سرویکس بچہ دانی کے منہ کو کہا جاتا ہے۔ جب اس پر غیر معمولی خلیوں کی افزائش ہونے لگے تو یہ سروائیکل کینسر کہلاتا ہے۔یہ بچہ دانی کے منہ یا رحم کے منہ کا کینسر ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق سروائیکل کینسر دنیا بھر میں خواتین میں پایا جانے والا چوتھا سب سے عام سرطان ہے۔2020 میں دنیا بھر میں چھ لاکھ چار ہزار خواتین اس کی شکار ہوئیں جن میں سے تین لاکھ 42ہزار جان کی بازی ہار گئیں۔ اگر بڑی عمر کی خواتین کو پیشاب کے مسائل ہو، مینو پاز کے بعد دوبارہ خون آئے اور شرم گاہ سے پیلے ،سرمئی رنگ کا بدبودارمواد کے اخراج جیسی علامات کا سامنا ہو تو ا س میں سستی نہیں کرنی چاہئے ۔ اس کے برعکس نوجوان خواتین میں دو ماہواریوں کے بیچ میں خون کا دھبہ لگنا(spotting)،سیکس کے بعدبلیڈنگ یا سپاٹنگ ہو نا اور ماہواری میں بےقاعدگی کی علامات ہوں تو معالج سے رجوع کریں۔ پیٹ کے نچلے حصے اور کمر میں انتہائی شدید اور مستقل درد بھی خطرے کی علامت ہو سکتا ہے۔اس کے علاوہ پیشاب کا مستقل اخراج بھی سروائیکل کینسر کی ایک علامت ہے۔ ضروری نہیں کہ یہ تمام علامات کینسر کی ہی ہوں لیکن اسے خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ لہٰذا بروقت تشخیص اور علاج کے لئے بلاتاخیر مستند معالج سے رابطہ کیا جائے ۔ سروائیکل کینسر کے حوالے سے ذہنوں میں ابھرنے والے سوالات کے جوابات جانئے ماہر امراض نسواں ڈاکٹر فرزانہ نور کی اس ویڈیو میں