بال گرنے کی وجوہات
شفاانٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے ماہر امراض جلد ڈاکٹررشید چوہدری کے مطابق بال گرنے کی وجوہات درج ذیل ہیں
غذائی اجزاء کی کمی بیشی
غذاء میں پروٹین کی مقدار کم ہونے سے بچوں اور بڑوں میں بالوں کی بڑھوتری کا عمل متاثر ہو تا ہے۔ وٹامن بی کی کمی بھی اس کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ اپنی غذاء میں مچھلی، گوشت اور نشاستہ دار سبزیوں کا استعمال متواتر کیا جائے۔ خشک میوہ جات اور مگرناشپاتی بھی اس حوالے سے فائدہ مند ہیں۔
ہارمونز کا مسئلہ
بال گرنے کی ایک بڑی وجہ ہارمونز میں تبدیلی ہے۔ جسم میں جب ان کا توازن بگڑتا ہے تو اس کا اثر بالوں پر بھی ظاہر ہونے لگتا ہے۔ سن یاس اس کی ایک مثال ہے ۔ اس کے علاوہ مانع حمل ادویہ کے استعمال سے بھی ہارمونز میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور نتیجتاً بال گرنے لگتے ہیں ۔
کچھ بیماریاں
نزلہ زکام، شدید تھکاوٹ اور خون کی کمی بھی اس کی وجوہات ہیں۔تھائی رائیڈ گلینڈ کی کمی سے بھی بالوں کی بڑھوتری متاثر ہو سکتی ہے ۔پولی سسٹک اووری سنڈروم کا مسئلہ بھی بالوں کے مسائل پیدا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ سر کی جلد پر پھپھوندی یا کوئی اور انفیکشن ہونے کے باعث بھی یہ مسئلہ ہو سکتا ہے۔ خواتین میں 50 سال کی عمر کے بعد اس قسم کی پریشانی دیکھنے میں آتی ہے ۔ حمل کے دوران اور زچگی کے بعد بال گرنے کا مسئلہ تقریباً ہر عورت کو ہی درپیش ہو تا ہے جو بچے کی پیدائش کے کچھ ہی مہینوں بعد خودبخود ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ جب وزن کو جلدی کم کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں تو بھی بال گرنے لگتے ہیں ۔
بالوں کی سٹائلنگ
خواتین میں بالوں کو سکھانے یا سٹائلنگ کے لیے بلوورزاوربلو ڈرائی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔بالوں کی ساخت قدرتی طور پر ایسی ہوتی ہے کہ وہ گرمی برداشت نہیں کر سکتے اوراگر انہیں یہ مسلسل پہنچائی جاتی رہے تو وہ خراب ہو کر ٹوٹنے لگتے ہیں۔اس لیے ان چیزوں کے زیادہ استعمال سے بچنا چاہئے۔
ادویات
کچھ خاص قسم کی ادویات اور علاج مثلاً اینٹی ڈپریشن، خون پتلا کرنے کی ادویہ، سٹیرائیڈ یا کیمو تھیراپی وغیرہ بھی اس کی وجہ بن سکتے ہیں۔
ذہنی و جسمانی دباؤ
ذہنی دباؤ ہارمونز کے نظام کو غیر متوازن بنانے اور بال گرنے کی وجہ بن سکتا ہے ۔
Reasons of hair fall, pressure, medicines, diseases, hormones, nutrition deficiency
