Vinkmag ad

اکھڑے ہوئے ناخن کی کیئر

بعض اوقات چوٹ لگنے، انفیکشن، جلد کی بیماری یا کسی اور وجہ کے باعث ہاتھوں یا پاؤں کے ناخن جزوی یا مکمل طور پر جلد سے الگ ہو جاتے ہیں۔ وجہ جو بھی ہو، اگر یہ اکھڑ جائیں تو دوبارہ نہیں جڑتے بلکہ ان کی جگہ نئے ناخن پیدا ہوتے ہیں۔ ہاتھوں کے ناخن تقریباً چار سے چھ ماہ جبکہ پاؤں کے 8 سے 12 ماہ میں دوبارہ پیدا ہوتے ہیں۔ اگر یہ مکمل طور پر الگ نہ ہوئے ہوں، دیکھنے میں نارمل نظر آئیں اور خون بہنا بند ہو جائے تو گھر پر ہی دیکھ بھال کی جا سکتی ہے۔ اکھڑے ہوئے ناخن کی کیئر سے متعلق اہم ہدایات یہ ہیں:

٭ ناخن کے اکھڑے ہوئے حصے یا باہر نکلے ہوئے کونوں کو کاٹ دیں۔ اس سے یہ کپڑوں یا کسی اور چیز میں اٹک کر مزید نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے صاف ناخن تراش یا قینچی استعمال کریں۔

٭ پاؤں کا ناخن اترا ہو تو لیٹتے ہوئے متاثرہ پاؤں کے نیچے تکیہ رکھیں۔ اس سے تکلیف کم ہوگی۔

٭ درد کم کرنے کے لیے ناخن کاٹنے کے بعد متاثرہ حصے کو 20 منٹ کے لیے ٹھنڈے پانی میں رکھیں۔ اس کے بعد اسے خشک کر کے پیٹرولیم جیلی لگائیں اور پٹی باندھ دیں۔

٭ انفیکشن سے بچنے کے لیے چار کپ نیم گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ نمک شامل کریں۔ پھر متاثرہ حصے کو دن میں دو سے تین مرتبہ 20 منٹ کے لیے اس میں بھگوئیں۔ یہ عمل تین دن تک جاری رکھیں۔ آخر میں پاؤں کو خشک کر کے پیٹرولیم جیلی لگائیں اور پٹی سے ڈھانپ دیں۔

٭ جس جگہ سے ناخن اکھڑا ہو، اس حصے کی جلد کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اینٹی بائیوٹک کریم لگائیں۔

٭ ناخن جزوی طور پر جلد سے الگ ہوا ہو تو جڑے ہوئے حصے کو اکھاڑنے کی کوشش نہ کریں۔

مرہم پٹی سے متعلق ہدایات

مرہم پٹی کے حوالے سے ان باتوں کا خیال رکھیں:

٭ یہ زخم کے ساتھ نہ چپکنے والی (non-stick) ہو ورنہ اسے بدلنا مشکل اور تکلیف دہ ہوگا۔

٭ اسے روزانہ تبدیل کریں۔

٭ یہ گیلی نہ ہو۔ اگر گیلی ہو جائے تو فوری طور پر اتار کر خشک پٹی لگائیں۔

٭ جب تک نیا ناخن نہیں نکلتا تب تک متاثرہ حصے کو ڈھانپ کر رکھیں۔

ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں

٭ خود ناخن کاٹنا مشکل ہو۔

٭ متاثر حصے میں انفیکشن کی علامات ظاہر ہوں جیسے سوزش، سوجن، درداور پیپ وغیرہ۔

٭ فرد مدافعتی نظام کی بیماریوں، ذیابیطس یا کسی اور پیچیدہ مرض کا شکار ہو۔ ایسی صورت میں متاثرہ حصے تک خون کی فراہمی کم ہو جاتی ہے اور درد محسوس نہیں ہوتا۔ تاہم علاج نہ کروانے سے انفیکشن، پاؤں پر السر اور دیگر مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

Osteoarthritis | Rheumatoid arthritis | Autoimmune diseases | Joint issues | Shifa News

Read Next

جگر میں چربی کیسے پیدا ہوتی ہے

Leave a Reply

Most Popular