اچھا اور براچھونا
ہمارے ارد گرد بہت سے لوگ ہیں جو ہم سے پیار کرتے ہیں۔ اس کا اظہار کرنے کے لئے وہ ہمیں تحائف دیتے ہیں، ہاتھ ملاتے ہیں ، گلے ملتے ہیں یا سر پرہاتھ پھیرتے ہیں۔ اگر ایسی کسی بھی حرکت سے ہمیں اچھا محسوس ہو تو بالعموم یہ ٹھیک ہوتا ہے۔ مگر اگرکوئی اجنبی یاکوئی اپنا ہی آپ کو ایسے ہاتھ لگائے یا دیکھے کہ آپ کو خوف ،پریشانی یا عجیب سامحسوس ہو تو یہ برا چھونا کہلائے گا۔ ایسی صورت میں آپ کو چاہئے کہ فوراً امی ابو یا کسی ایسے بڑے کو بتائیں جس پر آپ بھروسا کرتے ہیں۔
پیارے بچو ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ اس میں آپ کی بالکل بھی کوئی غلطی نہیں۔غلطی ان کی ہے جو ایسا کرتے ہیں۔ ایسے میں آپ نے ڈرنا نہیں اوروالدین سے کوئی بات نہیں چھپانی۔ اگر کوئی دوسرا آپ کو ڈرا دھمکا رہا ہو یا منع کر رہا ہو کہ کہ کسی کو اس بارے میں بتانا نہیں تو پھر یہ اوربھی ضروری ہے۔
کیا غلط ہے
٭ہمارےجسم کے کچھ حصے ایسے ہوتے ہیں جنہیں چھپا کر رکھا جاتا ہے۔ والدین کےعلاوہ صرف ڈاکٹر کو اس کی اجازت ہوتی ہے کہ انہیں دیکھ یا چھو سکے۔ مگروہ بھی امی یا ابو میں سے کسی ایک کی موجودگی میں، ورنہ نہیں۔
٭کوئی آپ کو اس کےجسم کے حصوں کوچھونے یا دیکھنے کے لئے بھی نہیں کہہ سکتا کیونکہ یہ بھی یہ غلط ہے۔
٭کپڑوں کے بغیر کوئی آپ کی تصویر لےیا آپ کو ایسی کوئی تصاویر دکھائے تو یہ بھی درست نہیں۔
٭اگر کوئی آپ کو ہاتھ لگائے اورکہے کہ اس بات کوراز رکھنا ہے تو یہ راز ہر گزنہیں رکھنابلکہ امی ابو کو بتانا ہے۔
٭چاکلیٹ، ٹافی یا دوسرے تحائف کا لالچ دے کر کوئی آپ کو ایسا کرنے کو کہے تو آپ نے اس کی بات نہیں ماننی ۔
بچا ؤ کے طریقے
٭وہاں سے فوراً بھاگ جائیں اوراپنے والدین یا بڑے بہن بھائی کوبتائیں۔
٭زور سے چیخنا چلانا شروع کردیں۔ بولیں کہ آپ کویہ سب اچھا نہیں لگتا۔
٭والدین کو بتائے بغیرکسی کے ساتھ اکیلے کہیں نہ جائیں ۔
٭اگر آپ کے والدین موجود ہیں تو ہی ہاتھ ملائیں ورنہ دور سے سلام کریں۔
یاد رہے کہ یوں تو کسی بھی حصے پر غلط چھونے کی اجازت نہیں مگرچار حصوں پر بالکل بھی نہیں۔ ان میں ہونٹ، سینہ ، ٹانگوں کے درمیان کا حصہ اور کمر کے نیچے والا حصےشامل ہیں۔
kids corner, good and bad touch, escaping tips