Vinkmag ad

دیکھ بھال کیسے کریں میاں مٹھو

طوطا ایک دلفریب اور رنگین پرندہ ہے۔ اپنی میٹھی آواز اور دل لبھا دینے والی اداﺅں کے باعث اسے کئی ناموں سے پکارا جاتا ہے جن میں ’میاں مٹھو‘سر فہرست ہے۔ جب ہم شام کو تھکے ہارے گھر پہنچتے ہیں تو یہ اپنی سریلی سیٹی کی آواز میںیا اگر وہ بولنے والا ہو تو ہمارا نام پکار کرہمیں خوش آمدید کہتا ہے اور ہمارا موڈ بہتر کرنے کی کوشش کرتاہے۔
آئیے اس کی مختلف قسمیں ،ان کی خوراک‘ دیکھ بھال اور بیماریوں سے بچاو¿ کے بارے میں جانتے ہیں۔

افزائش نسل کا موسم
تمام پرندے اپنی نسل کی افزائش اس وقت کرتے ہیں جب دن بڑے اور راتیں چھوٹی ہونا شروع ہوتی ہیں۔ عموماً یہ سلسلہ مارچ سے ستمبر تک جاری رہتا ہے۔ طوطوں کی تمام نسلیں (parakeets) اسی عرصے میں ایک یا دو جھولیوں (clutches) یعنی جوڑوں کی شکل میں بچے دیتی ہیں۔ ان کا انڈے سے بچے نکلنے کا دورانیہ 18سے 34 دنوںپر مشتمل ہوتا ہے۔ ان میں کچھ نسلوںمثلاً آسٹریلین طوطے،پیار کے پنچھی(Love Birds) وغیرہ کو گھروں میں خوبصورتی کے لئے پالا جاتا ہے۔ اس کے برعکس برازیلین مکاو¿ (Macaws)‘افریقی گرے طوطوں(African Greys) اور کاٹھے طوطوں(Ring Rose) کومقابلوں یا تفریح کے لئے بولنا ، سیٹی بجانا یا مختلف کرتب کرنا سکھایا جاتا ہے۔

اس مقصد کے لئے عموماً طوطے کا بچہ لے کر اسے پالا جاتا ہے اور اس کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار کر اپنی مرضی اور انداز کے مطابق مختلف گر سکھائے جاتے ہیں۔ اس کے لئے دو چیزیں بہت ضروری ہیں جن میں سے پہلی اس کی تعریف کرنا یعنی شاباشی دینا اور دوسری اس کا انعام یعنی کرتب انجام دینے کے بعد اس کی مرغوب غذا سے اس کی تواضع کرنا۔

طوطے کی خوراک اور دیکھ بھال
طوطے مختلف قسم کی خوراک کھاتے ہیں جس میں بیج‘ پھل‘ بیری اور پتے شامل ہیں۔ اسے روزانہ مختلف بیجوں سے بنی ہوئی خوراک مہیا کرنی چاہئے اور پھلوں اورسبزیوں کے علاوہ سبزے کی مختلف قسمیں کھلانی چاہئیں۔گھروں میں سیب‘ تربوز اور میٹھا خربوزہ طوطوں کی پسندیدہ خوراک ہے۔ سبزیوں میں اسے کھیرا‘ ہری پھول گوبھی‘ گھیا توری‘ کدو اور لوکی بھی دینی چاہئے۔ سبزے میں طوطوں کو پالک‘ کاسنی اور اجوائن بہت پسند ہے۔کبھی کبھی ڈبل روٹی اور اناج کا ناشتہ بھی دیا جا سکتا ہے۔ انہیں آلو‘ ناشپاتی یاکھٹے پھل دینے سے پرہیز کریں۔ انہیں گھر میںبچی کھچی کھانے کی چیزیں دینے سے بھی گریز کریں‘ اس لئے کہ ان میں بعض ایسی چیزیں شامل ہوتی ہیں جو ان کے لئے نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔ سمندری جھاگ اور منرل سٹون دینے سے ان میں نمکیات کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے تاکہ ان کی صحت بحال رہے۔
طوطوں کو چست رکھنے کے لئے باجرہ،سورج مکھی کے بیج اور مکئی کا بھٹا مکمل ڈالیں تاکہ وہ انہیں خود نکال کر کھائیں۔

