Vinkmag ad

آپ کے صفحات

یورک ایسڈ پر مضمون، بہت فائدہ ہوا
آپ کا میگزین ماشاءاللہ بہت اچھا ہے۔ اس میں پھلوں ،سبزیوں اور خاص طور پربچوں سے متعلق دی جانے والی معلومات بہت اچھی ہوتی ہےں۔ خواتین بچوں کی صحت سے متعلق زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتی ہیںاور شفا نیوز اس سلسلے میں ان کے لیے بہت معاون ثابت ہو رہا ہے۔ ”یورک ایسڈ“ کا مسئلہ ہماری فیملی میں پایا جاتا ہے۔ اس لیے اس پر شائع کیا گیامضمون ہمارے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔ اسی طرح مختلف بیماریوں پر تفصیل کے ساتھ لکھتے رہا کریں تاکہ لوگوں کو ان سے متعلق آگہی مل سکے۔
(رقیہ ،مری)
بیماریوں پر نئی معلومات دیا کریں
اس میگزین میں شائع ہونے والے تمام ہی مضامین بہت اچھے لگتے ہیںلیکن مجھے سب سے زیادہ پسند ’کیس سٹڈیز‘ ہیں۔آپ جن بیماریوں کے بارے میںلکھتے ہیں‘ان سے متعلق نئی سے نئی معلومات شائع کیا کریں تاکہ لوگوں کو اس بارے میںزیادہ سے زیادہ پتا چل سکے۔ ذیابیطس کے بارے میں ہر دو ماہ بعد ضرور لکھا کریں۔ اس کے علاوہ اچھی ڈائیٹ کے بارے میں لوگوں کو بتائیں۔ لوگ نہیں جانتے کہ انہیں ایک دن میں کتنی کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ کتنی حاصل کر رہے ہوتے ہیں۔
(امتیاز رفیع،اسلام آباد)
ممبرشپ جاری رکھوں گی
شفا نیوز کو میں تو پڑھتی ہی ہوں ‘ میرے بچے بھی اسے بہت شوق سے پڑھتے ہیں۔ اس کے مضامین بہت اچھے اور معلومات سے بھرپور ہوتے ہیں۔ میں آئندہ بھی اس کی ممبرشپ جاری رکھوں گی۔ میرے شوہر کے پیٹ پر دانے نکلے ہیں جنہیں ہرپززوسٹر(Herpes zoster)کہتے ہیں۔ اس کے بارے میں تفصیل سے بتائیں کہ یہ کیوں نکلتے ہیں اوران کیلئے کس طرح کے علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ جلد کی بیماریوں سے متعلق مضامین زیادہ شائع کیا کریں۔
(سمیعہ ندیم،لاہور)
تین ماہ سے پڑھ نہیں پائی
میںتقریباً گزشتہ تین ماہ سے شفا نیوز نہیں پڑھ پائی۔ اس لئے میں نئے شمارے کے ساتھ ساتھ پچھلے شمارے بھی ضرور پڑھوں گی ۔ مجھے اس میں کبھی کوئی کمی نظر نہیں آئی۔ میں بچوں اور خواتین کے بارے میں دیے گئے مضامین پہلے پڑھتی ہوں ۔میں چاہوں گی کہ آپ اپنے میگزین میں بچوں کی نفسیات پر زیادہ لکھیں۔ یہ بھی بتائیں کہ والدین 14سال یا اس سے بڑے بچوں کے مسائل کو کیسے سمجھ کر حل کر سکتے ہیں۔ ایسا کیا کیا جائے کہ وہ والدین سے اپنی ہر بات شیئر کریں۔
(مسز علی عثمان ، کراچی)
میگزین سعودی عرب بھجواتا ہوں
