Vinkmag ad

ذیابیطس اور پورشن کنٹرول

بیماری اور غذا کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ اس میں غذا کی قسم اور مقدار، دونوں اہم ہوتی ہیں۔ ذیابیطس اور پورشن کنٹرول تو لازم و ملزوم ہیں۔ اگر پورشن کنٹرول نہ کیا جائے تو محض دوا اور واک زیادہ فائدہ نہیں دیتیں۔

میٹھا اور چاول مکمل منع نہیں

شوگر کے بہت سے مریض سمجھتے ہیں کہ انہیں میٹھا بالکل منع ہے۔ اسی طرح بعض لوگوں کو چاول کھانے سے منع کیا جاتا ہے۔ آج سے 15 یا 20 سال پہلے بہت سے ڈاکٹر ایسا ہی کہتے تھے۔ مریضوں کو خاص قسم کا ڈائٹ پلان تجویز کرتے۔  اس میں لکھا ہوتا کہ چند غذائیں وہ بالکل نہیں کھا سکتے۔ 

اس پریکٹس کا ایک نقصان تو یہ تھا کہ اس پر سختی سے عمل بہت ہی مشکل ہوتا۔ جو لوگ اس پر عمل کرتے ان کی شوگر کنٹرول ہو جاتی۔ تاہم ان میں کچھ اہم غذائی اجزاء کی کمی بھی پو جاتی۔ اس وجہ سے انہیں کئی اور بیماریاں لاحق ہو جاتیں۔ ان منفی اثرات کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے اس پر دوبارہ غور کیا۔ اب کہا جاتا ہے کہ ان پر کھانے پینے کی کوئی صحت بخش چیز مکمل طور پر بند نہیں۔ تاہم ان کے لیے اس کے تناسب کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ اسے پورشن کنٹرول کہا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر مرض سے پہلے اگر وہ روزانہ ایک آم کھاسکتا تھا تو اب پورے دن یا ہفتے میں ایک پھانک کھا سکتا ہے۔ 

کھانے کی پلیٹ کا ماڈل

شفا نیشنل ہسپتال فیصل آباد کی ماہر غذائیات عروج رؤف اس پر ایک مفید مشورہ دیتی ہیں۔ ان کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں کے لیے کھانے کی پلیٹ کا ماڈل پیش کیا جاتا ہے۔

اس کا طریقہ یہ ہے کہ ایک کھانے کی پلیٹ لیں۔ اس کے نصف حصے میں ہرے پتوں والی سبزیاں اور سلاد رکھ دیں۔ پلیٹ کا  چوتھائی حصہ ایسی غذا سے بھریں جس میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہو۔ پلیٹ کے باقی چوتھائی حصے میں ایسی غذائیں رکھیں جن میں کاربوہائیڈریٹس موجود ہوں۔ پھلوں اور دودھ سے بنی اشیاء کی تھوڑی مقدار بھی اس میں شامل کی جاسکتی ہے۔

نمک کا استعمال چائے کے آدھے سے تین چوتھائی چمچ روزانہ سے بڑھنے نہ پائے۔ چائینز نمک سے پرہیز کریں، اس لیے کہ اسے انسانی صحت کے لئے مضر پایا گیا ہے۔

انرجی لیول کم ہونے پر کولا مشروب 

دیکھا گیا ہے کہ اگر کسی کا انرجی لیول کم ہو گیا ہو تو ہنگامی طور پر اسے کولا مشروب دے دیا جاتا ہے۔ یہ رویہ درست نہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے اندر کیفین ہوتی ہے۔ یہ شوگر کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ اسی طرح ڈبہ بند مشروبات بھی ان کے شوگر لیول کو بڑھا دیں گے۔ ان کی بجائے ایک کھجور کھا لینا یا ایک چائے کا چمچ شہد ایک کپ پانی میں ملا کر پینا بہتر زیادہ ہے۔

 

Vinkmag ad

Read Previous

اومیگاتھری کیا ہے

Read Next

جوتے کا انتخاب

Leave a Reply

Most Popular