Vinkmag ad

گردوں کے مسائل

گردوں کو صحت مند رکھنے اور ان کے مسائل اور بیماریوں سے متعلق ذہنوں میں ابھرنے والے سوالات کے جوابات جانئے شفا انٹرنیشنل
اسلام آباد کے ماہرامراض گردہ( نیفرالوجسٹ) ڈاکٹر دانیال حسن کے انٹرویو میں

یورالوجسٹ اور نیفرالوجسٹ میں کیا فرق ہے؟

یورالوجسٹ بنیادی طور پر سرجن ہوتے ہیں جن کا کام گردے کی ساخت سے متعلق مسائل کا حل نکالنا ہوتا ہے۔ مثلاً گردے کی شکل پیدائشی یا حادثاتی طور پر خراب ہو تو وہ اسے سرجری کے ذریعے ٹھیک کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس شعبے میں گردوں کی پیوندکاری، سرجری کے ذریعے پتھری نکالنے اور پیشاب کے امراض کا علاج کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب گردوں کے کام میں در پیش مسائل مثلاً ان کی سوزش، گردوں کا اچانک کام چھوڑ دینا اور انفیکشن کا ادویات کے ذریعے علاج کرنا نیفرالوجسٹ کے دائرہ کار میں آتا ہے۔

گردے ہمارے جسم میں کون سے اہم کام انجام دیتے ہیں؟

جسم میں موجود نقصان دہ نمکیات گردوں کے ذریعے جسم سے خارج ہوتی ہیں۔ یہ بلڈپریشر، پانی یا نمکیات کا توازن برقرار رکھنے میں مفید ہیں۔ یہ ایسے ہارمونز خارج کرتے ہیں جو خون کے خلیوں کی تشکیل اور و ٹامن ڈی بننے کے عمل میں استعمال ہوتے ہیں۔ ہم جو ادویات استعمال کرتے ہیں، وہ اپنا کام کرنے کے بعد 75 سے 80 فی صد صورتوں میں گردوں کے ذریعے جسم سے خارج ہوتی ہیں ۔اگر وہ نقصان دہ مادے وقت پر نہ نکالیں تو فرد بہت سی بیماریوں کا شکار ہوجاتا ہے۔ اس لیے گردوں میں بگاڑ بننے والی وجوہات کا علم ہونا ضروری ہے۔

پاکستان میں گردوں کے عام امراض کون سے ہیں؟

پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلڈپریشر اور شوگر ہی ایسے امراض ہیں جو سب سے زیادہ گردے کی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔اگر ہم گردوں کی بیماریوں کا ذکر کریں تو ان میں پتھری، سوزش، انفیکشن، جسم میں پانی کی شدید کمی اور کچھ موروثی امراض بھی شامل ہیں۔

گردے خراب ہونے کی عمومی وجوہات کیا ہیں؟

اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موروثی بیماریاں، گردوں کی پتھری، ان میں سوزش اور پانی کی تھیلیاں بننا شامل ہیں۔ غیرصحت بخش کھانوں کے علاوہ ایسی خوراک بھی اس کا سبب بن سکتی ہے جس میں کیلشیم،فاسفورس اور یورک ایسڈ کی مقدار زیادہ ہو۔ اس کی دیگر وجوہات میں پین کلرز، خصوصاً ان کے ٹیکوں، کولا مشروبات یا انرجی ڈرنکس کا زیادہ استعمال شامل ہیں۔ آخری دو وجوہات گردے میں پتھری کا بھی باعث بنتی ہیں۔

کن علامات کی صورت میں بلاتاخیر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے ؟

زیادہ تر صورتوں میں گردے کی بیماری کی ابتدائی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ تاہم کچھ علامات ایسی ہیں جو ظاہر ہوں تو بلاتاخیر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ان میں اچانک بلڈپریشر بڑھ جانا، چہرے یا پاؤں پر سوجن ہونا، پیشاب میں جھاگ یا خون آنا اور پیشاب کرتے وقت تکلیف ہونا شامل ہیں۔

گردے کمر کے پچھلے حصے میں موجود ہوتے ہیں۔ ان کا درد کمر سے شروع ہو کر پیٹ کی طرف آتا ہے اور آخر میں پیشاب کی نالی یا مثانے کی طرف آکر ختم ہوجاتا ہے۔ دوسری جانب اپینڈی سائٹس کا درد ناف کے گرد سے شروع ہو کر پیٹ کے دائیں اور نچلے حصے میں داخل ہوجاتا ہے

ذیابیطس اور ہائی بلڈپریشر امراض گردہ کا سبب کیونکر بنتے ہیں؟

ذیابیطس کی وجہ سے گردوں کے ناکارہ ہونے کا عمل اتنا سست ہوتا ہے کہ مریض کو بالعموم ان میں آنے والی تبدیلیوں کا علم بھی نہیں ہوتا۔ دراصل گردوں کے اندر چھوٹی چھوٹی نالیاں (Glomeruli) ہوتی ہیں جو خون سے فاضل مادے اور اضافی مائع نکال کر اس کی صفائی کرتی ہیں۔یہ خون میں موجود ایک پروٹین (Albumin)کو جسم سے خارج ہونے سے بھی روکتی ہیں۔

