Vinkmag ad

’’دل ‘‘ سے ملئے۔۔۔۔۔

اس بار آرگن ٹاک کے مہمان ہیں آپ کے اور میرے ’’دل‘‘۔یہ آپ کے لیے خاموشی سے کیا کچھ کرتے ہیںاور آپ ان کا خیال کیسے رکھ سکتے ہیں؟ جانئے دل جی کے ساتھ کنیز فاطمہ کے اس انٹرویو میں
السلام علیکم قارئین !کیسے ہیںآپ؟ امید ہے کہ خیریت سے ہوں گے۔ میں آپ سب کو ’’ آرگن ٹاک‘‘ میں خوش آمدید کہتی ہوں۔ جب لفظ ’’دل‘‘ بولا جاتا ہے تو ذہن میں پیار‘محبت اور اس جیسے دیگر الفاظ ابھرتے ہیں ۔ یوں یہ شاعری کااہم موضوع ہے جس پر لاتعداد اشعار، نظمیں ، غزلیںاور گیت لکھے گئے۔
دل سے جو بات نکلتی ہے،اثر رکھتی ہے
یا
شاید کہ اتر جائے ترے دل میںمیری بات
ہمارے جسم میں اس کی اہمیت کا اندازہ ان گفتگوئوں اور محاوروںسے ہوتا ہے جو ہم روزمرہ زندگی میں اکثر استعمال کرتے ہیں۔ مثلاً کہا جاتا ہے کہ ’’میرے دل میں یہ خیال آیا‘‘ یا ’’میرادل آج اداس ہے‘‘ وغیرہ وغیرہ ۔
قارئین! آپ نے محسوس کیا ہو گا کہ ڈر‘ گھبراہٹ‘ غصے اور طیش میں اکثر دلوں کی دھڑکنیں بڑھ جاتی ہیں۔ دل کی صحت کا ہماری زندگی اور صحت سے کیا تعلق ہے‘ یہ جاننے کے لئے ہم نے آج کے ’’آرگن ٹاک‘‘ میں ایک خاص مہمان کو زحمت دی ہے۔آپ کی پرجوش تالیوں کی گونج میں خوش آمدید کہنا چاہو گی آج کے مہمان ’’دل جی‘‘کو۔آیئے ملتے ہیں ان سے اور کرتے ہیں ان سے کچھ مزے مزے کی باتیں۔
٭السلام علیکم دل جی !کیسے مزاج ہیںآپ کے؟
٭٭جی، میں بالکل خیریت سے ہوں‘ خوش ہوں اور مزاج بھی بہت اچھے ہیں۔
٭ سب سے پہلے اپنا تعارف تو کروائیں؟آپ ہمارے ہیں کون؟
٭٭ میرا نام تو آپ جانتی ہی ہیں ۔میری جسامت تقریباً بند مٹھی کے برابر ہو تی ہے۔ میری رنگت سرخی مائل اوروزن اوسطاً230سے 350گرام ہے۔آپ یوں سمجھ لیں کہ میں ناشپاتی کی مانند ہوں اور پھیپھڑوں کے درمیان پایا جاتا ہوں۔
٭ سنا ہے کہ آپ بہت کام کے ہیں۔ یہ توبتائیے آپ کرتے کیا ہیں؟
٭٭میری مثال ایک پمپ کی سی ہے جو خون کی گردش کو قائم رکھتا ہے۔ میںہر منٹ میں اوسطاً 72 بار دھڑکتا ہوں اور تقریباًپانچ لٹر خون شریانوں میں دوڑاتا ہوں۔ میں اعضاء تک خون کی ترسیل کا کام شریانوں (arteries) کے ذریعے کرتا ہوں جبکہ مجھ میںخون کی واپسی وریدوں(veins) کے ذریعے ہوتی ہے۔ یہاں سے خون دوبارہ پھیپھڑوں میں داخل ہوتا ہے تاکہ وہاں سے آکسیجن لی جا سکے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کو باہر نکالا جا سکے۔ خون کی گردش کا عمل میری بدولت جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے جسم کے تمام حصوں کو ان کی مطلوبہ غذائیت اور توانائی ملتی ہے اور وہ اپنے افعال انجام دے پاتے ہیں۔
