Vinkmag ad

کیا آپ بھی ایکنی سے پریشان ہیں

ہماری جلد پر موجود چھوٹے چھوٹے سوراخ یعنی مسام تیل یا جلد کے مردہ خلیے جمع ہونے کی وجہ سے بند ہوجائیں تو اس کیفیت کو ایکنی کہتے ہیں۔ یہ مسئلہ کسی بھی عمر میں ہو سکتا ہے تاہم نوجوانوں میں زیادہ عام ہے اور عموماً چہرے، پیشانی، سینے،کمر کے اوپری حصے اور کندھوں پر ظاہر ہوتا ہے۔

ایکنی کی بنیادی اقسام کیا ہیں

٭ سفید اور سیاہ کیل مہاسے۔

٭چھوٹے سرخ اور نرم دانے۔

٭ سرخ اور نرم دانے جن کی نوک میں پیپ ہو ۔

٭جلد کے نیچے بڑے،سخت اور تکلیف دہ دانے۔

٭جلد کے نیچے پیپ سے بھرے تکلیف دہ دانے۔

ایکنی کا سبب کیا ہے

ایکنی عموماً ماہانہ ایام، حمل یا پھر بلوغت کے دوران ہونے والی ہارمونز کی تبدیلیوں کے باعث ہوتی ہے۔ یہ ہارمونز تیل بنانے والے غدود کو زیادہ متحرک کر دیتے ہیں۔ اس کے باعث جلد چکنی ہوجاتی ہے۔ اسی طرح جلد پر موجود بیکٹریا(جو عموماً نقصان دہ نہیں ہوتے) سوزش اور پیپ پیدا کرنے لگتے ہیں اور ہئیر فولیکلز کی اندرونی سطح موٹی ہوجاتی ہے۔ یہ جلد پر موجود وہ جگہ ہے جہاں سے بال اگتے ہیں۔ نتیجتاً مسام بند ہوجاتے ہیں۔ موروثی مسائل بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں۔

ایکنی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کچھ مخصوص کھانوں یا ذہنی تناؤ کی وجہ سے بھی ہوتی ہے۔ اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم یہ عوامل اس مسئلے کو مزید بگاڑنے کی ایک وجہ ضرور بن سکتے ہیں۔

ایکنی معمولی ہو تو اس سے کیسے نپٹیں

اگر ایکنی معمولی ہو تو اسے جلد کی دیکھ بھال اورکچھ ٹِپس کی مدد سے کم یا ختم کیا جاسکتا ہے۔یہ اس سے بچاؤ میں بھی مفید ہیں:

٭جلدکو بار بار دھونے یا زور سے رگڑ کر صاف کرنے سے گریز کریں۔

٭متاثرہ حصوں کو دن میں دو مرتبہ دھوئیں۔ اس کے لئے نیم گرم پانی اور ایسا صابن (mild soap) اورکلینزر استعمال کریں جن سے جلد پر موجود گرد اور اضافی تیل صاف ہوجائے مگر قدرتی تیل اور نمی برقرار رہے۔

٭فیشل سکرب، ماسک اورایسی مصنوعات(astringent based) استعمال نہ کریں جو جلد کو عارضی طور پر ٹائٹ کرنے، مسام کو سکیڑنے یا تیل ختم کرنے کے لئے استعمال ہوتی ہیں۔

٭تیل کے بجائے پانی کی حامل زیبائشی مصنوعات، سکن کیئر مصنوعات اورہیئر سٹائلنگ مصنوعات استعمال کریں۔

٭دانوں کو چھونے، چھیلنے یا پھوڑنے سے گریز کریں۔

٭سونے سے پہلے چہرے سے میک اَپ مکمل طور پر صاف کر لیں۔

٭سخت ورزش یا جسمانی سرگرمی کے بعد نہا لیں۔

٭چہرے کو غیر ضروری طور پر چھونے سے پرہیز کریں۔

سکن کیئر یا ایکنی سے نجات کے لئے استعمال ہونے والی مصنوعات

ان کا مقصد جلد سے بیکٹیریا یا تیل کی اضافی مقدار کو ختم کرنا، نئے خلیوں کی افزائش کے عمل کو تیز کرنا اور مردوں خلیوں کو جلد سے صاف کرنا ہے۔ کچھ مصنوعات میں یہ تمام خصوصیات ہوتی ہیں جبکہ بعض ان میں سے کچھ فوائد دیتی ہیں۔یہ جیل، کریم، کلینزنگ لوشن یا فوم کی صورت میں دستیاب ہوتی ہیں۔

ہر فرد اپنی جلد یا ایکنی کی قسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا انتخاب کر سکتا ہے۔ ابتدائی طور پر بینزوئل پر آکسائیڈ، ایڈاپلین یا پھر دونوں اجزاء کی حامل مصنوعات استعمال کریں۔ ان کے نتائج ظاہر ہونے میں دو سے تین ماہ لگ سکتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ دانے ٹھیک ہونے سے پہلے مزید خراب ہو جائیں۔ اس لئے صبر سے کام لیں۔ اگر مسئلہ شدید ہو تو ڈاکٹرسے رجوع کریں۔

acne, what causes acne, what are the types of acne, acne say kaisay bachein, mild acne ka ilaj

Vinkmag ad

Read Previous

تھکے تھکے رہنے کا سبب کہیں انیمیا تو نہیں

Read Next

خناق یا ڈپتھیریا کیسی بیماری ہے

Leave a Reply

Most Popular