Vinkmag ad

ایام سے پہلے…

ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والی عالیہ ابراہیم کے لئے اپنی 16سالہ بیٹی ماہم کا رویہ مسلسل پریشانی کا موجب تھا۔ کبھی اس میں حددرجہ چڑ چڑاپن آجاتا اور وہ ذرا ذرا سی بات پر اپنے چھوٹے بہن بھائیوں سے جھگڑنے اور انہیں مارنے لگتی تو کبھی اسے بالکل ہی چپ لگ جاتی۔

وہ جب بیٹی کو اس کے خراب رویے پر ٹوکتیں تو وہ مشتعل ہو کر رونے لگتی۔ بالآخر انہوں نے اس کا ذکر اپنی ایک دوست سے کیا جو مقامی کالج میں نفسیات کی پروفیسر تھیں۔ پروفیسر نے جب پوچھا کہ کیا اس کا رویہ مستقلاً ایسا ہی ہے یا کبھی کبھار ایسا ہو جاتا ہے۔ اس پر عالیہ نے کہا کہ مہینے میں کم از کم ایک دفعہ تو ایسا ہوتا ہی ہے۔

اس پر ان کا ماتھا ٹھنکا اور پھر ایک دن انہوں نے ماہم کے ساتھ بے تکلفی سے گپ شپ کی۔ اس کے بعد انہوں نے عالیہ کو بتایا کہ زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ بچی بالغ ہو چکی ہے اور اسے ماہانہ ایام سے متعلق ایک خاص کیفیت کی شکایت ہے جسے قبل از ایام سینڈروم یا پی ایم اس (Premenstrual Syndrome) کانام دیا جاتا ہے۔

پی ایم ایس کیا ہے

سینڈروم کسی بیماری میں کئی علامات کے بیک وقت ظاہر ہونے کو کہتے ہیں۔ اس مخصوص مرض کی وضاحت کرتے ہوئے لاہور سے تعلق رکھنے والی امور نسواں کی ماہر (گائناکالوجسٹ) ڈاکٹر عظمیٰ بلال کہتی ہیں:

یہ سینڈروم جسمانی اور جینیاتی علامات کا ایک مجموعہ ہے جو خواتین کے ماہانہ ایام سے 5 سے 11 روز قبل نمودار ہوسکتا ہے۔ اس کی علامات عموماً ماہانہ ایام کے شروع ہوتے ہی ختم ہو جاتی ہیں۔

یقین سے کچھ کہنا مشکل ہے کہ یہ بیماری کب اور کہاں سے شروع ہوئی تاہم اس کی علامات کے آثار قدیم یونانیوں میں بھی پائے گئے ہیں۔ بحیثیت سینڈروم اس کی تشخیص 1953 میں ہوئی جبکہ اس پر زیادہ تر تحقیقی کام 1980 کی دہائی میں شروع ہوا۔

سینڈروم کی علامات

پشاور سے تعلق رکھنے والی گائناکالوجسٹ ڈاکٹر نسیم صبا کا کہنا ہے کہ اس سینڈروم کی علامات میں چڑ چڑاپن، نیند کی کمی، سر درد اور تھکن کا احساس شامل ہیں:

چھاتیوں میں سوجن، پیٹ درد، مزاج میں بہت زیادہ اتار چڑھاؤ، قبض، مایوسی کا اظہار اور منفی باتیں بھی ان علامات میں شامل ہیں۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصے میں آجانا،  توانائی میں کمی کا احساس، آدھے سر کا درد، وزن میں اضافہ اور سستی و کاہلی کا احساس اور جوڑوں میں درد کا شمار بھی اسی فہرست میں ہوتا ہے۔

ضروری نہیں تمام خواتین میں یہ تمام علامات پائی جائیں۔ ہرخاتون میں مختلف علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ ان علامات کا لازمی مطلب قبل از ایام سینڈروم نہیں بلکہ یہ کسی اور جسمانی یا ذہنی مرض کی علامات بھی ہو سکتی ہیں۔ امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے مطابق اس سینڈروم کی علامات کی شدت ماہانہ ایام سے چھ روز قبل 30 فی صد تک بڑھ جاتی ہیں۔

پس پردہ وجوہات

ڈاکٹر نسیم صبا کا کہنا ہے کہ اس کی ایک وجہ ہارمونز میں آنے والی کیمیائی تبدیلی ہے جو ماہانہ ایام کے دوران واقع ہوتی ہے۔ یہ تبدیلیاں مختلف خواتین پر مختلف انداز سے اثر انداز ہوتی ہیں۔

ڈاکٹر عظمیٰ بلال کے نزدیک اس کیفیت کی بظاہر کوئی خاص وجہ نہیں، تاہم تھائی رائیڈ کا مسئلہ، الرجی، ذہنی تناؤ، اس سینڈروم کی فیملی ہسٹری، موٹاپا، بلڈ پریشرکا کم ہونا، انفیکشن اور کیفین کا زیادہ استعمال اس کی شدت میں اضافے کا موجب بنتے ہیں۔

ڈاکٹر نسیم صبا کا کہنا ہے کہ کیفین کا زیادہ مقدار میں استعمال کرنے والی خواتین کے علاوہ ان خواتین میں اس کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں جوسن یاس یا مینو پاز کے مرحلے کے قریب ہوں۔ سن یاس عمر کے اس حصے کو کہتے ہیں جہاں ماہانہ ایام کا سلسلہ رک جاتا ہے۔ مزیدبرآں ڈپریشن کی فیملی ہسٹری رکھنے والی خواتین میں اس کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

علامات کو قابو کیسے کریں

اگرچہ ابھی تک ایام سے قبل سینڈروم کا مکمل علاج دریافت نہیں ہوسکا۔ تاہم کچھ احتیاطی تدابیر سے اس کی علامات کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ بلال کے مطابق اس سلسلے میں ان ہدایات پر عمل کرنا چاہئے:

٭ایسا طرز زندگی اختیار کیجئے جو آپ کی عمومی صحت کے لئے اچھا ہو۔

٭زیادہ مقدارمیں پانی اور دیگر مشروبات کا استعمال کریں۔ کولا اور کیفین والے مشروبات کے استعمال سے گریز کریں۔

٭وقفے وقفے سے اور کم مقدار میں کھانا کھائیں اور زیادہ کھانے سے اجتناب کریں۔

٭اپنے معالج کے مشورے سے اضافی غذائی سپلیمنٹ استعمال کریں۔ عموماً وٹامن بی 6، کیلشیم اور میگنیشیم اس سلسلے میں فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

٭دودھ سے بنی اشیاء کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

٭نمک اور چینی کا کم استعمال کریں۔

٭باقاعدہ ایروبک ورزشیں(ایسی ورزشیں جن میں آپ کا سانس پھولے ) اس کی شدت کو کم کرسکتی ہیں۔

٭اپنی نیند پوری کریں ،وقت پرسوئیں ا ور وقت پر جاگیں۔

Premenstrual syndrome (PMS), symptoms that arrive before your period, menstruation, monthly cycle, periods, female health, female monthly cycle

Vinkmag ad

Read Previous

Home remedies for Premenstrual syndrome

Read Next

کمر درد سے نپٹنے کے آسان طریقے

Leave a Reply

Most Popular