بعض اوقات ہائی بلڈپریشر اور گلوکوز کی زیادتی کے باعث یہ نسیں مردہ ہونا شروع ہو جاتی ہیں اور مناسب طریقے سے کام نہیں کر پاتیں۔ نتیجتاً زہریلے مادے جسم میں جمع ہوتے رہتے ہیں اور پروٹین پیشاب کے ذریعے باہر آنا شروع ہو جاتی ہے۔ جسم میں اس پروٹین کی مقدار کم ہو جائے تو ضروری مائع جات خون سے خارج ہو کرٹشوز میں منتقل ہوجاتے ہیں اور مریض کا جسم پھولنے لگتا ہے۔ یوں گردے بالآخر فیل ہوجاتے ہیں۔

گردوں کی کارکردگی جانچنے کے کون سے ٹیسٹ ہیں؟

اس کے لئے مختلف ٹیسٹ ہوتے ہیں۔ مثلاً خون کے ٹیسٹوں سے خون میں یوریا اور کریٹینن(Creatinine) کی مقدار دیکھی جاتی ہے۔ پیشاب کے نمو نے کی مدد سے اس میں پروٹین کی مقدار چیک کی جاتی ہے۔ جی ایف آر (Glomerular Filtration Rate) ٹیسٹ گردے کے کام کرنے کی صلاحیت کے بارے میں بتاتا ہے جس کی روشنی میں ڈائلیسز تجویز کیا جاتا ہے۔ الٹراساؤنڈ اور سکین سے گردوں کی ساخت،ان میں پتھری اور فعالیت کا تفصیلی جائزہ لیاجاتا ہے۔

گردے کے مریضوں کو فاسفورس والی غذائیں کھانے سے منع کیوں کیا جاتا ہے؟

فاسفورس معدنیات کی ایک قسم ہے جو جسم کے لئے ضروری ہے۔ تاہم جسم میں کیلشیم اور فاسفورس کا عدم توازن ہڈیوں کے بھر بھرا ہونے، جسم میں درد رہنے اوربار بار فریکچر ہونے جیسے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔ فاسفورس کی اضافی مقدار کو جسم سے نکالنے میں گردے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جب وہ اپنا کام مکمل طور پر انجام نہیں دے پاتے تو اضافی فاسفورس جسم سے خارج نہیں ہوپاتا۔

ڈائلیسز سے کیا مراد ہے؟

جب گردے فیل ہو جائیں تو ڈائلیسز کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس طریقہ علاج میں جسم سے فالتو پانی کے اخراج، خون سے فاسد مادوں کو باہر نکالنے اوراس میں موجود الیکٹرولائٹس کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے پیٹ میں ایک نالی لگائی جاتی ہے۔ دوسری صورت میں مشین کے ذریعے یہ عمل سر انجام دیا جاتا ہے۔

کیا گردے کا مرض موروثی ہوسکتا ہے؟

جی بالکل! گردے کی مختلف بیماریاں ہیں جو خاندانوں میں پائی جاتی ہے۔ ان میں سب سے عام پی کے ڈی Polycystic Kidney Disease ہے۔ یہ ایسی بیماری ہے جس میں گردے میں تھیلیاں بننا شروع ہوجاتی ہیں اور ان کے مکمل ناکارہ ہونے تک تھیلیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ مرض کی علامات میں بلڈ پریشر کی زیادتی، پیشاپ میں خون آنا اور گردے میں پتھری ہونا شامل ہیں۔ ایسے مریضوں میں اس کا عارضی علاج ڈائلیسز جبکہ مستقل حل گردے کی پیوندکاری ہے۔

گردے اور اپینڈکس کے درد میں فرق کیسے کریں؟

گردے کمر کے پچھلے حصے میں موجود ہوتے ہیں۔ ان کا درد کمر سے شروع ہو کر پیٹ کی طرف آتا ہے اور آخر میں پیشاب کی نالی یا مثانے کی طرف آکر ختم ہوجاتا ہے۔ دوسری جانب اپینڈی سائٹس کا درد ناف کے گرد سے شروع ہو کر پیٹ کے دائیں اور نچلے حصے میں داخل ہوجاتا ہے۔ دونوں صورتوں میں مریض کو ہسپتال لے کر آئیں تاکہ الٹراساؤنڈ اور دیگر ٹیسٹوں کی مدد سے مسئلے کی بروقت تشخیص اور علاج ہوسکے۔

گردے کو صحت مند رکھنے کے لئے اچھی عادت کون سی ہے؟

پاکستان میں گرمی کی شدت زیادہ ہونے کے باعث پسینہ بہت آتا ہے۔ بہت سے لوگ دھوپ میں محنت مزدوری کرتے ہیں۔ ایسے میں جسمانی ضرورت کے مطابق پانی نہ پینے کی وجہ سے وہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوجاتے ہیں۔ یہی پانی کی کمی ہمارے ہاں گردے کے زیادہ تر امراض کی بنیادی وجہ بھی ہے۔ اس لئے اگر آپ اپنے گردوں کو صحت مند اور فعال رکھنا چاہتے ہیں تو جسم کی ضرورت اور پیاس کے مطابق صاف پانی پینے کی عادت اپنائیں۔

,Kidney Health and Kidney Disease Basics, difference between apendix pain and kidney pain, how to keep kidneys healthy difference between urologist and nephrologist

Vinkmag ad

Read Previous

Managing life stresses can help maintain hormonal balance

Read Next

جہاز میں سفر کا خوف

Leave a Reply

Most Popular