Vinkmag ad

فالسے کے فوائد

فالسے کے فوائد

گرمیوں کے موسم میں ریڑھیوں پرسجے گہرے جامنی رنگ کے چھوٹے چھوٹے گول گول فالسے دیکھنے میں بھلے لگتے ہیں۔ یہ مفید غذائی اجزاء مثلاً سوڈیم، پوٹاشیم، وٹامنز، امینوایسڈز، پروٹین، کیلشیم، فائبر،آئرن وٹامن اے اورسی سے مالا مال ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ پھل ذائقے میں بھی انوکھا ہے، اس لئے کہ یہ کھٹے میٹھے ذائقے کا امتزاج ہے۔ فالسے کے چند فوائد یہ ہیں

لو سے بچائے

فالسے کا شربت گرمی اورلُو سے بچاؤ کے لئے مفید ہے۔ اس میں موجود الیکٹرولائٹس اورشربت میں ملائے جانے والا گڑیا شکر پیاس کی شدت اوربدن کی حرارت کو کم کرتا ہے۔

پیشاب کی جلن بھگائے

اس کا شربت پینے سے پیشاب کی جلن اورانفیکشن میں افاقہ ہوتا ہے۔ اس میں ایسے کیمیائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو سوزش پیدا کرنے والے عناصرکم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔

جلد تروتازہ رکھے

اس پھل کی قدرتی جامنی رنگت ایک اینٹی آکسیڈینٹ کی وجہ سے ہے۔ یہ آکسیڈینٹ جسم میں ان ہارمونزکی پیداوارکوبڑھاتا ہے جوجلد کی لچک اورنرمی کوبہتربنانے میں مددگارثابت ہوتے ہیں۔ یہ جلد کو ایکنی سے بچانے اورجلد کی کھوئی ہوئی تازگی لوٹانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

قوت مدافعت بڑھائے

فالسے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اوروٹامن سی جسم کے دفاعی نظام کوفری ریڈیکلز کے خلاف لڑنے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔ سوزش پیدا کرنے والے یہ فری ریڈیکلز خلیوں کو نقصان پہنچا کر جسم میں مختلف بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔

خون کی کمی سے نجات

فالسہ خون کی کمی ختم کرتا ہے۔ اس میں موجود آئرن خون کی کمی کی شکار بچیوں اورخواتین کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔

ذیابیطس کے مریض بھی کھائیں

فالسے میں مٹھاس عام طورپرنہ ہونے کے برابرہوتی ہے۔ اس پھل کا گلائسیمک انڈیکس یعنی خون میں شکرکی مقدارکو بڑھانے کی صلاحیت کم ہوتی ہے۔ اس لئے ذیابیطس کے مریض گرمیوں میں اس پھل اوراس کے شربت سے لطف اندوزہوسکتے ہیں۔ مزیدبرآں پرسکون اورمیٹھی نیند کے لئے فالسے کا شربت بہت مفید ہے۔

توانائی بحال کرے

گرمیوں میں عموماً ہم بنا جسمانی مشقت کے تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں۔ ایسے میں فالسے کا شربت انرجی ڈرنک کی طرح کام کرتا ہے اور جسم کی کھوئی ہوئی توانائی کوفوراً بحال کردیتا ہے۔

currant, falsa benefits, energy booster, strengthens immunity, keeps skin fresh

Vinkmag ad

Read Previous

قربانی کا گوشت‘ محفوظ کیسے کریں

Read Next

اعضاء کا عطیہ ‘ شرعی حیثیت

Leave a Reply

Most Popular