Vinkmag ad

وہ پانچ ٹِپس جو آپ کی یادداشت کو بہتر بنا سکتی ہیں

عمربڑھنے کے ساتھ ساتھ ہماری قوت، توانائیاں اوربیشترصلاحیتیں کم ہوتی جاتی ہیں جوفطری عمل ہے۔ مگر بعض اوقات ہمارا طرززندگی اورکچھ دیگرعوامل انہیں وقت سے پہلے ہی متاثرکرنے لگتے ہیں۔ انہی میں سے ایک صلاحیت یادداشت بھی ہے۔ اسے بڑھانے اورتا دیربرقرار رکھنے میں یہ امور مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

آلات استعمال کریں، مگر ذہنی ورزش بھی کریں

مشین کو اگرزیادہ عرصہ استعمال نہ کیا جائے تو اسے زنگ لگ جاتا ہے اوراس کی استعداد کم ہوتی چلی جاتی ہے۔ اسی طرح دماغ کو جتنا استعمال کیا جائے، اس کی صلاحیتیں اتنی ہی بڑھتی ہیں۔ جب ہم کوئی چیزسیکھتے اوراسے دہراتے ہیں تو دماغ کے یادداشت سے جڑے حصے فعال ہوجاتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر ہم ہمیشہ بیرونی ذرائع جیسے موبائل فون، کیلکولیٹر یا انٹر نیٹ پرانحصار کریں گے تو یہ حصے کمزورپڑجائیں گے جس کا اثریادداشت پربھی پڑے گا۔ اگرچہ معلومات کے یہ ذرائع ہمارے لیے فائدہ مند ہیں تاہم دماغی ورزش پربھی توجہ دینی چاہئے۔

نیند کو کم اہم مت سمجھیں

معیاری نیند جسم کو ہی توانا نہیں بناتی بلکہ ذہن کو تروتازہ کرکے نئی چیزیں سیکھنے اورانہیں ذہن نشین کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ رات کے وقت سات سے آٹھ گھنٹوں کی پرسکون نیند میں دن بھر حاصل کی گئی معلومات طویل المعیاد یادداشت کا حصہ بنتی ہیں۔ اگر دن کو ڈیڑھ یا کم از کم آدھا گھنٹہ قیلولہ کر لیا جائے توتخلیقی صلاحیت بھی بہتر ہوگی۔

روزانہ ورزش کریں

خون میں موجود آکسیجن اورغذائی اجزاء دیگر اعضاء کی طرح دماغ کے لئے بھی مفید ہیں۔ ورزش سے دماغ تک خون کا بہاؤ بڑھتا ہے اورایسے کیمیائی مادے خارج ہوتے ہیں جو دماغی خلیوں کی صحت کو بہتربناتے ہیں۔ یہ عوامل یادداشت تیزکرنے میں مفید ہیں۔

بیک وقت بہت سے کام نہ کریں

ایک ہی وقت میں زیادہ اورمختلف نوعیت کے کام کرنا اگرچہ ایک بڑی صلاحیت ہے تاہم ماہرین نفسیات کے مطابق ایسا بہت زیادہ کرنے سے قلیل المعیاد یادداشت پر برا اثر پڑسکتا ہے۔ مثلاً اگرہم کسی سے بات کررہے ہیں اوراچانک فو ن بجتا ہے توہم اسے اٹھا لیتے ہیں۔ ایسے میں فون بند کرنے کے بعد پہلے شخص سے ہونے والی گفتگو کو بھول جاتے ہیں۔

بہتر صورت یہ ہے کہ ذہن پر زیادہ دباؤ ڈالنے کے بجائے کاموں کو منظم اندازمیں کریں اورانہیں مختلف اوقات میں تقسیم کرلیں۔ ملتے جلتے کاموں کی ایک فہرست بنا کر انہیں مقررہ وقت میں مکمل کریں۔

جن کاموں کو کرنے کے لئے کم توانائی درکار ہو انہیں دن کے آخری حصے کے لئے چھوڑ دیں تاکہ زیادہ محنت والے کاموں کوزیادہ توجہ سے کیا جاسکے۔ کام کرتے ہوئے موبائل فون سامنے نہ رکھیں۔ اگرای میل یا پیغامات کا جواب دینا ہوتو اس کے لئے ایک وقت متعین کر لیں۔

صحت بخش خوراک کھائیں

اچھی غذائیت یادداشت اور توجہ پر مثبت اثرڈالتی ہے۔ مثلاًبیریز میں کچھ ایسے اجزاء ہوتے ہیں جودماغ میں موجود فری ریڈیکلزکو باہرنکال سکتے ہیں۔ یہ اگر زیادہ دیر تک رہیں تو زنگ کی طرح اعصاب کو خراب کر دیتے ہیں۔

 اسی طرح شکر قندی میں نائیٹریٹ ہوتا ہے جو خون میں جاکر نائیٹرک آکسائیڈ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہ خون کے بہاؤکو بہترکرتا ہے۔ جتنا زیادہ خون دماغ تک پہنچتا ہے اتنا ہی ذہن تیز ہوتا ہے۔

زیادہ دیرخالی پیٹ نہ رہیں کیونکہ کھانے سے حاصل ہونے والی گلوکوزدماغ کوکام کرنے کے لئے توانائی فراہم کرتی ہے۔ بھوک اور پھر غصے کے باعث کام پرتوجہ دینے اورفیصلہ لینے کی صلاحیت متاثرہوتی ہے۔

tips to increase your memory, how to enhance mental health, memory ko barhanay k tareekay

Vinkmag ad

Read Previous

کیا ای سگریٹ نقصان دہ نہیں؟

Read Next

پیٹ کی گُڑ گُڑ کو کیسے ختم کریں

Leave a Reply

Most Popular