پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس کا ماؤں کو اہم مشورہ ہے کہ وہ زچگی کے بعد 40 دنوں کی اہمیت کو نظر انداز نہ کریں۔ اداکارہ نے گزشتہ ماہ ایک بیٹی کو جنم دیا تھا۔ وہ ابھی اسی دور سے گزر رہی ہیں جسے بعض علاقوں میں چھلہ بھی کہا جاتا ہے۔ اُنہوں نے اپنی ایک پوسٹ میں بیٹی کی پیدائش پر مبارک باد دینے والوں شکریہ ادا کیا۔
اداکارہ نے لکھا ہے کہ ہم حمل پر تو بات کرتے ہیں لیکن چھلے کو نظر انداز کرتے ہیں۔ یہ دن بھی حمل کی طرح اہم ہیں۔ انہوں نے لکھا؛
”نئی مائیں غیرضروری طور پر مضبوط سپاہی بننے کی کوشش نہ کریں۔ اللّٰہ کے فضل سے بچہ پیدا کر کے آپ پہلے ہی مضبوط سپاہی بن چُکی ہیں۔ اب تھوڑا آرام کریں۔ صرف اتنا ہی کام کریں جتنی آپ کے جسم میں ہمت ہے۔”
اُنہوں نے مشورہ دیا کہ گھریلو کاموں میں دوسروں کی مدد لینے سے نہ ہچکچائیں۔ معتدل انداز میں کھائیں پیئیں اور مناسب آرام کریں۔ لوگوں کے اوٹ پٹانگ اور غیر مصدقہ مشوروں پر کان نہ دھریں۔ آپ کے جسم کو معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا لیکن آپ بالکل ٹھیک ہو جائیں گی۔ آپ ایک ماں ہیں اور ماں بہت باہمت ہوتی ہے۔
زارا نور عباس اور اداکار اسد صدیقی کی شادی دسمبر2017 میں ہوئی تھی۔ جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش اگلے سال ستمبر میں متوقع تھی۔ تاہم بعض پیچیدگیوں کے باعث قبل از وقت پیدا ہونے والا بچہ انتقال کر گیا تھا۔ اس تجربے سے گزرنے کے بعد اداکارہ ڈپریشن کی بھی شکار ہوئی تھیں۔
ماں بننے کے تجربے سے گزرنے والی زارا نور عباس کا ماؤں کو اہم مشورہ انتہائی توجہ طلب ہے۔ محتاط کھائیں پیئیں، مناسب آرام کریں اور غیر مصدقہ مشوروں سے بچیں۔