Vinkmag ad

پاؤں پر سیاہ دھبے

پاؤں پر سیاہ دھبے

پروفیسر احسن حمید‘ ماہر امراض جلد‘ شفاانٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد

٭میں یونیورسٹی کی طالبہ ہوں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ بند جوتے اورسینڈل پہننے کی وجہ سے میرے پاؤں پرکالے دھبے بن گئے ہیں۔ میں جوتے بدل بدل کراستعمال کرتی ہوں تاکہ دھبے باقی نہ رہیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ میں نے  پاؤں پر سکرب بھی کیا لیکن اثر نہیں ہوا۔ کیا آپ میری مدد کر سکتے ہیں؟ (فائزہ خان، لالہ موسیٰ)

آپ نے دھبوں کی رنگت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں‘ اس لئے ادھوری معلومات کی بنیاد پریقین سے کچھ کہنا مشکل ہوگا۔ ایسے میں فرض کریں کہ دھبے بھورے رنگ کے تھے جو اب کالے ہورہے ہیں۔ آپ ان کا تعلق جوتوں کے ساتھ بتا رہی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ آپ کے پاؤں اورانگلیوں کی اوپروالی سطح پر ہوں گےکیونکہ جوتے سے پاؤں کی اوپری سطح اورانگلیوں کےاوپروالے جوڑوں پر رگڑ لگتی ہے۔ ان افراد میں یہ مسئلہ زیادہ ہوتا ہے جن کے جوڑ نمایاں ہوتے ہیں یا ان میں تھوڑا سا ٹیڑھا پن پایا جاتا ہے ۔

 جوتے بنانے والی کمپنیاں پاؤں کی ساخت اوراسے آرام پہنچانے سے زیادہ پاؤں کی خوبصورتی میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ جوتے چونکہ پاؤں کی شکل کے مطابق نہیں ہوتے‘ اس لئے پاؤں پھول جاتے ہیں اورجلد بھی رگڑ کھاتی ہے۔ باربار جوتے تبدیل کرنا اس کا حل نہیں۔ آپ جتنے جوتے تبدیل کریں گی‘ پاؤں پر اتنے ہی زیادہ دھبے بنیں گے۔ اس کے برعکس ایک ہی طرح کا جوتاباربا استعمال کرنے سے دھبوں میں اضافہ تو نہیں ہوگا لیکن پرانے دھبے پہلے سے زیادہ کالے اور پکے ہوجائیں گے۔ انہیں دور کرنے کے لئے زیادہ محنت کرنا پڑے گی ۔ اس لئے مندرجہ بالا دونوں حکمت عملیاں اختیار کرنا درست نہیں۔

مسئلے کا حل

 بہترین حل یہ ہے کہ ہر جوتے اورسینڈل کے ساتھ کاٹن کے موزے پہنے جائیں۔ اپنے جوتوں کو زیادہ آرام دہ بنانے کی کوشش کی جائے تاکہ یہ آپ کے پاؤں کو نہ کاٹیں اورنہ ہی رگڑ کھائیں ۔ موزے آپ کے پاؤں کی جلد کو دھوپ کے مضراثرات سے بچانے کے علاوہ کالے دھبوں سے بھی محفوظ رکھیں گے ۔

موزے موسم کے مطابق پتلے یا موٹے ہوسکتے ہیں لیکن بہتر یہ ہے کہ وہ کاٹن کے ہوں اورروزانہ تبدیل کئے جائیں۔ انہیں روزانہ صابن یاواشنگ پاؤڈر سے دھونے کی بجائے سادہ پانی سے دھوئیں۔ صابن یا پاؤڈر کپڑے کے اندررہ جاتا ہے اورپسینے کے ساتھ باہر نکل کر پاؤں کے دھبوں میں اضافہ کرتا ہے۔

skin care, dark spots on feet, solution for foot spots, spots due to shoes

Vinkmag ad

Read Previous

خالص زیتون کے تیل کی پہچان

Read Next

سانس کی الرجی: پولن‘ گرد یا پالتو جانوروں کے بال

Leave a Reply

Most Popular