٭ارے واہ!ہمیں توپتہ ہی نہ تھاکہ آپ ہمارے لئے اتنے اہم کام کرتے ہیں۔ اب یہ بھی بتائیں کہ آپ کا خیال نہ رکھنے کی صورت میںہم کن مسائل یا بیماریوں کا شکارہوسکتے ہیں؟
٭٭ میرا خیال نہ رکھنے کی صورت میں آپ کو بہت پریشانی ہوسکتی ہے۔ میں نہ صرف بیمار ہو سکتا ہوںبلکہ مجھے دورہ بھی پڑ سکتا ہے۔ میرے بیمار ہونے کا بڑا سبب مجھے خون پہنچانے والی شریانوں کی دیواروں پر چکنائی کا جمع ہوناہے۔ چکنائی کے اجزاء کولیسٹرول اور دیگر فاسد مادوں سے مل کر بنتے ہیں اور ایتھروما (atheroma) کہلاتے ہیں۔ ان کا جمنا شریانوں کی تنگی کا باعث بنتا ہے جس سے میری طرف خون کی سپلائی میں جزوی رکاوٹ پڑتی ہے یا مکمل تعطل پیدا ہوجاتا ہے۔ یہ عمل ایتھیروسلی روسس (atherosclerosclerosis) کہلاتا ہے۔ان سے ہائی بلڈپریشر جیسی بیماریاںبھی جنم لیتی ہیں۔
٭ارے دل صاحب !یہ تو بہت خطرناک بات ہے۔اچھا یہ بتلائیے کہ دل کے دورے کی کیا علامات ہوتی ہیں؟
٭٭ہارٹ اٹیک کی کچھ خاص علامات ہیں جن سے اس کیفیت کا پتہ چلتا ہے ۔ان میں چلنے یاسیدھا لیٹنے کے دوران سانس پھولنا‘ دورانِ نیند گھٹن (suffocation) محسوس ہونا اورہڑبڑا کر جاگ اٹھنا یا سینے میں غیر معمولی اور اچانک درد محسوس ہوناشامل ہیں۔ اس کیفیت میں بعض مریض چلنے کے دوران سینے پر منوں بوجھ محسوس کرتے ہیں جو رک جانے کی صورت میں باقی نہیں رہتا۔ اس کی دیگر علامات میں بے چینی، تیز کھانسی، چکر آنا، جسم کے دیگر حصوں میں درد، متلی یا قے آنا،دل کی بے ترتیب اور تیز دھڑکن، سانس لینے میں دشواری یا سانس کا ٹوٹنا، جسم پر سوجن اور جسمانی کمزوری شامل ہیں۔
٭ اب یہ بات بھی بتائیں کہ آپ کے ا مراض کے اسباب کیا ہیں ؟
٭٭پاکستان میں اس کی بنیادی وجوہات تمباکو اور الکوحل کاا ستعمال، ہائی بلڈ پریشر، ہائی کو لیسٹرول ، بلڈ گلو کوز کی بڑھتی ہوئی شرح، موٹاپا، غیرفعال طرز زندگی، ذہنی دبائو اور غیر صحت مند کھانے ہیں۔اس کا سبب آپ کا وہ لائف سٹائل ہی ہے جس کے باعث کولیسٹرول، ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور موٹاپے جیسے مسائل جنم لے رہے ہیں۔
٭ہم اکثر لفظ انجائنا (angina ) سنتے ہیں۔ یہ کیا ہوتا ہے؟
٭٭کھانا کھانے کے بعد چلنے یا کوئی مشقت والا کام کرنے سے سینے میں درد ہو تو اسے میڈیسن کی زبان میں انجائنا (angina ) کہتے ہیں۔کچھ مریض اس کا شکار ہوئے بغیر براہ راست دل کے یعنی میرے دورے کا شکار ہوتے ہیں جبکہ کچھ پہلے انجائنا اور پھر دورے سے دوچار ہوتے ہیں۔
٭اف دل جی! اس سے آپ کو تو بہت تکلیف ہوتی ہو گی۔اچھااب ان امراض سے بچاؤ کے طریقوں سے بھی آگاہ کریں؟