پسی ہوئی خوراک میں موسمی پھل یاخشک میوہ جات وغیرہ بھی دیئے جاسکتے ہیں۔
عموماً یہ بہت کم بیماری کا شکار ہوتے ہیں لیکن اگر بازار سے کوئی بیمار پرندہ لاکر ان کے ساتھ چھوڑدیا جائے تو ان میں بیماری پھیل جانے کا خدشہ بڑھ جاتاہے۔اس لئے پرندوں کو سال میں دو سے تین مرتبہ رانی کھیت کے قطرے ضرور پلائیں۔ قطرے ان کو پکڑ کر پلانے کی بجائے ان کے پینے کے پانی میں ڈال دیں ۔اس بات کو معمول بنائیں کہ صبح ان کا پانی نکال لیا جائے اور کچھ گھنٹوں کے بعد ویکسین ملا پانی رکھ دیا جائے۔ جب موسم تبدیل ہوتا ہے تو پرندے بھی مختلف طرح کے دباو¿ کا شکار ہوتے ہیں۔ اس سے بچاو¿ کے لئے بہتر ہے کہ ان کی خوراک میں طاقت کی گولیاں پیس کر دی جائیں۔

پرندے کی حرکات میں کھانے کی طرف لپکنا،پانی پینایاآپ کی بات کا جواب دینا وغیرہ شامل ہے۔ اگر وہ ایسا کرنے میں گرم جوشی کا مظاہرہ نہیں کر رہا تو یقیناً یا تو وہ بیمار ہے یا کسی وجہ سے پریشان ہے۔ اس کی تکلیف کو سمجھ کر دور کرنابہت ضروری ہے۔

ان سے انسانوں کو لگنے والی بیماریاں اور بچاو
پالتو جانوروں سے عموماً سانس اور جلد کی الرجیز ہوسکتی ہیں لہٰذا اپنی اور ان کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔انہیں کھانا ڈالنے، ان کا پانی تبدیل کرنے یاانہیں چھونے کے بعد جراثیم کش صابن سے ہاتھ لازماً دھوئیں۔ اگر آپ کی صحت پالتو جانور کی وجہ سے خراب ہوئی ہو تو یہ جاننے کی کوشش کریں کہ آپ ان کی کون سی چیز مثلاً خوراک یا خوراک اور پانی والے برتن شیئر (share ) کرتے ہیں۔
اسی طرح اس بات کا بھی لازماً اہتمام کریں کہ تین جگہ پر پالتو جانوروں کا داخلہ بالکل بند ہونا چاہئے۔ ان میں سے پہلا باورچی خانہ‘ دوسرا بیڈروم اور تیسرا غسل خانہ ہیں۔ پالتو جانوروں کی ان میں موجودگی آپ کے لئے صحت کے مسائل کھڑے کر سکتی ہے۔

طوطوں کو چھوتے یا جسم کے نزدیک کرتے وقت داستانے یا ناک کو ڈھانپنے کا اہتمام ضرور کریں۔ افزائش نسل کے اوقات میں یہ اپنے آپ کو زیادہ غیر محفوظ سمجھتے ہیں اور ہلکی سی چھیڑ چھاڑ پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہیں۔ ایسے لمحات میں انہیں پرائیویسی ضرور فراہم کریں۔ عام دنوں میں آپ جتنا زیادہ وقت ان کے ساتھ گزاریں گے‘ اتنا ہی یہ آپ سے مانوس ہوجائیں گے۔

Vinkmag ad

Read Previous

کیرامل موس

Read Next

کیلوریزکلچر اپنائیے

Most Popular