Vinkmag ad

پھلبہری یا برص کیسی بیماری ہے

ہمارے اردگرد مختلف لوگ ہیں جن میں کسی کی رنگت سانولی، کسی کی بھوری، کسی کی گوری اور کسی کی کالی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کے پورے جسم کی رنگت ایک سی ہوتی ہے۔ اگرچہ ان حصوں کا رنگ مختلف ہو سکتا ہے جن کا سامنا سورج کی روشنی سے زیادہ ہو۔ اس کے برعکس بعض لوگ ایسے ہیں جن کی جلد پر سفید رنگ کے دھبے بن جاتے ہیں۔ انہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ اس جگہ کا رنگ ختم ہو گیا ہے۔ اس کیفیت کو وٹلائیگو، پھلبہری یا برص کہتے ہیں۔

جسم کا کوئی بھی حصہ اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔ یہ مسئلہ عموماً ہاتھوں، چہرے اور تولیدی اعضاء سے شروع ہوتا ہے۔ کسی شخص کی کتنی جلد متاثر ہوگی، اس کی بنا پر پھلبہری کی مختلف اقسام ہیں۔ بعض لوگوں کی پوری جلد سفید ہو جاتی ہے جبکہ کچھ کے جسم کا ایک حصہ یا سائیڈ متاثر ہوتی ہے۔ اسی طرح بعض میں جسم کے کچھ حصے متاثر ہوتے ہیں جبکہ کچھ میں صرف ہاتھ، چہرے، آنکھوں، کانوں اور ناک کے گرد جلد متاثر ہوتی ہے۔

برص کی وجوہات اور علامات کیا ہیں

جلد کی رنگت کا انحصار ایک مادے پر ہوتا ہے جسے میلانن کہتے ہیں۔ یہ جتنا زیادہ ہوتا ہے، اتنا ہی جلد، آنکھوں اور بالوں کا رنگ سیاہ ہوتا ہے۔ اگر میلانن بنانے والے خلیے مر جائیں یا اپنا کام کرنا چھوڑ دیں تو فرد پھلبہری کا شکار ہو جاتا ہے۔ ان خلیوں کی کارکردگی متاثر ہونے کی عام وجوہات یہ ہیں:

٭مدافعتی نظام کا ان خلیوں کے خلاف رد عمل ظاہر کرنا۔

٭فیملی میں مرض کی موجودگی۔

٭ذہنی تناؤ، شدید سن برن یا کسی کیمیائی مادے سے رابطے کی وجہ سے جلد کو نقصان پہنچنا۔

سفید دھبوں کے علاوہ پھلبہری کی اور بھی علامات ہیں۔ مثلاً سر، داڑھی، پلکوں یا بھنوؤں کے بالوں کا وقت سے پہلے سفید یا سرمئی ہونا۔  ایسے میں ناک اور منہ کے اندر کی لائننگ کی رنگت ختم ہو جاتی ہے۔

کیا پھلبہری کا علاج ممکن ہے

اس کا باقاعدہ علاج موجود ہے مگر کوئی بھی علاج اسے مکمل طور پر یا ہمیشہ کے لئے ختم نہیں کرسکتا۔ اس کے دوبارہ ہونے کے امکانات کو کم کرنے کے لئے جلد پر لگانے والی کریم دی جاتی ہے۔ علاج کے لئے مختلف آپشنز میں دوائیں اور لائٹ تھیراپی شامل ہیں۔جہاں تھیراپی اور ادویات کام نہ کریں، وہاں سرجری کے ذریعے جلد کی رنگت کو بحال کیا جاتا ہے۔

ہر فرد کی کیفیت مختلف ہوتی ہے لہٰذا ضروری نہیں کہ ایک علاج ہر کسی کے لئے مؤثر ہو۔ علاج کے آپشن کا انتخاب کرنے سے پہلے مریض کی عمر، جلد کا کتنا حصہ متاثر ہوا ہے، کتنی جلدی یہ بیماری پھیل رہی ہے اور یہ مرض زندگی کو کتنا متاثر کر رہا ہے، ان سب عوامل کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔

پھلبہری کے شکار افراد جلد کا خیال کیسے کریں

پھلبہری کے شکار افراد میں سن برن کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ ایسے میں جلد کی حفاظت کے لئے کیے جانے والے عام اقدامات ان مریضوں کے لئے بالخصوص فائدہ مند ثابت ہوں گے لہٰذا ان پر ضرور عمل کریں:

٭جلد کو محفوظ رکھنے کے لئے کم ازکم 30 ایس پی ایف کی حامل ایسی سن سکرین لگائیں جو پانی کو جذب نہ کرے۔

٭ہر دو گھنٹے بعد بالخصوص جب پسینہ آرہا ہو یا پانی سے رابطہ ہو تو سن سکرین دوبارہ لگائیں۔

٭سایہ دار جگہوں پر رہیں اور دھوپ میں جاتے ہوئے ایسا لباس پہنیں جس میں جسم مکمل طور پر ڈھکا ہو۔

٭جلد کی رنگت کو عارضی طور پر بحال کرنے کے لئے میک اَپ یا  مخصوص مصنوعات (self tanning) لگائیں۔ ان مصنوعات کو خریدنے سے پہلے یقینی بنائیں کہ ان میں ڈی ایچ اے (dihydroxyacetone) نامی جزو ہو۔

٭کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کریں جو جلد کو نقصان پہنچانے یا رنگ بنانے والے خلیوں کو ختم کرنے کا سبب بن سکتی ہو۔

پھلبہری سے متاثرہ افرادمیں اینگزائٹی، ڈپریشن اور ذہنی تناؤ  کے امکانات نسبتاً زیادہ ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ لوگوں کے رویے اور وہ کمنٹس ہیں جو انہیں سننے پڑتے ہیں۔ آپ کو اندر سے مضبوط ہونا چاہئے تاکہ باہر کے عوامل آپ کی دل شکنی نہ کر سکیں۔ لوگوں کو بھی چاہئے کہ حوصلہ افزائی نہیں کر سکتے تو کم از کم حوصلہ پست کرنے کی کوشش نہ کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

Head lice

Read Next

پھیپھڑوں میں پانی

Leave a Reply

Most Popular