سردیوں کی کھاﺅں کھاﺅں کا علاج
سردیوں کے موسم میں لوگوں کو صحت کے جن مسائل کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے‘ ان میں سے ایک کھانسی بھی ہے۔ یہ بے چینی اور پریشانی کا باعث بننے کے علاوہ سینے میں درد کا بھی موجب بنتی ہے۔ مشہور مقولہ ہے کہ صحت کے مسائل سے نپٹنے کا سب سے پہلا مرحلہ پرہیزہے جس کے بعد علاج بالغذاء اورآخر میں علاج بالدوا کی باری آتی ہے۔
کھانسی کی بات کریں تو باورچی خانے میں عام استعمال ہونے والی اشیاء سے بھی اس کے علاج میں مدد ملتی ہے ۔ تاہم واضح رہے کہ یہ کچھ بڑی بیماریوں کی ایک اہم علامت بھی ہے لہٰذا یہ چند ہفتوں تک برقرار رہے اور جانے کا نام نہ لے تو پھر فوراً معالج سے باقاعدہ چیک اَپ کرانا چاہئے۔
مفید ٹوٹکے
ہمدرد یونیورسٹی کراچی کی ڈاکٹر طبیبہ تسنیم قریشی کے مطابق عام کھانسی کو بھگانے میں یہ ٹِپس مددگار ثابت ہوسکتی ہیں
٭کھانے کے دو چمچ لیموں کا جوس ایک چمچ شہد میں ملائیں اورپھر چٹکی بھر کالی مرچ ڈال دیں۔ دن میں ایک یا دو دفعہ اس کے استعمال سے افاقہ ہوتا ہے۔
٭ایک کپ شہد میں رات بھرکے لئے پانچ یا چھ لونگ ڈبو کررکھ دیں۔ صبح کے وقت اس میں سے لونگ نکال دیں اورایک چائے کا چمچ شہد لے لیں۔ گلے کی سوزش اور اس میں درد کی صورت میں یہ اکسیر ہے۔
٭کِشمِش کے پانچ سے چھ دانوں اور کھانے کے ایک چمچ لیموں کے جوس کو آپس میں ملا کر کچل لیں۔ اسے دن میں ایک بار لے لینامفید ہے۔
٭چائے کے آدھے چمچ برابر پسی ہوئی ادرک کو اتنے پانی میں ملائیں جس سے ایک کپ چائے بن جائے ۔ گلے کی خرابی اور کھانسی کے لئے اس کی چائے پینا فائدہ دیتا ہے۔
٭چٹکی بھر لونگ اوردارچینی کے سفوف کو ملائیں اوراسے پانی میں ڈال کر چائے بنائیں۔ دن میں دو بار یہ چائے پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔
٭ بابوبہ ایک جڑی بوٹی ہے جس کے استعمال سے گلے کی سوزش اور کھانسی میں آرام آتا ہے۔ گلے میں بلغم اور ناک کی سوزش میں بھی یہ مفید ہے۔
٭پودینہ، دافع بلغم ہے اور سانس کے نظام سے متعلق اعضاء (نالیوں اور پھیپھڑوں) کو سکون دیتا ہے۔ اس کی چائے بنائیں اوراس میں شہد ڈال کر پئیں۔
٭سرخ توتک وٹامن سی سے بھرپور ہے جسے عہد قدیم سے گلے کو سکون دینے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔
٭زوفا پودینے کی نسل کا ایک پودا ہے۔ اس کا عرق دن میں تین دفعہ پینا شدید کھانسی میں فوری آرام دیتا ہے۔
home remedies for cough, mint leaves, cloves and cardamom, ginger tea, lemon and honey