Vinkmag ad

غیرموزوں جوتوں کے نقصانات

غیرموزوں جوتوں کے نقصانات

پائوں کی صحت کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے لئے موزوں ترین جوتا خریدنابھی اہم ہے ۔اے او ایف اے ایس کے مطابق تقریباً تین چوتھائی لوگوں کو پائوں میں جوتے کی وجہ سے کوئی نہ کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے۔ پائوں سے متعلق کچھ مسائل ہمارے بس میں نہیں ہوتے۔اس کے برعکس کچھ کا سبب جوتے کے انتخاب میں ہماری غلطی یا لاپرواہی ہوتی ہے۔ مختلف جوتے اوران کے پیداکردہ مسائل درج ذیل ہیں۔

تنگ جوتے

ناخنوں میں پھپھوندی لگنے،پائوں پر مسے یا گومڑ بن جانے، انگوٹھے کے ناخن اندر دھنس جانے،جلدکے سخت ہو جانے، پیروں کے درد کی بیماری ، دوسری اور تیسری انگلی کے مستقل خم اور آبلے بننے کا ایک بڑا سبب تنگ جوتے بھی ہو سکتے ہیں۔ یہ مسائل پائوں کو خراب کرتے رہتے ہیں اور آخر میں انہیں کوئی بڑا مرض لگ جاتا ہے۔ پائوں کے کسی حصے کا لال ہو جاناغلط جوتا پہننے کی پہلی نشانی ہوتی ہے جس کے بعد اس میں آبلہ بنتا ہے۔ یہ کوئی بڑی بیماری نہیں تاہم پائوں کے کسی حصے میں لالی آنے یااس میں آبلہ بننے سے بہت تکلیف ہوتی ہے۔ جوتا ایسا ہونا چاہئے جس سے پائوں میں زخم بننے کا خدشہ نہ ہو۔ پائوں میں زخم یا چھالے کی صورت میں احتیاط لازم ہے کیونکہ چھوٹا سا زخم بھی بگڑ کر کسی بڑے مسئلے کا سبب بن سکتا ہے۔

ہائی ہیل والے جوتے

  ہیل والے جوتے پہننے سے سارا پریشر ایڑی پر پڑتا ہے لہٰذا اس کا مسلسل استعمال اسے متاثر کرسکتا ہے۔ ایڑی کی ایک تکلیف دہ بیماری پلانٹرفیسائٹس کی ایک وجہ ہیل والے جوتے کا مسلسل استعمال بھی ہے۔
خواتین میں گھٹنوں اورجوڑوں کا درد زیادہ عام ہونے کی ایک وجہ لمبے عرصے تک ہیل والے یا غلط جوتے کا استعمال ہوسکتاہے۔ مردوں کے ڈریس شوز،کٹ ہیل والے جوتےبھی ان کی کمر میں دردکا باعث بن سکتے ہیں۔ یہ ان کے پائوں کے اگلے حصے پر زیادہ پریشر ڈالتے ہیں۔ اس سے ریڑھ کی ہڈی اور چال بھی متاثر ہوتی ہے۔مزید براں ہائی ہیل سے خواتین کے پنڈلی کے پٹھے چھوٹے اورسخت ہو جاتے ہیں۔
لہٰذا غلط جوتے‘ خصوصاً ہیل والے جوتے کے غلط اوربے جا استعمال سے پرہیز کرنا چاہئے۔ البتہ اس کے کبھی کبھی استعمال میں کوئی حرج نہیں۔

فلیٹ جوتے

اکثر لوگ سوچتے ہیں کہ فلیٹ جوتے استعمال کرنے چاہئیں کیونکہ یہ پائوں کی صحت کیلئے زیادہ موزوں ہیں۔ مگر یہ غلط مفروضہ ہے کہ ہموار جوتے پائوں کے لئے فائدہ مند ہیں۔ بالکل فلیٹ جوتے پائوں کی ساخت کے مطابق نہیں ہوتے۔ پتلے تلوے والے جوتے چلتے وقت پائوں سے پیدا ہونے والے جھٹکے کو سہہ نہیں پاتے۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ جب پائوں کے نچلے حصے کی ترچھی محراب کو سہارا نہیں ملتا تو وہ پائوں کی شکل کو متاثر کرنا شروع کر دیتی ہے۔ اس سے پائوں اندر کی جانب گھومنا(رول ہونا) شروع کر دیتاہے ۔اس وجہ سے اس میں موجود رباط اور نسیں کھچ کر گھٹنے کی جانب چڑھنے لگتی ہیں۔ اس سے مریض کو تکلیف ہوتی ہے اور نتیجتاً وہ کسی بیماری کا شکار بھی ہو جاتا ہے۔

Shoes, disadvantages, flat, high heel, tight shoes

Vinkmag ad

Read Previous

دمے کی اقسام

Read Next

جوتا کیسا خریدیں

Leave a Reply

Most Popular