آپ کا میگزین اتنا اعلیٰ ہے کہ اس کی تعریف کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ میں اسے پڑھنے کے بعد سعودی عرب میں مقیم اپنی بیٹی کوارسال کر دیتا ہوں۔ اس کا بھی یہ پسندیدہ ترین رسالہ ہے۔ اس دفعہ انگلش سائیڈ میں وٹامنز پر دی گئی کور سٹوری بہت اچھی تھی۔ اسی طرح اردو میںہارمونز پر دیا گیا مضمون بھی بہت اچھا لگا۔
(شیخ سعید احمد،تلہ گنگ)
معلومات تلاش کرتا ہوں نہ کہ کمی
میں میڈیکل کا طالب علم ہوں‘ اس لئے یہ رسالہ میرے لیے بہت فائدہ مند ہے ۔ مجھے تواس میں کوئی کمی نظر نہیں آتی‘ شاید اس لئے کہ اسے کبھی اس نظر سے پڑھاہی نہیں کہ کمی تلاش کی جائے۔ میں اسے اس لیے پڑھتا ہوں کہ معلومات حاصل کر سکوں۔ اس کے علاوہ آپ لوگ تقریباً تمام عنوانات پر وقتاً فوقتاً لکھتے ہی رہتے ہیں۔ میڈیکل بہت وسیع میدان ہے تاہم اس رسالے میں لوگوں کی ضروریات اور مسائل کو مدِ نظر رکھ کر لکھا جاتا ہے جو بہت اچھی بات ہے۔
(ایم نعیم ،گجرانوالہ)
صحت سے غیرمتعلق اشتہارات
رسالہ بہت ہی اچھا ہے ۔میں پڑھنے کے بعداسے اپنے ہوٹل میں بھی رکھتا ہوں تاکہ باقی لوگ بھی اسے پڑھ سکیں۔ یہ صحت سے متعلق رسالہ ہے‘ اس لیے اس میں ایسے اشتہار نہ دیا کریں جو صحت سے متعلقہ نہ ہوں۔ لوگ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے نام کی وجہ سے ان پر اعتبار کربیٹھتے اور دھوکہ کھا جاتے ہیں۔ (راجہ نعیم ارشد،بھمبر)
میں نے چاہا اور ایسا ہو گیا
میں اور میری پوری فیملی اسے شوق سے پڑھتی ہے۔ میں چاہتی تھی کہ ہیپاٹائٹس پر کچھ لکھا جائے اوراگلے ہی ماہ شفا نیوز نے اس پرسٹوری شائع کر دی۔ اسے پڑھ کر بہت اچھا لگا۔بعض اوقات لوگ ہائی اور لو بلڈ پریشر میں فرق نہیں کر پاتے‘ اس لئے اس بارے میں معلومات دیں۔ اس میںتمام مضامین ہی اچھے ہوتے ہیں لیکن میں انگلش سائیڈ زیادہ شوق سے پڑھتی ہوں۔
(ارم تسلیم ،سرگودھا)
کس موسم میںکون سے وائرس
شفا نیوز اس وقت بھی میرے ہاتھ میں ہے۔ اس رسالے کی خوبی یہ ہے کہ موسموں کی تبدیلی کی صورت میں ہمیںضروری احتیاطوں کے بارے میں بروقت آگہی ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بیماریوں کے بارے میں بھی گھر بیٹھے معلومات مل جاتی ہیں۔ پھلوں اور سبزیوں کے بارے میں شائع ہونے والے مضامین بھی اچھے ہوتے ہیں۔ آپ موسم کے لحاظ سے کپڑوں کے استعمال کے بارے میں بھی بتایا کریں کہ وہ کس طرح کے ہونے چاہیں۔آج کل لوگوںکو وائرسز سے بہت خطرہ رہنے لگا ہے۔ اپنے رسالے کے ذریعے بتائیں کہ کس موسم میں کس طرح کے وائرسز ہماری صحت کو متاثر کر سکتے ہیں۔
(شاہ فیصل ، گلگت)

Vinkmag ad

Read Previous

پیدائش کے بعد پہلے 28 دن ننھے مہمان کی طبی تواضع

Read Next

یہ ڈرامہ دکھلائے گا کیا سین… اخلاقیات کے بغیر ٹیکنالوجی

Leave a Reply

Most Popular