٭٭جی بالکل! اس سے مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے۔درج ذیل ہدایات پر عمل اس کے امکانات کم کر دیتا ہے :
٭ اپنے بلڈپریشر اور کولیسٹرول کی سطح نارمل رکھیں۔
٭کم چکنائی والی اور زیادہ ریشہ دار غذائیں مثلاً پھل، سبزیاں اور ثابت اناج وغیرہ استعمال کریں۔
٭سیر شدہ(saturated) چکنائی والی چیزوںمثلاً چکنائی والا گوشت، مکھن، گھی، چربی، کریم، پنیر، پیزا، بسکٹ ، کیک اور ایسے کھانوں سے پرہیز کریں جن میں ناریل کا تیل یا پام آئل شامل ہو۔
٭غیر سیر شدہ چکنائی والی غذا کھائیں جن میںکم تیل میں فرائی کی گئی مچھلی،گری دار میوے، سورج مکھی ، سرسوں یازیتون کا تیل شامل ہیں۔
٭تمباکو نوشی مکمل طور پر ترک کریں۔
٭اپنے وزن کو قابو میں رکھنے کے لئے جسمانی طور پر چاق چوبند رہنے کی عادت ڈالیں۔
٭ہفتے میں پانچ دن 40منٹ کی ورزش یا واک اچھی صحت کے لئے ضروری ہے۔
٭ ایسی خوراک زیادہ کھائیں جس میں اینٹی آکسیڈنٹس مثلاً وٹامن سی اور وٹامن ای موجود ہوں ۔ ایسے کھانوں میں شملہ مرچ، خربوزہ، تربوز، مٹر، لیموں، بیری، مالٹے، چکوترے اور گوبھی اہم ہیں۔
٭ اپنے کھانوں میں لہسن کا استعمال زیادہ کریں۔ یہ نہ صرف بلڈ پریشر اور کولیسٹرول گھٹاتا ہے بلکہ خون میں چربی کی مقدار بھی کم کرتاہے۔
٭ چینی، نمک، بڑا گوشت، ڈبے والے کھانے اور تلے ہوئے کھانے ہائی بلڈپریشر کی وجہ بن سکتے ہیں۔ ان کی وجہ سے میں بھی بیمار ہوجاتا ہوں لہٰذا ان سے اجنتاب کریں ۔
٭آخر میں آپ ہمیں کیا پیغام دینا چاہیںگے؟
٭٭ اس سے پہلے کہ آپ کے جسم میں پیچید گیاں بڑھیں‘ آپ ایک صحت مند طرز زندگی کی طرف لوٹیں۔ اگر آپ مجھے صحت مندرکھنا چاہتے ہیں تو کولیسٹرول پر کنٹرول رکھنا بے حد اہم ہے کیونکہ خون میں اس کے زیادہ ہونے کا مطلب خون میں زیادہ چکنائی ہے جس کے باعث شریانوں کے بند ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔اس لئے برائہ کرم میرا خیال رکھیںتاکہ میں آپ کااچھی طرح سے خیال رکھ سکوں۔
٭بہت بہت شکریہ دل جی کہ آپ نے اتنی اچھی گفتگوکی۔آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔
قارئین کرام! امید ہے کہ آپ کوبھی اپنے دل کا انٹرویو پسند آیا ہوگا اور آپ کو اس سے کافی معلومات ملی ہوںگی۔ اگلے پروگرام میں ہم ’’گردے‘‘ کے ساتھ حاضر ہوںگے۔ اگر آپ کو بھی اپنے مہمان سے گردے کے بارے میں کچھ پوچھنا ہو تو اپنے سوالات بذریعہ خط، فون، ای میل یا فیس بک لکھ بھیجئے۔
مجھے دیں اجازت‘ اللہ نگہبان!

Vinkmag ad

Read Previous

سمارٹ کیسے بنیں

Read Next

شادی کے انتخاب میں ترجیحات: چاند سی دلہن‘خوابوں کا شہزادہ

Leave a Reply

Most Popular