Vinkmag ad

لوگ مٹی کیوں کھاتے ہیں

 

لوگ مٹی کیوں کھاتے ہیں

بعض اوقات خواتین مٹی ،چاک یا کچے چاول وغیرہ کھانا شروع کر دیتی ہیں۔ اس قسم کی چیزیں کھانے کی چاہ حمل میں خاص طور پر زیادہ ہوتی ہے۔اسی طرح چھوٹے بچوں کو بھی اکثراوقات مٹی وغیرہ کھانے کی عادت پڑ جاتی ہے۔اس غیر فطری کھانے کی طلب میں انسان وہ چیزیں (مثال کے طور پر کاغذ،چکنی مٹی‘ پینٹ‘ دھات،چونا،کچے چاول ،شیشہ اور ریت وغیرہ)کھانے لگتا ہے جو غذاکا حصہ نہیں ہوتیں ۔

پکا کیا ہے

غیر خوردنی چیزیں کھانے کی طلب اگر ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک برقرار رہے تواسے میڈیکل کی زبان میں ’پکا‘کہا جاتاہے یہ اصطلاح لاطینی لفظ میگ پائی سے نکلا ہے۔ یہ ایک پرندے کا نام ہے جس کی وجہ شہرت ہرچیزکھاجانا ہے۔ یہ مسئلہ زیادہ تر عورتوں اور بچوں میں ہوتا ہے۔

بچوں میں مختلف چیزیں منہ میں ڈالنے کا رحجان زیادہ پایا جاتا ہے جس کی شرح ایک سال تک کی عمر کے بچوں میں 75فی صد جبکہ دو سے تین ماہ تک کے بچوں میں 15  فی صد ہے۔واضح رہے کہ پکا کا تعلق کھانے کے لئے پیدا ہونے والی چاہ سے ہے، چیزیں اٹھا کر منہ میں ڈالنے سے نہیں۔

مرض کی وجوہات

نفسیات کی اصطلاح میں اسے ذہنی ڈس آڈرز کا نتیجہ مانا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق او سی ڈی اور شیزو فرینیا جیسی ذہنی بیماریاں اس کی وجہ بن سکتی ہیں ۔ بعض اوقات پکاکاتعلق مقامی رہن سہن سے بھی ہوتا ہے ۔ کچھ تحقیقات میں پکا کا تعلق نمکیات کی کمی کے ساتھ بھی ظاہر ہوا ہے۔

آئرن اور زنک کی کمی سے بھی پکا ہوسکتا ہے۔

دورانِ حمل خواتین کے ہامونزمیں اتارچڑھائو زیادہ ہوتا ہے۔ اس دوران اکثر اوقات انہیں خون کی کمی بھی ہوجاتی ہے ۔انہی وجوہات کی بناء پر وہ اس ڈس آڈر کا شکار ہو جاتی ہیں۔

پکا کی تشخیص

پکا کی تشخیص کے لیے اکثرخون کا ٹیسٹ کرایا جاتا ہے تا کہ یہ واضح ہو سکے کہ یہ مسئلہ خون کی کمی کے باعث تو نہیں ہو رہا۔ ڈاکٹر اس قسم کے مریضوں کا مکمل طبی معائنہ کرتاہے اور گزشتہ میڈیکل ریکارڈ بھی دیکھتا ہے۔اس ڈس آرڈر سے جڑے دیگر مسائل مثلاً ذہنی پسماندگی،او سی ڈی وغیرہ کو بھی جانچا جاتاہے ۔بعض اوقات ایکسرے بھی کرائے جاتے ہیں تاکہ پیٹ میں ممکنہ رکاوٹ کو دیکھا جا سکے۔ مزید برآں ڈاکٹر ممکنہ انفیکشنز کے ٹیسٹ بھی کر اسکتا ہے۔

ہمارے ہاں غذائیت کی قلت اور خون کی کمی جیسے مسائل عام ہیں ۔اس لیے ایسے مریضوں کا سب سے پہلے خون کا ٹیسٹ کرانا چاہیے تاکہ آئرن، زنک اورآیوڈین وغیرہ کی کمی معلوم ہو سکے۔

Pica, Stress, Diagnosis, Eating Disorder

Vinkmag ad

Read Previous

ذہنی دباؤ‘ کیسے بچیں

Read Next

پکا کی پیچیدگیاں ٗ بچاؤ کیسے

Leave a Reply

Most Popular