Vinkmag ad

بزرگ بھی عید کے پکوان کھائیں

عید کے موقع پر بزرگ پرہیز والے کھانوں کے بجائے عید پر بننے والے سپیشل کھانوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ ایسے میں اہل خانہ اس مشکل میں ہوتے ہیں کہ اگر انہیں یہ کھانا دیا تو کہیں ان کی طبیعت خراب نہ ہو جائے۔ ان کھانوں میں کچھ تبدیلیاں کر لی جائیں تو بزرگ بھی انہیں کھا سکتے ہیں۔ بزرگ بھی عید کے پکوان کھائیں مگر احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں تاکہ ان کی صحت متاثر نہ ہو اور وہ عید کے مزیدار پکوانوں سے لطف اندوز بھی ہو سکیں۔

کھانوں سے متعلق احتیاطیں

یہاں عید پر بننے والے کچھ مخصوص کھانوں سے متعلق تفصیلات بیان کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ اپنی پسند کے کھانوں سے متعلق ماہر غذائیات سے مشورہ کیا جا سکتا ہے۔

مزیدار سویاں

سویاں پکانے کے مختلف طریقے ہیں۔ بعض افراد ان میں چینی اور گھی شامل کرتے ہیں۔ کچھ انہیں دودھ میں پکاتے ہیں تو بعض پانی میں۔ سویوں کے حوالے سے ان باتوں کا خیال رکھیں:

٭ ذیابیطس اور امراض قلب کے شکار بزرگوں کے لیے ان میں چینی اور گھی شامل نہ کریں۔ ان کے بجائے مصنوعی مٹھاس اور بالائی اترا ہوا دودھ استعمال کریں۔

٭ گردوں کے مریض کے لیے سویوں کو بہت ہی کم زیتون یا کینولا آئل میں بھونیں۔ دودھ  آدھے کپ سے زیادہ استعمال نہ کریں کیونکہ اس میں موجود فاسفورس ان کے لیے ٹھیک نہیں۔ خشک میوہ جات میں کشمش اور کھجوروں کا استعمال ہرگز نہ کریں۔

سوجی کا حلوہ

سوجی کے حلوے کا گلائسیمک انڈیکس (خوراک کے شوگر لیول کو متاثر کرنے کا پیمانہ) کم ہوتا ہے۔ بزرگ مریضوں کے لیے اس حلورے کی تیاری میں ان باتوں کو مدنظر رکھیں:

٭ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے چینی کے بغیر حلوہ بنائیں۔

٭ یہ حلوہ گندم سے حاصل ہونے والے چوکر سے بنایا جاتا ہے۔ گلوٹن الرجی کے شکار بزرگ اس سے مکمل پرہیز کریں۔

٭ دودھ میں موجود ایک پروٹین (lactose) جلد ہضم نہیں ہوتی۔جو بزرگ ہاضمے کے مسائل میں مبتلا ہوں، ان کے لیے سوجی کو دودھ کے بغیر پکائیں۔ دوسرا آپشن یہ بھی ہے کہ وہ یہ حلوہ نہ کھائیں۔

چٹ پٹی چاٹ

چنا چاٹ بناتے ہوئے ان عوامل کو مدنظر رکھیں:

٭ بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے اس میں نمک اور دیگر مصالحے نہ ڈالیں۔ ان کے بجائے لیموں کا رس یا املی کا پانی شامل کر سکتے ہیں۔

٭ ڈائلیسز کے مریضوں کو آدھا کپ ابلے چنے دے سکتے ہیں۔ ان میں نمک، املی کا پانی، مصالحے اور دہی شامل نہ کریں۔

تلی ہوئی اشیاء

٭ معدے کے السر اور قبض سے متاثرہ بزرگوں کو مصالحے والی، تلی ہوئی اور مرغن اشیاء کم مقدار میں دیں۔

٭ کھانے پکانے کے لیے گھی کی جگہ نباتاتی تیل استعمال کریں۔ اس سے خوراک میں سیر شدہ چکنائی کی مقدار کم ہوگی۔

٭گوشت کو سبزیوں کے ساتھ پکا کر دیں۔

٭غذائی معمول میں پھلوں کو بھی شامل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

مچھروں سے نجات کے آسان طریقے

Read Next

میٹابولک سنڈروم

Leave a Reply

Most Popular