Vinkmag ad

خواتین میں پیشاب کی بے ضابطگی

پیشاب پر کنٹرول کمزور ہونے کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ان میں سے کچھ مردوں اور خواتین میں یکساں ہیں، مثلاً مثانے کی خرابی یا اس میں کوئی رکاوٹ وغیرہ۔ اس کے برعکس کچھ وجوہات مختلف ہیں۔

خواتین میں پیشاب پر کنٹرول سیزیرین سیکشن یعنی بڑے آپریشن کے بعد بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ بہت سی خواتین اس مسئلے کو لاعلاج سمجھ کر برداشت کرتی رہتی ہیں حالانکہ یہ قابلِ علاج ہے۔

خواتین میں پیشاب روکنے کی عادت بھی ہوتی ہے جو ان کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے مثانہ درست طور پر کام کرنا چھوڑ سکتا ہے۔ اس عادت کے پیچھے نمایاں اسباب میں سکول، کالج یا کام کی جگہ پر صاف باتھ روم کی سہولت کا میسر نہ ہونا‘ سفریا دیگر مصروفیات نمایاں ہیں۔

پیشاب کرتے ہوئے درد کیوں ہوتا ہے

انفیکشن، پتھری، پیڑو (pelvis) کے مسائل، خواتین میں بچہ دانی کا کینسر یا زخم کی صورت میں پیشاب کرتے ہوئے درد ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر پیشاب میں خون آنے لگے، خصوصاً خون کے لوتھڑے آئیں تو یہ گردے یا مثانے کے کینسر کی علامت ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ انفیکشن اور پتھری بھی ہو سکتی ہے۔

خون پتلا کرنے کی دوائیں استعمال کرنے والے مریضوں کو بھی پیشاب میں خون آ سکتا ہے۔ ایسے میں معالج کی رائے لینا اشد ضروری ہو جاتا ہے لہٰذا اس میں سستی نہیں کرنی چاہئے۔

خواتین کس ڈاکٹر کے پاس جائیں

پیشاب، گردے اورمثانے سے متعلق مسائل درپیش ہوں تو پہلا سوال یہی ذہن میں آتا ہے کہ اس کے لئے کس کے پاس جائیں۔ عموماً خواتین کی تولیدی صحت سے متعلق امراض شعبہ امور نسواں یعنی گائنی میں دیکھے جاتے ہیں۔ پیشاب سے متعلق کچھ امراض مثلاً پیشاب کرتے ہوئے تکلیف اور گردے یا مثانے میں پتھری وغیرہ کے لئے یورالوجی میں آنا ضروری ہوتا ہے۔

اگر ایسا نہ کیا جائے تو مسائل ختم ہونے کے بجائے بڑھ سکتے ہیں۔ اس کے باوجود خواتین کی بڑی تعداد اس شعبے میں آنے سے ہچکچاتی ہے جس کی بڑی وجوہات میں خواتین یورالوجسٹس کی کمی، شعور نہ ہونا اور شرم و حیا کے ناقص تصورات ہیں۔ اگر خاتون ڈاکٹر موجود ہو تو اس کے پاس ضرور جانا چاہئے۔ اگر وہ نہ ہو تو پھر روایات اور کلچر کو علاج میں رکاوٹ ہرگز نہیں بننے دینا چاہئے۔

بیماری جتنی جلد پکڑی جائے، اتنا ہی بہتر ہے۔ اگر گردے میں درد اٹھے تو ٹوٹکوں پر انحصار کرنے کی بجائے ڈاکٹر سے رابطہ کریں جو الٹراساؤنڈ یا سکریننگ کا مشورہ دے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ علامات ایسی ہیں جو مریض کو تکلیف تو نہیں دیتیں مگر یہ خطرناک ہو سکتی ہیں۔ پیشاب میں خون آنا اس کی ایک مثال ہے۔

پیشاب سے متعلق کوئی بھی غیر معمولی علامت نظر انداز نہ کریں۔ یورالوجی ہی وہ شعبہ ہے جس میں نہ صرف مردوں بلکہ خواتین میں پیشاب کے امراض کا علاج کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں گردے اور مثانے کی بیماریوں کا علاج بھی کیا جاتا ہے۔ ہمارے ہاں پیشاب سے متعلق عام بیماریوں میں گردے اور مثانے کی پتھری، انفیکشنز اور کینسرز شامل ہیں۔

urinary issues in women, urinary incontinence, bladder control problems in women, female urinary issues, khawateen mai paishab k masail, female issues, women health, shifa news , health

Vinkmag ad

Read Previous

ہمیں چھینک کیوں آتی ہے

Read Next

Latest trends in cosmetic procedures

Leave a Reply

Most Popular