Vinkmag ad

بالوں کی دیکھ بھال

بالوں کی دیکھ بھال

ڈاکٹر آمنہ بتول،ڈرماٹالوجسٹ ‘شفاانٹرنیشنل ہسپتال، اسلام آباد

سرکا مساج

سرکا مساج ایک سکون آور عمل ہے جس سے بالوں کی صحت پر مثبت اثر پڑتا ہے ۔ سر کے مساج کے لئے صرف انگلی کی پوروں کو استعمال کریں اور ناخنوں سے اسے بچائیں۔

شیمپو کا درست طریقہ

بالوں کو اچھی طرح سے بھگولیں‘ اس لئے کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں آپ کو بھرپورجھاگ نہیں ملے گا۔بالوں کو دھوتے وقت ان میں انگلیاں پھیرتی رہیں تاکہ یہ الجھنے سے محفوظ رہیں۔ شیمپو کو براہ راست سر میں نہ ڈالیں بلکہ اس کی تھوڑی سی مقدار ایک ہتھیلی پر لے کر دونوں ہتھیلیوں کوآپس میں رگڑیں اور پھر بالوںمیں لگائیں۔ جب جھاگ بننا شروع ہو جائے تو سر کا مساج شروع کریں۔ یہ عمل دومنٹ تک کریں۔

بال کیسے کھنگالیں

اگر بال اچھی طرح سے کھنگالے نہ جائیں تو یہ سرے سے دھلے ہوئے ہی نہ لگیں گے۔آپ بال کھنگالنے میں عام طور پر جتنا وقت لیتی ہیں‘اس سے دوتین بار زیادہ کھنگالنے سے باقی ماندہ شیمپو بھی بالوں سے نکل جاتا ہے۔اگر صابن یا شیمپو بالوں میں لگا رہ جائے توبال کمزور اور چپچپے ہوجائیں گے اور جلدہی گندے بھی ہوجائیں گے۔ایک اور ٹوٹکہ یہ ہے کہ بالوں کوآخری بارٹھنڈے پانی سے کھنگالیں۔

کنڈیشننگ کادرست طریقہ

بالوں کی ضرورت کے مطابق کنڈیشنز ہاتھ میں انڈیلیں۔ اب اسے بالوں میں اوپر سے نیچے کی طرف لگائیں اور پانچ منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔کنڈیشننگ بالوں کی حفاظت کرتی ہے لہٰذا اسے ہر طرح کے بالوں میں استعمال کرنا چاہیے۔ یہ کریم لوشن ہوتا ہے جس سے بال نرم ہوجاتے ہیں‘ اسے لگانے کے بعد کنگھا کرنے میں آسانی رہتی ہے ورنہ گیلے بالوں میں کنگھا کرنے سے بال ٹوٹتے ہیں۔ بال الجھ جائیں تو انہیں سلجھانا آسان ہوتا ہے۔ اس سے بال چمکدار‘ جاندار اور شاندار نظرآتے ہیں اورہوا سے بالوں کو بکھرنے سے روکاجاسکتا ہے۔

بال کیسے سکھائیں

اگر بالوں کو قدرتی طور پر خشک ہونے دیاجائے تو بہتر ہے۔ اگرکسی وجہ سے جلدی ہو تو گیلے بالوں میں کنگھا کرنے سے پہلے تولئے کی مدد سے تھپتھپا کر بالوں کو نتھارلیں۔اس کے بعد تولیہ بالوں پر لپیٹ لیں تاکہ وہ پانی جذب کرلے۔10 منٹ تک تولیہ لپٹا رہنے دیںجس کے بعد اسے کھولیں اور بالوں میں کنگھا کرلیں۔اس کے لئے ایسا کنگھا استعمال کریں جس کے دندانوں کے درمیان فاصلہ زیادہ ہواور جن کی نوکیں گول ہوں۔گیلے بالوں میں برش ہرگز نہ کریں۔پہلے بالوں کے آخری سرے سے کنگھا کریں اور جیسے جیسے بال سلجھتے جائیں اوپر کی طرف آتی جائیں۔

Hair care, conditioning, brushing, how to dry your hair perfectly, oiling, massage

Vinkmag ad

Read Previous

ہربل چائے کے فوائد

Read Next

بال گرنے کی وجوہات

Leave a Reply

Most Popular