیڑا لگنا، پیپ پڑنا یا مسوڑھوں کی بیماری دانتوں میں درد کی وجوہات ہیں۔ ایک اوراہم  سبب عقل داڑھ کا وقت پرنہ نکلنا یا غلط سمت اور جگہ پرنکلنا بھی ہے۔ عقل داڑھ دانتوں کے آخرمیں منہ میں پیچھے کی طرف نکلتی ہے۔

منہ کے چھالے

یہ ذہنی تناؤ، ہارمونزکی تبدیلیوں، وٹامن خصوصاً بی 12، فولیٹ اورآئرن کی کمی کے علاوہ بیکٹیریل اوروائرل انفیکشن کی علامت ہوسکتے ہیں۔ بریسزاورٹوٹے ہوئے دانتوں کے نوکیلے حصوں سے رگڑلگنے پربھی متعلقہ حصے پر چھالے بن سکتے ہیں۔

مسوڑھوں سے خون

دانتوں کو سختی سے برش کرنا، ایسے مصنوعی دانت استعمال کرنا جو فِٹ نہ ہوں،خون پتلا کرنے والی ادویات لینا اوردانتوں اورمسوڑھوں کے ملنے والی جگہ(gum line) پرجراثیم کی تہہ جمنا اس کی عمومی وجوہات ہیں۔ پروسیسڈ کھانوں کے کچھ اجزاء بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں۔

بدبو

اس مسئلے کی وجوہات میں منہ کی صفائی کا مناسب خیال نہ رکھنا اورمخصوص ادویات یا تیزذائقے والے کھانے اورمشروبات استعمال کرنا شامل ہیں۔ منہ اوردانتوں کی صفائی کا خیال رکھنے کے باوجود ہروقت بوآتی ہو تو یہ مسوڑھوں کی بیماری کی علامت ہوسکتی ہے۔

جبڑوں میں درد

اس کی ممکنہ وجوہات میں سائی نس کے مسائل، دانتوں میں دردیا دانت پیسنا شامل ہیں۔ مسوڑھوں کی بیماری کی ابتدائی صورت(gingivitis) ‘جبڑوں کے جوڑوں اوران کے گرد پٹھوں اورٹشوز کومتاثر کرنے والی بیماری (TMJ)بھی اس کی وجہ ہوسکتی ہیں۔

پیلے دانت

کھانے کی مخصوص اشیاء مثلاً بلیک کافی اورچائے وغیرہ، تمباکونوشی اورمخصوص ادویات دانتوں کی پیلاہٹ کی بڑی وجوہات ہیں۔ بعض افراد میں یہ مسئلہ جینیاتی طورپرہوتا ہے۔ کچھ میں کھانے پینے کی عادات کے باعث بڑھتی عمرمیں قدرتی طورپربھی ایسا ہوجاتا ہے۔

دانت خراب ہونا

منہ میں موجود بیکٹیریا، دانتوں کی صفائی نہ کرنے یا میٹھے کھانے کھانے اورمشروبات پینے کے بعد کلی نہ کرنے کی وجہ سے دانتوں پر میل کہ تہہ بن جاتی ہے جسے پلاک کہتے ہیں۔ یہ دانت خراب ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

منہ کا سرطان

یہ ہونٹوں، زبان، گلے اور گالوں کونشانہ بنا سکتا ہے۔ اس کا خطرہ بڑھانے والے عوامل میں تمباکو، الکوحل اورایچ پی وی وائرس(human papillomavirus) قابل ذکر ہیں۔

خشک منہ

 پانی کی کمی‘ ڈپریشن، اینگزائٹی، ہائی بلڈ پریشراورکینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات اس کا سبب بن سکتی ہیں۔

 منہ کی عمومی صحت کو برقراررکھنے اورمذکورہ مسائل سے بچنے کے لئے دانتوں کی صفائی کا خیال رکھیں، کھانا کھانے کے بعد کلی کریں، دن میں دو مرتبہ لازماً برش کریں اورتمباکواورالکوحل استعمال نہ کریں۔ اگرآپ خدانخواستہ کسی ایسے مرض میں مبتلا ہیں جو ان مسائل کا سبب بن سکتا ہے تواس کا باقاعدہ علاج کروائیں۔

10 common dental problems, causes of common dental issues

مزید پڑھئے

منہ میں چھالے

  سات طریقے اپنائیں، منہ کی بدبو بھگائیں

Vinkmag ad

Read Previous

کلر بلائنڈ افراد کے لئے کچھ ٹِپس

Read Next

 خون کی بیماریاں

Leave a Reply

Most Popular