Vinkmag ad

ذیابیطس میں آنکھوں اور پاؤں کی دیکھ بھال

شوگر اگر ایک دفعہ ہو جائے تو  پھر عمر بھر اس کے ساتھ نباہ کرنا پڑتا ہے۔ اگر اسے کنٹرول نہ کیا جائے تو بہت سے اعضاء متاثر ہوتے ہیں۔ ذیابیطس میں آنکھوں اور پاؤں کی دیکھ بھال کی خاص اہمیت ہے۔

ذیابیطس میں آنکھ متاثر کیوں؟

حیدر آباد کے ماہر امراض غدود ڈاکٹر عبدالفاتح کے مطابق ذیابیطس اور بینائی کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ اگر خون میں شوگر زیادہ ہو تو آنکھوں کی چھوٹی شریانیں پھٹ جاتی ہیں۔ اس سے آنکھ کے اندر خون جمع ہونے اور بینائی ضائع ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ساؤتھ سٹی ہسپتال کراچی کی ماہر امراض چشم ڈاکٹر مہناز نوید شاہ کے مطابق کچھ اور مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔ مثلاً اس سے نظرکمزور ہو سکتی ہے۔ مریضوں کو چیزیں دھندلی نظر آ سکتی ہیں۔ انہیں موتیے اور پردئہ چشم کے مسائل کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔
ذیا بیطس کے مریضوں کو چاہیے کہ سال میں ایک بار آنکھوں کا معائنہ ضرور کروائیں۔ اس میں ڈاکٹر پردئہ چشم کا جائزہ لے گا جس سے مسائل بروقت سامنے آ جائیں گے۔ منفی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے انجکشن، لیزر یا سرجری کا سہارا لیا جاتا ہے۔ تاہم ابتداء میں عموماً شوگر کنٹرول کرنے اور غذائی احتیاطوں کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

پاؤں کی دیکھ بھال کیوں اہم ہے

ذیابیطس کا منفی اثر تقریباً سارے ہی جسم پر پڑتا ہے لیکن پاؤں زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ پاؤں دل اور دماغ سے سب سے زیادہ فاصلے پر ہوتے ہیں۔ دل کی دوری کے سبب ان میں خون کی سپلائی نسبتاً کم ہوتی ہے۔ دوسری طرف اعصابی نظام کی خرابیوں کا زیادہ اثر بھی ان پر زیادہ پڑتا ہے۔
جب اعصابی نظام متاثر ہوتا ہے تو پاؤں میں حساسیت کم ہو جاتی ہے۔ اس وجہ سے شوگر کے مریضوں کو ان میں زخم یا دیگر مسائل کا احساس نہیں ہوتا۔ یوں وہ اسے نظرانداز کرتے چلے جاتے ہیں جس سے پاؤں کو نقصان پہنچتا ہے۔ اس لیے انہیں پاؤں کی حفاظت اور دیکھ بھال کا بطور خاص مشورہ دیا جاتا ہے۔

پاؤں کی دیکھ بھال کیسے کریں

فٹ سینٹر لاہور کے ماہر امراض پاؤں ڈاکٹر نثار شاہ کا کہنا ہے:
’’شوگر کے مریضوں کو اپنے پاؤں خشک رکھنے چاہئیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ نمی کے ماحول میں انفیکشن پھیلنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ انہیں چاہئے کہ اپنی جرابوں کو صاف اور خشک رکھیں۔ انہیں بدلتے رہیں تاکہ پسینے والی اور میلی جرابوں کی وجہ سے انفیکشن سے بچا جاسکے ۔ پاؤں کے ناخن کاٹتے ہوئے خصوصی احتیاط کریں۔ اگر ناخنوں کے کنارے ٹھیک طرح سے نہ کاٹے جائیں تو ان کی چبھن سے انفیکشن پھیل سکتا ہے۔ ناخنوں کو بالکل قریب سے نہیں بلکہ تھوڑا آگے سے کاٹیں تاکہ انگلیوں میں زخم نہ ہو۔ ‘‘

بداحتیاطی کے نقصانات

ان کے مطابق پاؤں کا انفیکشن اگر انگلی کی ہڈی تک پہنچ جائے تو وہ بے جان ہو سکتی ہے۔ ایسے میں اسے کاٹنا پڑ سکتا ہے تاکہ باقی پاؤں کو بچایا جا سکے۔ بعض اوقات انفیکشن پاؤں کی انگلی سے شروع ہو کر اندر ہی اندر اوپر کی طرف پھیلنا شروع ہو جاتا ہے۔ یوں بظاہر چھوٹے سے زخم کے اثرات گھٹنے یا اس سے بھی اوپر تک پھیل جاتے ہیں۔ ایسے میں زندگی کے لیے اہم اعضاء کو بچانے کے لئے پوری ٹانگ کاٹنا پڑ سکتی ہے۔

بہت سی صورتوں میں محرک(stimulus) ہمارے بس میں نہیں ہوتا تاہم ردعمل(response) ہمارے اختیار میں ہوتا ہے۔ اگر آپ کو خدانخواستہ شوگر ہو گئی ہے تو اپنی ڈائٹ کنٹرول کیجیے۔ جسمانی سرگرمیوں کو اپنے معمول میں شامل کیجیے ۔ علاوہ ازین ادویات یا انسولین کے استعمال میں بد احتیاطی نہ کیجیے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے پاؤں کی حفاظت ضرور کیجیے۔

پورشن کنٹرول کیجیے

غذائیات کے اسسٹنٹ پروفیسرعبدالمومن کہتے ہیں کہ غذاء میں پورشن کنٹرول بہت اہم ہے:
’’ آج سے تقریباً 10 سال پہلے شوگر کے مریضوں کو بتایا جاتا تھا کہ وہ چند غذائیں عمر بھر نہیں لے سکتے۔ مریضوں کو اس حوالے سے فائدہ تو ہوتا لیکن انہیں کئی بیماریاں بھی لاحق ہو جاتیں۔ اب ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ذیابیطس کے مریضوں پر کھانے کی کوئی ایسی چیز مکمل طور پر بند نہیں جو بالعموم صحت بخش ہے۔ تاہم اس کے تناسب کا خیال رکھناچاہیے۔ اسے ’’پورشن کنٹرول‘‘ کہا جاتا ہے۔ مثلاً مرض سے پہلے آپ دن میں ایک آم کھا سکتے تھے۔ مرض کے بعد اس پر پابندی نہیں تاہم آپ صرف ایک پھانک کھا سکتے ہیں۔

ذیابیطس میں آنکھوں اور پاؤں کی دیکھ بھال مناسب طریقے سے کرنا اشد ضروری ہے۔ اس کا خیال نہ رکھا جائے تو دونوں اعضاء کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

اپنے تصورات درست کیجئے

Read Next

دمے کاحملہ‘ بچیں کیسے

Leave a Reply

Most Popular